ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر ماحولیات نے لیڈ آئی ٹی کے صنعتی ارکان اور پروجیکٹ شراکت داروں کے ساتھ تبادلۂ خیال کیا


ہندوستان موسمیاتی اقدامات کے لیے پُرعزم ہے اور لیڈ آئی ٹی جیسے اقدامات کے ذریعے کثیر ملکی تعاون پر توجہ مرکوز کر رہا ہے: جناب بھوپیندریادو

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 12 NOV 2026 5:29PM by PIB Delhi

اقوامِ متحدہ کے ماحولیاتی تبدیلی کے فریم ورک کنونشن (یو این ایف سی سی سی) کی کانفرنس آف پارٹیز (کوپ 31) میں شرکت کے پیش نظر، جو ترکیہ کے شہر انطالیہ میں منعقد ہوگی، مرکزی وزیر برائے ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی جناب بھوپیندر یادو نے آج نئی دہلی میں اسٹیل، سیمنٹ اور نقل و حمل جیسے شعبوں سے وابستہ صنعتوں کے نمائندوں اور تعلیمی و تحقیقی اداروں کے ساتھ تبادلۂ خیال کیا۔ یہ ایسے شعبے ہیں، جن میں کاربن کے اخراج کو کم کرنا نسبتاً مشکل ہے۔

اس اجلاس میں صنعتی منتقلی کے لیے قیادت گروپ (لیڈ آئی ٹی) کی ہندوستانی رکن کمپنیوں نے شرکت کی، جن میں ٹاٹا اسٹیل، جے ایس ڈبلیو اسٹیل، سیل، سنرجی ایڈوانسڈ میٹلز، اڈانی امبوجا سیمنٹ، ڈالمیا سیمنٹ، جے کے سیمنٹ، جے ایس ڈبلیو سیمنٹ، الٹرا ٹیک سیمنٹ، وولوو گروپ اور اسپائس جیٹ شامل ہیں۔ ہندوستان-سویڈن صنعتی منتقلی شراکت داری (آئی ٹی پی) کے تحت شریک پروجیکٹ شراکت داروں میں جندل اسٹیل اینڈ پاور لمیٹڈ، پرزم جانسن، ہوگیناس انڈیا اور مائی ہوم انڈسٹریز شامل تھے۔ اس کے علاوہ کم کاربن ٹیکنالوجیز پر کام کرنے والے ممتاز تحقیقی اداروں نے بھی پروجیکٹ شراکت داروں کی حیثیت سے اجلاس میں شرکت کی۔ ان اداروں میں نیشنل کونسل فار سیمنٹ اینڈ بلڈنگ میٹریلز، آئی آئی ٹی بمبئی، آئی آئی ٹی بھونیشور، آئی آئی ٹی (آئی ایس ایم) دھنباد، آئی آئی ٹی حیدرآباد اور آئی آئی ٹی کھڑگ پور شامل ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جناب یادو نے کہاکہ ‘‘ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت اور حکومتِ ہند باہمی تعاون پر مبنی موسمیاتی اقدامات کی حمایت کے لیے پُرعزم ہیں۔ لیڈ آئی ٹی 3.0 ایک ایسا پلیٹ فارم ہوگا، جو عمل درآمد پر مرکوز ہوگا اور بلند عزائم کو ٹھوس نتائج میں تبدیل کرے گا۔’’  انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موسمیاتی اقدامات کے تئیں ہندوستان کا نقطۂ نظر حکومت، صنعت اور تعلیمی و تحقیقی اداروں کے باہمی اشتراک کی قوت پر مضبوطی سے قائم ہے۔ وزیر موصوف نے موسمیاتی اقدامات کے سلسلے میں پُرعزم پالیسیوں اور پروگراموں کے ذریعے ہندوستان کی کوششوں کو بھی اجاگر کیا۔

لیڈ آئی ٹی کے صنعتی ارکان اور پروجیکٹ شراکت داروں نے اس پلیٹ فارم کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تجربات پیش کیے اور حکومت اور تعلیمی و تحقیقی اداروں کے ساتھ اشتراک کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ صنعتی ارکان نے پروجیکٹ شراکت داریاں قائم کرنے، ٹیکنالوجی کی افادیت کا جائزہ لینے اور معلومات و تجربات کے تبادلے میں اس پلیٹ فارم کی جانب سے فراہم کی جانے والی معاونت کو سراہا۔ صنعت کے نمائندوں نے مسابقت سے پہلے کے مرحلے میں منصوبوں کی تیاری، آزمائشی منصوبوں اور صلاحیت سازی کے لیے مزید تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

حکومتِ ہند اور سویڈن کی حکومت نے عالمی اقتصادی فورم کے تعاون سے 2019 میں نیویارک میں منعقدہ اقوامِ متحدہ کی موسمیاتی کارروائی سربراہ کانفرنس کے موقع پر لیڈ آئی ٹی کا آغاز کیا تھا۔ ہندوستان اور سویڈن کے وزرائے اعظم نے مئی 2026 میں لیڈ آئی ٹی کے تجدید شدہ دائرۂ کار کا اعلان کیا تھا۔ یہ سرکاری اور نجی شعبے کی شراکت داری پر مبنی ایک پہل ہے، جس کے اب 19 ممالک اور 33 کمپنیاں رکن ہیں۔ جناب یادو اور سویڈن کی وزارتِ موسمیات و صنعت کی جانب سے اس پہل کے تیسرے مرحلے، لیڈ آئی ٹی 3.0، کا آغاز 17 نومبر 2026 کو انطالیہ میں کوپ 31 کے موقع پر منعقد ہونے والی لیڈ آئی ٹی صنعتی قائدین کی گول میز کانفرنس میں کیا جائے گا۔

****

ش  ح– ا ک – ت ع

Urdu No:7554


(ریلیز آئی ڈی: 2335543) وزیٹر کاؤنٹر : 5
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी