پوسٹ کرنے کی تاریخ:
12 NOV 2026 5:25PM by PIB Delhi
سنٹرل کونسل فار ریسرچ اِن آیورویدک سائنسز (سی سی آر اے ایس) کے تحت سنٹرل آیوروید ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (سی اے آر آئی)، نئی دہلی اور دہلی یونیورسٹی نے 10 نومبر 2026 کو ایک مشترکہ منصوبے پر کام کرنے کے لیے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے۔ اس منصوبے کا عنوان ’’دہلی یونیورسٹی کے نارتھ کیمپس میں آیوروید میں استعمال ہونے والے ادویاتی اہمیت کے حامل نباتاتی تنوع کی فہرست سازی‘‘ ہے۔
اس مفاہمت کی یادداشت پر نئی دہلی کے نارتھ کیمپس میں واقع وائس چانسلر کے دفتر میں سی سی آر اے ایس کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر (وید) ربی نارائن آچاریہ اور دہلی یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر وکاس گپتا نے باضابطہ طور پر دستخط کیے۔
اس منصوبے کا مقصد دہلی یونیورسٹی کے نارتھ کیمپس کے 250 سے 300 ایکڑ پر پھیلے رقبے میں موجود ادویاتی پودوں کے تنوع کو منظم طریقے سے درج کرنا، ان کی شناخت کرنا اور ان کا تحفظ کرنا ہے۔ اس اقدام کے تحت کیمپس کے بھرپور نباتاتی ورثے کا جائزہ لیا جائے گا اور آیوروید میں بیان کردہ ادویاتی اہمیت کے حامل پودوں کی اقسام کو دستاویزی شکل دی جائے گی۔
اس منصوبے کے تحت اہم سرگرمیوں میں وسیع پیمانے پر میدانی سروے، ادویاتی پودوں کی اقسام کی شناخت اور ان کی تفصیلات کا اندراج، ہربیریم کے نمونے تیار کرنا اور کیمپس میں مختلف مقامات پر کیو آر کوڈ سے آراستہ نام کی تختیاں نصب کرنا شامل ہیں، تاکہ ادویاتی پودوں کی آسانی سے شناخت کی جا سکے اور ان کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکیں۔
اس منصوبے کے تحت نارتھ کیمپس کے ادویاتی پودوں کی تفصیلات پر مشتمل تصاویر سے مزین ایک کتاب بھی تیار کی جائے گی۔ اس کے علاوہ، سائنسی تحقیق کے نتائج کو عام کرنے کے لیے مشترکہ تحقیقی مقالے بھی شائع کیے جائیں گے۔
اس موقع پر دہلی یونیورسٹی کے ڈین برائے امورِ تعلیم پروفیسر کے رتنا بالی، کلسٹر انوویشن سینٹر (سی آئی سی)، دہلی کی ڈائریکٹر پروفیسر (ڈاکٹر) شوبھا باگئی، سی اے آر آئی، نئی دہلی کے قائم مقام ڈائریکٹر ڈاکٹر ہیمنت پنی گراہی، سی اے آر آئی، نئی دہلی کی ریسرچ آفیسر اور اس منصوبے کی پرنسپل انویسٹی گیٹر ڈاکٹر ساکشی شرما، کلسٹر انوویشن سینٹر (سی آئی سی)، دہلی یونیورسٹی کے پرنسپل انویسٹی گیٹر پروفیسر (ڈاکٹر) سریش کمار اور دہلی یونیورسٹی کے دیال سنگھ کالج کے شعبۂ کیمیا کی پروفیسر (ڈاکٹر) وندنا بھی موجود تھیں۔
یہ مشترکہ اقدام آیوروید، حیاتیاتی تنوع کے تحفظ، ادویاتی پودوں پر تحقیق اور سائنسی دستاویز بندی کے شعبوں میں ادارہ جاتی تعاون کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ توقع ہے کہ اس سے یونیورسٹی کیمپس میں موجود بیش قیمتی ادویاتی نباتات کے بارے میں بیداری پیدا کرنے اور ادویاتی پودوں کے وسائل کے تحفظ اور ان کے پائیدار استعمال کو فروغ دینے میں نمایاں مدد ملے گی۔


****
(ش ح ۔رک)
U. No.7555