پوسٹ کرنے کی تاریخ:
12 NOV 2026 4:10PM by PIB Delhi
انڈیا ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن (آئی ٹی پی او) کے زیر اہتمام 45واں انڈیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر (آئی آئی ٹی ایف) 2026، نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں 14 سے 27 نومبر 2026 تک منعقد ہوگا۔ مرکزی وزیر تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل 13 نومبر 2026 کو اس میلے کا افتتاح کریں گے اور تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔ افتتاحی تقریب میں پدم شری ایوارڈ یافتہ گرو مادھوی مدگل اور ان کا گروپ اوڈیسی رقص بھی پیش کرے گا۔
‘وکاس اور وراثت’ کے موضوع پر منعقد ہونے والے آئی آئی ٹی ایف 2026 میں ہندوستان اور بیرون ملک کے 3500 سے زائد نمائش کنندگان 17 ہالوں میں اپنی مصنوعات اور خدمات پیش کریں گے۔ اس میلے میں ایک لاکھ مربع میٹر سے زیادہ رقبے پر نمائش کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس میں 32 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے علاوہ 51 مرکزی وزارتوں، سرکاری محکموں، سرکاری شعبے کے اداروں اور سرکاری شعبے کے بینکوں کی شرکت ہوگی۔ بہار، مہاراشٹر، راجستھان اور اتر پردیش شراکت دار ریاستیں ہوں گی، جبکہ آسام، دہلی، جھارکھنڈ اور مغربی بنگال کو خصوصی توجہ کی ریاستوں کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ شرکت کرنے والی ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے اپنی علاقائی مصنوعات، مقامی صنعتوں، روایتی دست کاری، ثقافت، سیاحت کے امکانات اور ترقیاتی اقدامات کو اجاگر کریں گے۔
اس میلے میں 11 ممالک کی بین الاقوامی شرکت بھی ہوگی۔ ان ممالک کے پویلین میں تھائی لینڈ، ایران، گھانا، نیپال، افغانستان، متحدہ عرب امارات، ترکی، چین، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے نمائش کنندگان اپنی مصنوعات پیش کریں گے۔ اس سے بین الاقوامی کاروباری روابط استوار کرنے اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔
انڈیا ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن (آئی ٹی پی او) کے چیئرمین جناب جاوید اشرف نے کہا کہ آئی آئی ٹی ایف 2026 ہندوستان کی ترقی، تنوع اور ورثے کا جشن منائے گا۔ اس میلے میں نوجوانوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس مقصد کے تحت ‘ہال آف انسپیریشن’ میں تقریباً 600 نئے کاروباری اداروں (اسٹارٹ اپس) کو جگہ دی جائے گی، جبکہ ‘ایک ضلع، ایک مصنوعات’ (او ڈی او پی) پویلین میں ضلعی سطح کے دست کاری کے نمونوں، کھانوں اور ثقافت کو پیش کیا جائے گا۔
زائرین کو ہال نمبر 1 میں مختلف ممالک کے پویلین، جبکہ ہال نمبر 2 سے 5 تک شراکت دار اور خصوصی توجہ کی ریاستوں، مرکزی وزارتوں، سرکاری شعبے کے اداروں اور سرکاری شعبے کے بینکوں کے پویلین دیکھنے کو ملیں گے۔ اس کے علاوہ، ہال نمبر 8 سے 14 تک صارفین کی ضروریات سے متعلق مصنوعات کی وسیع اقسام پیش کی جائیں گی۔ ان میں الیکٹرانک اشیا، صارفین کے استعمال کی پائیدار مصنوعات، کپڑے، جوتے، باورچی خانے کے آلات، تیار شدہ غذائی اشیا، مصالحہ جات، زرعی پیداوار، دست کاری کے نمونے، گھریلو فرنیچر، آرائشی اشیا اور زیورات شامل ہوں گے۔
آئی آئی ٹی ایف 2026 میں کاروباری اداروں اور زائرین دونوں کے لیے کئی نئے تجربات متعارف کرائے جائیں گے۔ ہال نمبر 14 میں واقع ’ہال آف انسپیریشن‘ میں گہری ٹیکنالوجی، زرعی ٹیکنالوجی، ڈرون، خلائی ٹیکنالوجی، صحت اور تعلیمی ٹیکنالوجی جیسے شعبوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 600 ہندوستانی نئے کاروباری اداروں کی مصنوعات اور اختراعات پیش کی جائیں گی۔ اس سے ان نوجوان کاروباری اداروں کو اپنی شناخت قائم کرنے اور وسیع تر بازاروں سے روابط استوار کرنے کے مواقع حاصل ہوں گے۔
‘ایک ضلع، ایک مصنوعات’ (او ڈی او پی) پویلین میں 21 ریاستیں شرکت کریں گی۔ اس پویلین میں ملک بھر کے مختلف اضلاع کی نمایاں دست کاری، کھانوں، ثقافت اور مصنوعات کو پیش کیا جائے گا۔ اس کے ذریعے مقامی کاروباری سرگرمیوں، روایتی ہنرمندی اور ان مصنوعات کو تیار کرنے والے دست کاروں کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جائے گا۔
‘پلے ورس@منڈپم’ کے تحت تفریح اور تعلیم کو یکجا کرتے ہوئے ایک حقیقت نما اور باہمی تعامل پر مبنی ڈیجیٹل تجربہ پیش کیا جائے گا، جسے خاص طور پر نوجوان زائرین اور خاندانوں کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔ یہ تمام اقدامات مل کر ’وکاس اور وراثت‘ کے جذبے کی عکاسی کرتے ہیں، جس کے تحت ہندوستان کی تکنیکی ترقی، کاروباری سرگرمیوں اور روایتی خوبیوں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر پیش کیا جائے گا۔
یہاں 90 سے زائد اسٹالوں پر مشتمل عالمی معیار کا فوڈ کورٹ بھی ہوگا، جہاں ہندوستانی اور بین الاقوامی کھانوں کی مختلف اقسام دستیاب ہوں گی۔ اس میں کھانے کے معیار، حفظان صحت، صفر فضلہ پیدا کرنے کے طریقوں اور پلاسٹک کے استعمال میں کمی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
ایک بڑے تجارتی میلے کے طور پر اپنے کردار سے آگے بڑھتے ہوئے، آئی آئی ٹی ایف چھوٹی، بہت چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں (ایم ایس ایم ایز)، نئے کاروباری اداروں اور چھوٹے تاجروں کے لیے بازار تک رسائی کو مسلسل آسان بنا رہا ہے۔ اس کے ذریعے انہیں اپنی مصنوعات کی نمائش، ممکنہ خریداروں سے رابطہ قائم کرنے اور نئی منڈیوں کے امکانات تلاش کرنے کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔ آئی ٹی پی او پیرس میں منعقد ہونے والے ’ویوا ٹیک‘ اور آئندہ سنگاپور فن ٹیک فیسٹیول جیسے بین الاقوامی پلیٹ فارموں پر بھی ہندوستانی نئے کاروباری اداروں کی شرکت کو آسان بنا رہا ہے، جس سے انہیں عالمی سطح پر اپنی شناخت قائم کرنے اور اشتراک کے مواقع حاصل ہوں گے۔ اس پہل کا مقصد ملک بھر میں کاروباری سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، جس میں دوسرے اور تیسرے درجے کے شہروں میں تیزی سے فروغ پانے والے نئے کاروباری اداروں کے نظام پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔
بھارت منڈپم کے بڑھتے ہوئے حجم اور وسعت کی عکاسی کرتے ہوئے، اس مقام پر ہال نمبر 1 اور ہال نمبر 14 میں تقریباً ایک ہزار مربع میٹر رقبے پر مشتمل ایل ای ڈی میش تنصیبات لگائی جائیں گی۔ اس کے علاوہ، پورے احاطے میں تقریباً 100 ایل ای ڈی اسکرینیں نصب کرنے کا منصوبہ ہے، جن میں سے 30 سے زائد اس میلے کے دوران نصب کیے جانے کی توقع ہے۔ آئی ٹی پی او، بھارت منڈپم کو سال بھر نمائشوں، ثقافتی پروگراموں اور عوامی سرگرمیوں کے مرکز کے طور پر فروغ دینے کے لیے بھی کام کر رہا ہے۔ اس منصوبے میں تقریباً 2,000 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش پر مشتمل ایک مجوزہ ثقافتی مرکز بھی شامل ہے۔
زائرین، نمائش کنندگان، مندوبین اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے لیے آمد و رفت کو آسان اور آرام دہ بنانے کے مقصد سے آئی ٹی پی او نے میلے کے پورے احاطے میں مختلف خصوصی سہولتوں کا انتظام کیا ہے۔ صحافیوں کے لیے ایک مخصوص میڈیا لاؤنج قائم کیا جائے گا، جہاں انہیں کام کرنے کی سہولت میسر ہوگی، جبکہ اہم شخصیات اور معزز مہمانوں کی میزبانی کے لیے پروٹوکول لاؤنج بھی بنایا گیا ہے۔ دیگر انتظامات میں احاطے کے اندر آمد و رفت کے لیے معاونت، شٹل سروس، گالف کارٹس، ٹیکسیوں اور پارکنگ کے لیے مخصوص مقامات، کاروباری روابط کے لیے بی ٹو بی سہولتیں، نمائش کنندگان کی معاونت اور گمشدہ اشیا کی تلاش و حوالگی کی خدمات شامل ہیں۔
فوڈ کورٹ کی سرگرمیوں کی چوبیس گھنٹے نگرانی کی جائے گی۔ تمام اسٹالوں، بشمول ریاستوں کے زیر انتظام اسٹالوں پر، مقررہ غذائی تحفظ، صفائی ستھرائی اور کھانے پینے کی اشیا کو سنبھالنے سے متعلق معیارات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ، خاص طور پر ہال نمبر 1 میں قائم بین الاقوامی پویلینوں کی حفاظت کے لیے دہلی پولیس اور آئی ٹی پی او کے تعاون سے خصوصی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ طبی مراکز، ابتدائی طبی امداد کی سہولتوں اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے انتظامات سے بھی پورے میلے کے دوران زائرین کی حفاظت اور سہولت کو مزید یقینی بنایا جائے گا۔
نمائش کے ساتھ ساتھ سات مقامات پر 87 ثقافتی پروگرام، موسیقی کی محفلیں اور دیگر پیشکشیں ہندوستان کے ثقافتی تنوع کو اجاگر کریں گی۔ ان پروگراموں میں کلاسیکی اور لوک روایات کی جھلک پیش کی جائے گی، جن میں نامور فن کاروں کے ساتھ نوجوان اور ابھرتے ہوئے ہنر مند فن کار بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ ان پروگراموں کے اہم حصوں میں ’دی منگنیار سیڈکشن‘، ’تال فرائی‘، ہری ہرن اور پرتھوی گندھروا، شہزاد علی، سلیم–سلیمان اور نائیجیریا کے فن کاروں پر مشتمل ’روحانیت‘ شامل ہیں۔ ان پروگراموں کے ٹکٹ بک مائی شو پر دستیاب ہیں۔ اس کے علاوہ، 19 ریاستوں اور مختلف اداروں کے ثقافتی پروگراموں سے آئی آئی ٹی ایف کے داخلہ ٹکٹ کے ذریعے مفت لطف اندوز ہوا جا سکے گا۔
14 سے 18 نومبر تک کے ابتدائی پانچ دن کاروباری دن (بزنس ڈیز) ہوں گے، جو صرف کاروباری اداروں سے تعلق رکھنے والے زائرین کے لیے مخصوص رہیں گے۔ اس کے بعد 19 سے 27 نومبر تک یہ میلہ عام لوگوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔ میلے کے اوقات صبح 10 بجے سے شام 7:30 بجے تک ہوں گے، جبکہ عام زائرین کو شام 5:30 بجے تک داخلے کی اجازت ہوگی۔ داخلے کے ٹکٹ booking.indiatradefair.com ویب سائٹ بک کیے جاسکتے ہیں، آئی آئی ٹی ایف 2026 کی سرکاری موبائل ایپ یا دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) کے 55 میٹرو اسٹیشنوں پر آف لائن حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ کاروباری دنوں اور عام دنوں، دونوں کے لیے پورے میلے کے سیزن کے ٹکٹ بھی دستیاب ہیں۔ بزرگ شہریوں اور معذور افراد کو عام دنوں میں حکومت کی جانب سے جاری کردہ مستند شناختی کارڈ دکھانے پر مفت داخلے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ عام زائرین کے داخلے کے لیے بھیروں روڈ پر گیٹ نمبر 3 اور 4، جبکہ متھرا روڈ پر گیٹ نمبر 6 اور 10 مقرر کیے گئے ہیں۔
گوگل پلے اور ایپل ایپ اسٹور پر دستیاب آئی آئی ٹی ایف 2026 موبائل ایپ کے ذریعے ٹکٹوں کی بکنگ، رجسٹریشن، راستوں اور شٹل سروس کی تفصیلات کے ساتھ میلے کے احاطے کا تعاملی نقشہ، پویلین اور نمائش کنندگان کی فہرست، ثقافتی پروگراموں کا کیلنڈر اور کاروباری روابط قائم کرنے کی سہولت حاصل کی جا سکتی ہے۔ آئی ٹی پی او نے دہلی میٹرو کے ساتھ بھی تال میل قائم کیا ہے اور زائرین کی آمد و رفت کے لیے شٹل سروس، ایپ کے ذریعے بک کی جانے والی ٹیکسیوں اور آٹو رکشوں کے لیے مخصوص پک اَپ مقامات، پارکنگ، وہیل چیئر کی سہولت اور زائرین کی معاونت کے انتظامات کیے ہیں۔ اس ایپ کے ذریعے آئی ٹی پی او کے ہیلپ ڈیسک اور ایک کلک پر ہنگامی امداد (ایس او ایس) کی سہولت بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔
آئی ٹی پی او کے زیر اہتمام ہر سال منعقد ہونے والا انڈیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر ہندوستان کی اہم کثیر مصنوعات پر مشتمل تجارتی نمائشوں میں سے ایک ہے۔ اس میں ہندوستان اور بیرون ملک کے سرکاری ادارے، صنعتیں، کاروباری ادارے، نئے کاروباری ادارے، چھوٹی، بہت چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتیں (ایم ایس ایم ایز) اور دست کار ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوتے ہیں۔ اس کے ذریعے کاروباری اداروں اور صارفین کے درمیان (بی ٹو بی اور بی ٹو سی) روابط، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری نیٹ ورکنگ کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔
مزید معلومات اور تازہ ترین تفصیلات کے لیے آئی ٹی پی او کی سرکاری ویب سائٹ ملاحظہ کریں: www.itpo.gov.in/iitf
****
ش ح– ا ک – ت ع
Urdu No:7548