پوسٹ کرنے کی تاریخ:
29 JUL 2026 4:53PM by PIB Delhi
حکومت قومی ترجیحات سے ہم آہنگ مختلف اسکیموں اور اقدامات کے ذریعے تحقیق، ترقی اور اختراع کو فعال طور پر فروغ دے رہی ہے۔ گزشتہ تین برسوں کے دوران سائنس و ٹیکنالوجی کی وزارت نے تحقیق اور سائنسی اختراع کو فروغ دینے کے لیے جو اہم تحقیقی و ترقیاتی (آر اینڈ ڈی) اقدامات کیے ہیں، ان کی تفصیلات درج ذیل ہیں:
ملک میں تحقیق و ترقی کے نظام کو مزید مستحکم بنانے کے لیے محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی کے تحت انوسندھان نیشنل ریسرچ فاؤنڈیشن (اے این آر ایف) قائم کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد نجی شعبے کی شراکت داری کو بڑھانا اور قومی ترجیحات سے ہم آہنگ مختلف شعبوں پر مشتمل تحقیق کو فروغ دینا ہے۔ اے این آر ایف نے جدید ترین تحقیقی کاموں، عملی تحقیق، صلاحیت سازی اور اختراع کو فروغ دینے کے لیے تحقیق کے مالی تعاون سے متعلق کئی پروگرام شروع کیے ہیں۔ ان میں وزیر اعظم کا ابتدائی کریئر تحقیقی گرانٹ (پی ایم-ای سی آر جی)، تیز رفتار اختراع اور تحقیق کے لیے شراکت داریاں (پی اے آئی آر)، جے سی بوس گرانٹ (جے بی جی)، ایڈوانسڈ ریسرچ گرانٹ (اے آر جی)، اے آر جی میٹرکس، نیشنل پوسٹ ڈاکٹریٹ فیلوشپ (این-پی ڈی ایف)، شمولیتی تحقیقی گرانٹ (آئی آر جی)، اعلیٰ اثرات کے حامل شعبوں میں ترقی کے لیے مشن (ایم اے ایچ اے)-ای وی مشن، اے این آر ایف ٹرانسلیشنل ریسرچ اینڈ انوویشن (اے ٹی آر آئی)، سائنس اور انجینئرنگ کے لیے مصنوعی ذہانت، اہم خام مال سے متعلق تحقیقی پروگرام، اے این آر ایف کیٹالیٹک پارٹنرشپ پروگرام، ایم اے ایچ اے میڈٹیک مشن، 2ڈی انوویشن ہب، کنورجنس ریسرچ سینٹرز آف ایکسیلنس، وزیر اعظم پروفیسرشپ اور نیشنل سائنس چیئر سمیت دیگر پروگرام شامل ہیں۔
حکومت نے تحقیق اور ترقی کے شعبے میں نجی شعبے کی شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے تحقیق، ترقی اور اختراع (آر ڈی آئی) اسکیم شروع کی ہے اور اسے نافذ کیا ہے۔ اس اسکیم کے لیے چھ برسوں کے دوران مجموعی طور پر ایک لاکھ کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جس میں مالی سال 2026-27 کے لیے 20 ہزار کروڑ روپے مختص ہیں۔ آر ڈی آئی اسکیم کے تحت قومی اہمیت کے حامل ٹیکنالوجی کے کئی شعبوں کی نشاندہی کی گئی ہے، جن میں توانائی کا تحفظ، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے اقدامات، گہری ٹیکنالوجی، کوانٹم ٹیکنالوجیز، مصنوعی ذہانت، حیاتیاتی ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل زراعت اور ڈیجیٹل معیشت وغیرہ شامل ہیں۔
ملک میں سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع (ایس ٹی آئی) کے نظام کو مستحکم بنانے، تعلیمی اداروں میں جدید سہولتوں سے آراستہ تحقیقی و ترقیاتی تجربہ گاہیں قائم کرنے اور اہم شعبوں میں تحقیق کو فروغ دینے کے لیے محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی کی ‘وگیان دھارا’ اسکیم بھی نافذ کی گئی ہے۔ قومی کوانٹم مشن (این کیو ایم) بھی ایک اہم تزویراتی اقدام ہے، جس کے لیے آٹھ برسوں کے دوران مجموعی طور پر 6003.65 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس مشن کا مقصد کوانٹم ٹیکنالوجیز کے شعبے میں سائنسی اور صنعتی تحقیق و ترقی کی بنیاد رکھنا، اسے فروغ دینا اور بڑے پیمانے پر وسعت دینا، نیز ایک متحرک اور اختراعی نظام تشکیل دینا ہے۔ اس مشن کے تحت کوانٹم کمپیوٹنگ، کوانٹم مواصلات، کوانٹم سینسنگ اور کوانٹم مواد و آلات کے شعبوں میں چار موضوعاتی مراکز (ٹی ہب) قائم کیے گئے ہیں۔
بین الشعبہ جاتی سائبر فزیکل نظام کے قومی مشن (این ایم-آئی سی پی ایس) کے تحت محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی نے انٹرنیٹ آف تھنگز (آئی او ٹی) اور انٹرنیٹ آف ایوری تھنگ (آئی او ای) کے لیے ‘بھارت جن’ پہل شروع کی ہے۔ اس کا مرکز بڑے لسانی ماڈلز (ایل ایل ایم) اور تخلیقی مصنوعی ذہانت (جنریٹیو اے آئی) پر ہے، تاکہ ہندوستان کی لسانی، ثقافتی اور سماجی و اقتصادی گوناگونی کے مطابق جدید تخلیقی مصنوعی ذہانت کے ماڈل تیار کیے جا سکیں۔
حکومت نے محکمہ بایو ٹیکنالوجی کی ‘بایو ٹیکنالوجی ریسرچ، انوویشن اینڈ انٹرپرینیورشپ ڈیولپمنٹ (بایو رائیڈ)’ اسکیم شروع کی ہے، جس میں بایو مینوفیکچرنگ اور بایو فاؤنڈری کے نئے اجزا شامل کیے گئے ہیں۔ بایو رائیڈ اسکیم کا مقصد اختراع کو فروغ دینا، حیاتیاتی ٹیکنالوجی کے شعبے میں کاروباری سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرنا اور بایو مینوفیکچرنگ و بایو ٹیکنالوجی کے میدان میں ہندوستان کو عالمی سطح پر قائدانہ مقام دلانے کے لیے اس کی صلاحیت کو مستحکم کرنا ہے۔ اس کے علاوہ، اعلیٰ کارکردگی والی بایو مینوفیکچرنگ کو فروغ دینے کے لیے ’معیشت، ماحولیات اور روزگار کے لیے بایو ٹیکنالوجی (بایو ای تھری) پالیسی بھی نافذ کی گئی ہے۔
خوشبو مشن اور پھولوں کی کاشت کے مشن کے ذریعے معاشرے کے مختلف طبقات کو بااختیار بنانے کے مقصد سے سائنسی و صنعتی تحقیق کی کونسل (سی ایس آئی آر) زراعت پر مبنی صنعتوں اور دیہی روزگار کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ، سی ایس آئی آر نے ممبئی میں عالمی معیار کا اختراعی مرکز (سی ایس آئی آر-آئی سی) قائم کیا ہے، تاکہ تیار کردہ ٹیکنالوجیز اور مصنوعات کو تجربہ گاہ سے ضابطہ کار اداروں اور پھر بازار تک پہنچانے کے عمل میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے۔
حکومت نے صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان اشتراک کو فروغ دینے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔ محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی نے ٹیکنالوجی کو فروغ دینے والے مراکز (ٹی ای سی) قائم کیے ہیں، تاکہ ٹیکنالوجی کی ترقی، تخلیقی و اختراعی حقوق کا حصول، صنعت کے ساتھ اشتراک اور تحقیقی نتائج کو تجارتی مقاصد کے لیے بروئے کار لانے کے عمل کو فروغ دیا جا سکے۔ محکمہ بایو ٹیکنالوجی، بایوٹیکنالوجی انڈسٹری ریسرچ اسسٹنس کونسل (بی آئی آر اے سی) کے ذریعے ایس بی آئی آر آئی (چھوٹے کاروباروں کے لیے اختراعی تحقیقی پہل)، پی اے سی ای (تعلیمی تحقیق کو کاروباری سرگرمیوں میں تبدیل کرنے کا فروغ) اور نیشنل بایوفارما مشن (این بی ایم) جیسے پروگراموں کے ذریعے صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان اشتراک کی حمایت کرتا ہے۔
اے این آر ایف نے برقی گاڑیوں کے مشن، دو جہتی مواد کے اختراعی مرکز، میڈٹیک مشن اور سائنس و انجینئرنگ کے لیے مصنوعی ذہانت جیسے مشن پر مبنی پروگراموں کی معاونت کی ہے۔ ان پروگراموں میں صنعت کی شراکت داری لازمی قرار دی گئی ہے اور صنعت و تعلیمی اداروں کے درمیان اشتراک کو فروغ دیا گیا ہے۔ محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی کا بایومیڈیکل آلات اور ٹیکنالوجی کی ترقی کا پروگرام (بی ڈی ٹی ڈی) بھی صنعت کی فعال شراکت داری کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ اس پروگرام کے تحت تیار کردہ بایومیڈیکل ٹیکنالوجیز کو تجارتی مقاصد کے لیے صنعت کے حوالے کرنے کا تصور پیش کیا گیا ہے، جس میں صنعتی شراکت داروں کی تکنیکی اور مالی شرکت کو واضح طور پر متعین کیا گیا ہے۔
محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی کا موسمیات، توانائی اور پائیدار ٹیکنالوجی (سی ای ایس ٹی) شعبہ کاربن کو حاصل کرنے، اس کے استعمال اور ذخیرہ کرنے (سی سی یو ایس)، ہائیڈروجن ٹیکنالوجیز، توانائی کے ذخیرے، آبی ٹیکنالوجیز اور اسمارٹ گرڈز کے شعبوں میں مشترکہ پروگراموں کے ذریعے صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان اشتراک کو فروغ دیتا ہے۔
سائنسی و صنعتی تحقیق کی کونسل (سی ایس آئی آر) کی تجربہ گاہوں نے مختلف شعبوں میں اختراعی ٹیکنالوجیز کی تیاری اور سائنس پر مبنی اقدامات کے ذریعے صنعت پر مبنی تحقیق کو فروغ دیا ہے۔
محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی، اختراعات کی ترقی اور ان سے استفادہ کرنے کے قومی اقدام (ندھی) پروگرام کے تحت اختراعی اور ٹیکنالوجی پر مبنی نئے کاروباری اداروں کی نشونما اور ترقی کے لیے متعدد سرگرمیوں کی معاونت کر رہا ہے۔ محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی کے قومی کوانٹم مشن نے ہندوستان میں اختراع کو فروغ دینے اور کوانٹم ٹیکنالوجیز کی ترقی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے نئے کاروباری اداروں کے ساتھ فعال طور پر اشتراک کیا ہے۔ بین الشعبہ جاتی سائبر فزیکل نظام کے قومی مشن (این ایم-آئی سی پی ایس) کے تحت ٹیکنالوجی اختراعی مراکز (ٹی آئی ایچ) مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور مشین لرننگ (ایم ایل)، روبوٹکس، انٹرنیٹ آف تھنگز (آئی او ٹی)، سائبر سکیورٹی اور مالیاتی ٹیکنالوجی (فن ٹیک) جیسے جدید ترین شعبوں میں کام کرنے والے نئے کاروباری اداروں کو مالی امداد اور وسائل فراہم کرکے اختراع اور کاروبار کے فروغ میں معاونت کر رہے ہیں۔
محکمہ بایو ٹیکنالوجی، بایوٹیکنالوجی انڈسٹری ریسرچ اسسٹنس کونسل (بی آئی آر اے سی) کے ذریعے بایوٹیکنالوجی اگنیشن گرانٹ (بی آئی جی)، بایو نیسٹ (ٹیکنالوجیز کو وسعت دینے کے لیے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے والے بایو انکیوبیٹرز)، سیڈ (مسلسل کاروباری ترقی فنڈ)، لیپ (نئے کاروباری اداروں کو وسعت دینے کا فنڈ)، فنڈ آف فنڈز-اے سی ای پہل اور ای-یوا (قدر افزا اور اختراعی عملی تحقیق کے لیے نوجوانوں کو بااختیار بنانا) جیسی اسکیموں کے تحت نئے کاروباری اداروں کی معاونت کر رہا ہے۔
محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی کے تحت ایک قانونی ادارے کے طور پر قائم ٹیکنالوجی ڈیولپمنٹ بورڈ (ٹی ڈی بی) وسیع تر ملکی استعمال کے لیے مقامی ٹیکنالوجیز کی ترقی اور انہیں تجارتی مقاصد کے لیے بروئے کار لانے کو فروغ دیتا ہے۔ ٹی ڈی بی سیمی کنڈکٹرز، ٹیلی مواصلات، طبی آلات، زراعت، کیمیکلز اور جدید مینوفیکچرنگ سمیت مختلف شعبوں میں ٹیکنالوجی کو تجارتی سطح پر متعارف کرانے میں معاونت کرتا ہے۔
انوسندھان نیشنل ریسرچ فاؤنڈیشن (اے این آر ایف) کا قیام، تحقیق، ترقی اور اختراع (آر ڈی آئی) اسکیم کا آغاز، وگیان دھارا اسکیم، قومی کوانٹم مشن (این کیو ایم)، بایو رائیڈ، بایو مینوفیکچرنگ اور بایو فاؤنڈریز جیسے اقدامات سے سائنسی تحقیق اور ترقی کے شعبے میں سرکاری سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
یہ معلومات سائنس و ٹیکنالوجی اور ارضیاتی علوم کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) نیز وزیر اعظم کے دفتر، عملہ، عوامی شکایات و پنشن، جوہری توانائی اور خلائی امور کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج لوک سبھا میں ایک تحریری جواب میں فراہم کیں۔
****
ش ح– ا ک – ت ع
Urdu No:7542