سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ٹی ڈی بی-ڈی ایس ٹی نے خودمختار خلائی اے آئی-ای ایل آئی این ٹی سیٹلائٹ نظام کی تیاری کے لیے 64.05 کروڑ روپے کی آر ڈی آئی معاونت فراہم کرنے کی غرض سے ایسٹروم کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے


یہ منصوبہ مقامی سطح پر الیکٹرانک انٹیلی جنس، اے آئی پر مبنی زمینی ڈیٹا پراسیسنگ اور مصنوعی سیاروں کے درمیان مواصلاتی ٹیکنالوجیز کو ٹی آر ایل-9 کی سطح تک ترقی دینے میں معاون ثابت ہوگا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 12 NOV 2026 12:56PM by PIB Delhi

ہندوستان کی مقامی خلائی انٹیلی جنس اور جدید سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت کے طور پر حکومت ہند کے محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی (ڈی ایس ٹی) کے ٹیکنالوجی ڈیولپمنٹ بورڈ (ٹی ڈی بی) نے ریسرچ، ڈیولپمنٹ اینڈ انوویشن (آر ڈی آئی) فنڈ کے تحت 64.05 کروڑ روپے کی مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے بنگلورو، کرناٹک کی کمپنی میسرز ایسٹروم ٹیکنالوجیز پرائیویٹ لمیٹڈ کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ اس منصوبے کی کل لاگت 128.11 کروڑ روپے ہے اور اس کا مقصد قومی سلامتی سے متعلق امور کے لیے مصنوعی ذہانت سے آراستہ خودمختار خلائی الیکٹرانک انٹیلی جنس نظام (اے آئی-ای ایل آئی این ٹی) سیٹلائٹ نظام تیار کرنا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد اہم ٹیکنالوجیز کو ٹیکنالوجی کی تیاری کی سطح (ٹی آر ایل)-4 سے بڑھا کر ٹی آر ایل-9 تک پہنچانا ہے، جس کے لیے اختیاری طور پر قابل تبدیلی قرض یعنی اختیاری طور پر حصص میں تبدیل کیے جانے کے قابل قرض (او سی ڈی) کے ذریعے مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔

خلائی نظاموں کی تزویراتی اہمیت میں مسلسل اضافے کے پیش نظر، انٹیلی جنس معلومات کے حصول، مواصلات اور ڈیٹا کی پروسیسنگ کے لیے مقامی ٹیکنالوجیز تیار کرنے اور انہیں بروئے کار لانے کی صلاحیت پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو گئی ہے۔ خلائی سیٹلائٹ نظام وسیع جغرافیائی علاقوں پر مسلسل نگرانی فراہم کر سکتے ہیں، جبکہ مصنوعی ذہانت میں ہونے والی پیش رفت پیچیدہ ڈیٹا کی تیز تر پروسیسنگ اور تشریح کو ممکن بنا رہی ہے۔ ایسٹروم کا یہ منصوبہ ایک مربوط اے آئی-ای ایل آئی این ٹی سیٹلائٹ نظام تیار کرکے ٹیکنالوجی کی اس ابھرتی ہوئی ضرورت کو پورا کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ اس پروگرام میں ٹیکنالوجی کے تین اہم اجزا الیکٹرانک انٹیلی جنس (ای ایل آئی این ٹی) پے لوڈ، مصنوعی ذہانت پر مبنی زمینی ڈیٹا پراسیسنگ کا سافٹ ویئر اور مصنوعی سیاروں کے درمیان مواصلاتی روابط شامل ہیں۔

اس منصوبے کے تحت 50 کلوگرام وزنی زمرے کے اے آئی-ای ایل آئی این ٹی چھوٹے مصنوعی سیارے تیار کرنے اور مرحلہ وار خلا میں بھیجنے کا منصوبہ ہے، جنہیں ایک مربوط سیٹلائٹ نظام کے حصے کے طور پر کام کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ مجوزہ نظام کا مقصد نگرانی کے دائرے کو وسعت دینا اور مشاہدے کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے، تاکہ نشان زدہ اہم علاقوں پر مسلسل نظر رکھی جا سکے۔ ای ایل آئی این ٹی پے لوڈ مجوزہ نظام کا ایک اہم جزو ہے، جسے وسیع تعدد کے دائرے میں سگنلز کی شناخت اور تجزیے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ سیٹلائٹ کے آلات کے ساتھ مربوط، مصنوعی ذہانت پر مبنی زمینی ڈیٹا پراسیسنگ سافٹ ویئر کو اس طرح تیار کیا گیا ہے کہ وہ سیٹلائٹ نظام سے حاصل ہونے والی معلومات کی مؤثر پروسیسنگ اور تجزیے کو ممکن بنا سکے۔

اس منصوبے میں مصنوعی سیاروں کے درمیان مواصلاتی رابطے کی تیاری بھی شامل ہے، جو ایک سیٹلائٹ نظام کے اندر موجود مصنوعی سیاروں کو معلومات کے تبادلے اور ایک مربوط نیٹ ورک کے طور پر کام کرنے کے قابل بنانے کے لیے ایک اہم صلاحیت ہے۔ مجوزہ سیٹلائٹ نظام کا خاکہ کم زمینی مدار میں گردش کرنے والے مصنوعی سیاروں کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہے، جس کا مقصد مزید مصنوعی سیارے خلا میں بھیجے جانے کے ساتھ نگرانی کے دائرے اور کسی علاقے کا دوبارہ مشاہدہ کرنے کی صلاحیت میں بتدریج اضافہ کرنا ہے۔ اس پروگرام کے تحت بنیادی نظاموں کو ٹی آر ایل-9 کی سطح تک پہنچانے کے لیے ٹیکنالوجی کی تیاری، انجینئرنگ، انضمام، آزمائش اور توثیق سے متعلق سرگرمیاں انجام دی جائیں گی۔

یہ منصوبہ اعلیٰ درجے کی جدید ٹیکنالوجی کے شعبے کے تحت آتا ہے، جس کا ذیلی شعبہ خلائی ٹیکنالوجی ہے۔ یہ کئی جدید ترین ٹیکنالوجیز، یعنی سیٹلائٹ انجینئرنگ، الیکٹرانک انٹیلی جنس، مصنوعی ذہانت اور محفوظ خلائی مواصلات کے امتزاج کی نمائندگی کرتا ہے۔

ٹیکنالوجی ڈیولپمنٹ بورڈ کے سکریٹری جناب راجیش کمار پاٹھک نے کہاکہ ’’خلائی ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہندوستان کی بڑھتی ہوئی صلاحیتیں ایسے جدید نظام تیار کرنے کے نئے مواقع پیدا کر رہی ہیں، جو مقامی انجینئرنگ کو مصنوعی ذہانت اور نئی نسل کے مواصلاتی نظاموں کے ساتھ مربوط کرتے ہیں۔ اس نوعیت کے پیچیدہ تکنیکی نظاموں کی تیاری کے لیے مسلسل جدت، سخت جانچ اور طویل مدتی سرمایہ کاری ضروری ہے۔ آر ڈی آئی فنڈ کے ذریعے ٹی ڈی بی ان ہندوستانی اداروں کی معاونت کر رہا ہے جو ایسی جدید ترین ٹیکنالوجیز پر کام کر رہے ہیں، جن سے ملک کی تزویراتی تکنیکی صلاحیتوں کو تقویت مل سکتی ہے۔ ایسٹروم کے ساتھ یہ منصوبہ اس بات کا مظہر ہے کہ ہندوستان کا اعلیٰ ٹیکنالوجی کا نظام قومی ضروریات کے پیش نظر جدید خلائی حل تیار کرنے کی کتنی صلاحیت رکھتا ہے۔‘‘

ایسٹروم ٹیکنالوجیز کے ایک مجاز نمائندے نے کہا، ’’آر ڈی آئی فنڈ کے تحت ٹی ڈی بی کی جانب سے فراہم کی جانے والی معاونت سے ہمیں مصنوعی ذہانت سے لیس اپنے خلائی انٹیلی جنس پروگرام کے لیے اہم ٹیکنالوجیز کی تیاری اور انضمام کے عمل کو تیز کرنے میں مدد ملے گی۔ مقامی طور پر تیار کردہ ای ایل آئی این ٹی پے لوڈز، مصنوعی ذہانت پر مبنی ڈیٹا پراسیسنگ اور مصنوعی سیاروں کے درمیان مواصلاتی نظام کو یکجا کرکے ہمارا مقصد ایک مربوط سیٹلائٹ نظام کی صلاحیت تیار کرنا ہے، جو خلائی ٹیکنالوجی اور قومی سلامتی کے شعبوں میں ابھرتی ہوئی ضروریات کو پورا کر سکے۔ یہ شراکت داری ان ٹیکنالوجیز کو ٹی آر ایل-9 کی سطح تک پہنچانے کی ہماری کوششوں میں معاون ثابت ہوگی۔‘‘

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261112125801_2fc5b0.jpg

***

ش ح۔ م ع ن- ج

U.NO.7532


(ریلیز آئی ڈی: 2335359) وزیٹر کاؤنٹر : 7
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी