قبائلی امور کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

جن جاتیہ گورو پکھواڑا 2026: قبائلی ورثے کو خراجِ تحسین پیش کرنے، برادریوں کو بااختیار بنانے اور فلاحی اسکیموں کے فوائد آخری مستفیدین تک پہنچانے کی رفتار تیز کرنے کے لیے ملک گیر تقریبات


ورثے سے بااختیاری تک: جن جاتیہ گورو دیوس 2026 کے موقع پر 300 سے زائد ترقیاتی منصوبے، دو قومی ڈیجیٹل پلیٹ فارم اور اہم اقدامات کا آغاز

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 11 NOV 2026 7:45PM by PIB Delhi

قبائلی امور کی وزارت یکم سے 15 نومبر 2026 تک ملک بھر میں جن جاتیہ گورو پکھواڑا منائے گی، جس کا اختتام 15 نومبر کو دھرتی آبا بھگوان برسا منڈا کے یومِ پیدائش کے موقع پر جن جاتیہ گورو دیوس کی تقریبات کے ساتھ ہوگا۔ یہ پکھواڑا محض ایک یادگاری تقریب نہیں ہے، بلکہ ایک مخصوص اور مقررہ مدت پر مشتمل مہم ہے، جس کا مقصد وزارت کے اہم پروگراموں پر عمل درآمد کی رفتار تیز کرنا، ان کے فوائد قبائلی خاندانوں تک آخری سطح پر پہنچانا اور قبائلی برادریوں، طلبہ اور شہریوں میں سرکاری اسکیموں اور ان کے تحت حاصل ہونے والے حقوق و مراعات کے بارے میں بیداری پیدا کرنا ہے۔

حکومتِ ہند نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں 2021 میں دھرتی آبا بھگوان برسا منڈا کے یومِ پیدائش کی یاد میں 15 نومبر کو جن جاتیہ گورو دیوس کے طور پر منانے کا اعلان کیا تھا۔ یہ دن ہندوستان کی جدوجہدِ آزادی میں قبائلی ہیروز کی خدمات اور ملک کی ثقافتی، روحانی اور سماجی زندگی میں قبائلی برادریوں کے دیرپا مقام کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔ اس کے بعد سے جن جاتیہ گورو دیوس ایک ملک گیر تحریک کی شکل اختیار کر چکا ہے، جو ہندوستان کے قبائلی عوام کی ثابت قدمی اور ثقافتی تنوع کا جشن مناتی ہے اور پی ایم جن من اور دھرتی آبا جن جاتیہ گرام اُتکرش ابھیان جیسے تبدیلی لانے والے پروگراموں کو رفتار فراہم کرتی ہے۔ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران جن جاتیہ گورو دیوس کی تقریبات 2021 میں رانچی، 2022 اور 2023 میں کھونٹی، 2024 میں جمئی اور 2025 میں ڈیدیپاڑا میں منعقد کی گئیں۔

بھگوان برسا منڈا کا 150 واں یومِ پیدائش 2024-25 میں جن جاتیہ گورو ورش کے طور پر منایا گیا۔ اس دوران قومی سطح کے 28 سے زیادہ پروگرام اور دو لاکھ سے زائد سرگرمیاں منعقد کی گئیں، جن میں تین کروڑ 80 لاکھ سے زیادہ افراد نے شرکت کی۔ قبائلی برادریوں کے لیے جن جاتیہ گورو دیوس جدوجہدِ آزادی میں ان کے کردار اور ان کے علم، فن اور فطرت کے ساتھ ہم آہنگی کے اعتراف کی علامت ہے۔

رواں سال 2026 میں جن جاتیہ گورو دیوس (جے جے جی ڈی) کی تقریبات کے سلسلے میں وزارت نے پندرہ روزہ مدت کے دوران قومی سطح کے متعدد پروگراموں کا اہتمام کیا ہے۔ مجوزہ پروگراموں کی تفصیلات درج ذیل ہیں:

  1. 12 نومبر کو اکلویہ  ماڈل رہائشی اسکولوں (ای ایم آر ایس) کے تقریباً 200 طلبہ صدرِ جمہوریہ سے راشٹرپتی بھون میں ملاقات اور تبادلۂ خیال کریں گے۔
  2. قومی قبائلی ادبی میلہ 12 اور 13 نومبر کو نئی دہلی کے انڈیا ہیبی ٹیٹ سینٹر میں منعقد ہوگا، جس میں ملک بھر کے قبائلی ادباء شرکت کریں گے۔
  3. آئی آئی ٹی دہلی میں قومی ورکشاپ کا انعقاد کیا جائے گا، جس کا موضوع ہوگا: ’’آدی وانی کو قبائلی زندہ ورثے اور قومی قبائلی زبانوں کے ذخیرے کے طور پر مستحکم کرنا‘‘۔
  4. رانی درگاوتی آدیواسی مہیلا سمیلن 14 نومبر کو منعقد ہوگا، جس میں 30 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے تعلق رکھنے والی 500 قبائلی خواتین کاروباری شخصیات شرکت کریں گی۔ اس کا مقصد منڈیوں تک رسائی کے روابط کو مضبوط بنانا اور خواتین کی قیادت میں چلنے والے کاروباری اداروں کو فروغ دینا ہے۔
  5. سواستھیہ – پوشن سیوا سنگم کے تحت 15 اکتوبر سے 15 نومبر تک پی ایم جن من کے کثیرالمقاصد مراکز میں خصوصی طور پر کمزور قبائلی گروہوں (پی وی ٹی جیز) کے لیے صحت، غذائیت اور سرکاری اسکیموں سے متعلق کیمپ منعقد کیے جا رہے ہیں۔
  6. قبائلی معالجین کی صلاحیت سازی سے متعلق اجلاس حیدرآباد میں یکم اور 2 نومبر کو منعقد ہوا، جس میں 9 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 1500 روایتی معالجین کو تربیت دی گئی۔ یہ پروگرام ایک لاکھ معالجین کو تربیت فراہم کرنے اور انہیں سند جاری کرنے کے منصوبے کا حصہ ہے۔
  7. دھرتی آبا جن بھاگیداری ابھیان کے تحت آدی سیوا سمے اور آدی سیوا دن کے ذریعے قبائلی دیہات میں عوامی شرکت کو فروغ دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، 76,963 دیہات میں کام کرنے والے تقریباً 1.54 لاکھ آدی کرمیوگی رضاکاروں کو ریاستی انتظامی تربیتی اداروں کے ذریعے تربیت دی جا رہی ہے۔
  8. اسکالرشپ سے استفادے کے لیے خصوصی کیمپ 73 اضلاع میں منعقد کیے جا رہے ہیں، جہاں طلبہ کو اسکالرشپ کے لیے درخواستیں جمع کرانے اور آدھار کو منسلک کرنے کے عمل میں مدد فراہم کی جا رہی ہے۔
  9. دواکےطورپر استعمال ہونے  والے  پودوں کی 200 سے 300 اقسام کے تحفظ کا پروگرام اوڈیشہ کے کوراپٹ میں سی ایس آئی آر – این بی آر آئی کے اشتراک سے شروع کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ، جن جاتیہ گورو دیوس کے موقع پر مختلف ریاستوں میں قبائلی برادریوں کے لیے 300 سے زائد ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے، جن میں سے 228 منصوبوں کا افتتاح اور 74 منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا جائے گا۔ ان منصوبوں میں اروناچل پردیش کے ایٹانگر میں قبائلی تحقیقاتی ادارے کی نئی عمارت اور میزورم کے کیلسیہ میں روپویلیانی قبائلی مجاہدِ آزادی میوزیم بھی شامل ہیں۔

دو قومی ڈیجیٹل اقدامات کا بھی آغاز کیا جائے گا۔ آئی سی ایم آر کے اشتراک سے تیار کردہ جن ہِت (جن جاتیہ ہیلتھ انٹیلی جنس اینڈ ٹیکنالوجی) پورٹل ہندوستان کا پہلا ایسا پلیٹ فارم ہے، جس میں قبائلی گروہوں کے لحاظ سے صحت سے متعلق اعداد و شمار فراہم کیے جائیں گے۔ اس میں 20 ریاستوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ قومی ایف آر اے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے جنگلاتی حقوق قانون 2006 کے تحت جنگلاتی حقوق کے دعووں کے پورے عمل کو ایک ہی نظام پر لایا جائے گا۔ اس میں گرام سبھا میں درخواست جمع کرانے سے لے کر ڈیجیٹل دستخط شدہ حقوق کی اسناد جاری کرنے تک کے تمام مراحل شامل ہوں گے۔

مزید برآں، ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے اپنے قبائلی تحقیقاتی اداروں کے ذریعے اس پندرہ روزہ تقریبات میں حصہ لے رہے ہیں۔ ان اداروں نے 19 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں 160 سے زائد سرگرمیوں کا منصوبہ بنایا ہے، جن میں ایک لاکھ سے زیادہ افراد کی شرکت متوقع ہے۔ ان سرگرمیوں میں ثقافتی میلوں، نمائشوں اور خراجِ عقیدت پیش کرنے کی تقریبات سے لے کر اسکولوں، اکلویہ ماڈل رہائشی اسکولوں (ای ایم آر ایس) اور ہاسٹلوں میں مقابلوں کے انعقاد کے علاوہ فلاحی اور روزگار سے متعلق کیمپ بھی شامل ہیں۔ ان پروگراموں کی اہم جھلکیوں میں آندھرا پردیش میں ریاست گیر قبائلی کارنیوال، گوا میں آدیواسی کلا اینڈ کھیل سماگم، اوڈیشہ میں بھگوان برسا منڈا پویلین، شیلانگ میں قبائلی موسیقی کا میلہ اور گجرات کے احمد آباد ہاٹ میں قبائلی فنون اور دست کاری کا میلہ شامل ہیں۔ ریاستوں میں آدھار اور اسکالرشپ کیمپ، سِکل سیل کی جانچ کے کیمپ، خصوصی طور پر کمزور قبائلی گروہوں (پی وی ٹی جیز) کے لیے آیوشمان کارڈ کیمپ اور جنگلاتی حقوق سے متعلق قانونی بیداری کے کیمپ بھی منعقد کیے جائیں گے۔

وزارت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں منعقد ہونے والی تقریبات میں شرکت کرکے، مائی گو پر جن جاتیہ گورو دیوس سے متعلق کوئز میں حصہ لے کر اور عہد کرکے ، قبائلی دست کاروں کی حوصلہ افزائی کرکے اور ہیش ٹیگ  #JanjatiyaGauravDivas اور  #JJGD2026 کے ساتھ ان کی کہانیاں شیئر کرکے اس جشن میں شامل ہوں۔

 

******

ش ح۔ ف ا ۔ م ر

U-NO. 7519

 


(ریلیز آئی ڈی: 2335232) وزیٹر کاؤنٹر : 8
یہ ریلیز پڑھیں: English