پوسٹ کرنے کی تاریخ:
11 NOV 2026 7:44PM by PIB Delhi
قبائلی امور کی وزارت، جن جاتیہ گورو دیوس 2026 کی تقریبات کے سلسلے میں 12 اور 13 نومبر 2026 کو نئی دہلی کے انڈیا ہیبی ٹیٹ سینٹر کے سلور اوک میں دو روزہ قومی قبائلی ادبی میلے کا انعقاد کرے گی۔ اس میلے کا مقصد ہندوستان کی قبائلی ادبی روایات کے بھرپور اور متنوع ورثے کو اجاگر کرنے، مقامی زبانوں اور زبانی روایات کو فروغ دینے اور قبائلی ادیبوں، شاعروں، قصہ گو اور علمی ورثے کے حامل افراد کی خدمات کو تسلیم کرنے کے لیے ایک قومی پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ افتتاحی اجلاس میں مرکزی وزیر برائے قبائلی امور جناب جوئل اورام، وزیر مملکت برائے قبائلی امور جناب درگاداس اوئیکے، نیتی آیوگ کے معزز رکن ڈاکٹر جورم انیا، بھارتیہ بھاشا سمیتی کے چیئرمین جناب چامو کرشن شاستری اور قبائلی امور کی وزارت کی سکریٹری محترمہ رنجنا چوپڑا کے علاوہ دیگر سینئر افسران اور ممتاز مہمان شرکت کریں گے۔
یہ میلہ وزیر اعظم کے وکست بھارت 2047 کے وژن سے ہم آہنگ ہے۔ اس کا مقصد قبائلی برادریوں کے علم، زبانوں اور ثقافتی خدمات کو ہندوستان کی جامع، علم پر مبنی اور ثقافتی بنیادوں سے جڑی ترقی کے لیے اہم تسلیم کرنا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ان کی آواز اور ورثہ ایک ترقی یافتہ ہندوستان کی جانب ملک کے سفر کا لازمی حصہ بنے رہیں۔ اس میلے میں ملک بھر سے قبائلی ادیب، شاعر، مصنفین، محققین، ماہرینِ لسانیات، ماہرینِ تعلیم اور ثقافتی شعبے سے وابستہ افراد شرکت کریں گے اور قبائلی ادبی ورثے کے تنوع کا جشن منائیں گے۔
قبائلی ادب ہندوستان کے تہذیبی اور ثقافتی ورثے کا ایک اہم خزینہ ہے۔ یہ ادب برادریوں کی تاریخ، ان کے عملی تجربات، فطرت کے ساتھ ان کے تعلقات، روایتی ماحولیاتی علم اور اجتماعی یادداشت میں اپنی جڑیں رکھتا ہے۔ ان ادبی روایات کو زبانی قصوں، گیتوں، لوک داستانوں، قصہ گوئی اور اظہار کی مقامی صورتوں کے ذریعے نسل در نسل منتقل کیا جاتا رہا ہے۔ تاہم، کئی قبائلی زبانوں اور ان سے وابستہ ادبی روایات کو آج بھی دستاویز بندی، نسل در نسل منتقلی اور وسیع پیمانے پر اشاعت و تشہیر کے حوالے سے مختلف چیلنجوں کا سامنا ہے۔
اس بیش قیمت ورثے کے تحفظ کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے، یہ میلہ قبائلی برادریوں کی بھرپور اور متنوع ادبی روایات کا جائزہ لے گا اور زبانی روایات اور اجتماعی یادداشت سے لے کر عصر حاضر کے ادبی اظہار تک ان کے تسلسل کو اجاگر کرے گا۔ اس دوران قبائلی لوک ادب کی اہمیت پر بھی تبادلۂ خیال کیا جائے گا، جس میں مذہبی و روایتی گیت، اساطیر، لوک کہانیاں، پہیلیاں، کہاوتیں، بچوں کی روایات، موسمی قصے اور خواتین کی زبانی روایات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، اجتماعی تاریخ اور ثقافتی یادداشت کے تحفظ میں زبانی رزمیہ داستانوں اور بہادری کی روایات کے کردار پر بھی غور کیا جائے گا۔
اس میلے میں قبائلی ادب، شاعری، لوک ادب اور قصہ گوئی کے موضوعات پر خصوصی نشستیں منعقد ہوں گی، جن میں مختلف قبائلی زبانوں کی نمائندگی کرنے والے ادیب، شاعر، دانش ور اور اس شعبے سے وابستہ افراد شرکت کریں گے۔ ان نشستوں میں کثیر لسانی تعلیم، زبان اور خواندگی کے فروغ میں زبانی روایات کی خدمات کا جائزہ لیا جائے گا، جس میں ماحولیاتی علم، سماجی و اخلاقی اقدار اور ثقافتی شناخت کو نسل در نسل منتقل کرنے میں ان کے کردار پر بھی گفتگو ہوگی۔ شاعری اور کہانی خوانی کے لیے مخصوص نشستوں میں مختلف قبائلی زبانوں میں ادبی تخلیقات اور تخلیقی اظہار پیش کیے جائیں گے، جس سے قبائلی مصنفین اور شاعروں کو اپنے قصے اور تجربات وسیع تر سامعین تک پہنچانے کا موقع ملے گا۔
ان ادبی نشستوں کے ذریعے میلے کا مقصد قبائلی ادبی ورثے کی اہمیت کو مزید مستحکم کرنا، مقامی روایات اور قصوں کے تحفظ اور انہیں نسل در نسل منتقل کرنے کی حوصلہ افزائی کرنا اور ہندوستان کے ثقافتی و علمی مباحث میں قبائلی زبانوں اور ادبی اظہار کو زیادہ نمایاں مقام دلانا ہے۔
بھگوان برسا منڈا کے یومِ پیدائش کی یاد میں منائے جانے والے جن جاتیہ گورو دیوس کی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر منعقد ہونے والا قومی قبائلی ادبی میلہ ہندوستان کی قبائلی برادریوں کے شاندار ثقافتی ورثے اور ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کی کوشش ہے۔ یہ میلہ اس اہمیت کی توثیق کرتا ہے کہ قبائلی برادریوں کے ادبی اور لسانی ورثے کا تحفظ اور جشن منانا ہندوستان کی ثقافتی شناخت اور اجتماعی ورثے کا لازمی حصہ ہے۔
******
ش ح۔ ف ا ۔ م ر
U-NO. 7518