مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
11 NOV 2026 7:05PM by PIB Delhi
مرکزی وزیر مملکت برائے مواصلات و دیہی ترقی، ڈاکٹر چندر شیکھر پیماسانی نے دوحہ میں منعقدہ بین الاقوامی ٹیلی کمیونیکیشن یونین (آئی ٹی یو) کی پلینی پوٹینشری کانفرنس (پی پی - 26) میں ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی، ابھرتی ہوئی تکنالوجیوں اور سائبر سکیورٹی کے حوالے سے بھارت کا نقطہ نظر پیش کیا۔

ابھرتی ہوئی تکنالوجیوں پر ہونے والے اعلیٰ سطحی مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں تکنالوجی کو قابل رسائی اور کفایتی بنانے کے لیے بھارت کی کوششوں کو اجاگر کیا۔ دنیا بھر میں 2.2 بلین افراد کے اب بھی انٹرنیٹ سے محروم ہونے کا ذکر کرتے ہوئے، انہوں نے دیہی علاقوں تک براڈ بینڈ کنیکٹیویٹی پہنچانے کے لیے 'بھارت نیٹ' میں بھارت کی تقریباً 15 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جانب اشارہ کیا۔


انہوں نے 'سمردھ گرام مراکز' کا بھی ذکر کیا، جو کہ ڈبلیو ایس آئی ایس انعام یافتہ ہیں، اور جہاں دیہی باشندے حفظانِ صحت، زرعی مشورے، بینکنگ اور سرکاری اسناد جیسی سہولیات حاصل کر سکتے ہیں۔ ان کے خطاب میں کم خرچ مصنوعی ذہانت کمپیوٹنگ، مقامی زبانوں کے اے آئی ماڈلز، کوانٹم تحقیق اور 5جی کے استعمال پر مبنی 100 تجربہ گاہوں کے شعبوں میں بھارت کے کام کا بھی نمایاں تذکرہ شامل تھا۔ انہوں نے عالمی ٹیکنالوجی کے معیارات اور اسپیکٹرم پالیسیوں کی تشکیل میں ترقی پذیر ممالک کو زیادہ بڑا کردار دیے جانے کا مطالبہ کیا۔


کانفرنس کے شانہ بہ شانہ، ڈاکٹر پیماسانی نے ملائیشیا، ایران اور ازبکستان کے وفود سے ملاقات کی۔ اس بات چیت میں سرحد پار سائبر فراڈ، ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کی سلامتی اور کوانٹم ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون جیسے موضوعات شامل تھے۔
ڈیجیٹل فراڈ سے نمٹنے کے حوالے سے بھارت کا تجربہ شیئر کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ بینکوں کو بھیجے گئے انتباہی پیغامات سے 5,000 کروڑ روپے سے زائد کے ممکنہ مالی نقصانات کو روکنے میں مدد ملی ہے۔
انہوں نے کہا، ’’سائبر خطرات کسی سرحد کو نہیں مانتے، لہٰذا باہمی تعاون میں بھی سرحدوں کی پابندی نہیں ہونی چاہئے۔ ایک دوسرے کے بہترین طریقہ ہائے کار سے سیکھ کر ہم سب مضبوط تر بنتے ہیں۔‘‘

**********
(ش ح –ا ب ن)
U.No:7515