پوسٹ کرنے کی تاریخ:
11 NOV 2026 6:30PM by PIB Delhi
صفائی ستھرائی اور کچرے کے بندوبست کے شعبوں سے وابستہ خواتین اب تیزی سے کاروباری شخصیات، فیصلہ سازوں اور سماجی رہنماؤں کے طور پر ابھر رہی ہیں۔ ان کی یہ پیش رفت ظاہر کرتی ہے کہ ادارہ جاتی تعاون، مشینوں کے استعمال اور روزگار کے مواقع تک رسائی کس طرح ان کی سماجی و اقتصادی خودمختاری میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
تلنگانہ اور دہلی کی چھ خواتین کی حوصلہ افزا داستان اس تبدیلی کی عکاسی کرتی ہے۔ یہ خواتین روایتی پیشہ ورانہ کرداروں سے آگے بڑھ کر اپنے اور اپنی برادریوں کے لیے زیادہ محفوظ، خودمختار اور باوقار مستقبل کی تعمیر کے عزم کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔
تلنگانہ کے سریسیلا میں صفائی کے کام سے وابستہ پانچ خواتین کارکنان انوشا ریڈی، کویتا گوڑ، سواتی یادو، سری لتا نائیڈو اور مادھوی کمار (تمام نام تبدیل کر دیے گئے ہیں) نجی ٹھیکے داروں کے تحت سیپٹک ٹینکوں کی صفائی میں معاون کے طور پر کام کر رہی تھیں۔ ان میں سے ہر ایک کو ماہانہ اوسطاً تقریباً 15,000 روپے آمدنی ہوتی تھی۔ اس دوران انہیں صفائی سے متعلق ایسے سخت جسمانی مشقت والے کام انجام دینے پڑتے تھے، جن میں پیشہ ورانہ خطرات بھی شامل تھے اور ترقی کے مواقع بھی محدود تھے۔ صفائی کی خدمات کا تجربہ رکھنے کے باوجود مالی مشکلات اور وسائل تک محدود رسائی کے باعث ان کے لیے اپنا آزاد کاروبار قائم کرنا مشکل تھا۔
ان کی زندگی میں ایک اہم موڑ اس وقت آیا جب مقامی سطح پر منعقدہ قرض میلے کے دوران ان پانچوں خواتین کو سوچھتا ادیمی یوجنا (ایس یو وائی) کے بارے میں معلومات حاصل ہوئیں۔ کاروباری شخصیات بننے کے اس موقعے کو محسوس کرتے ہوئے انہوں نے اجتماعی طور پر مشینی صفائی کا کاروبار قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس اسکیم کے تحت مالی امداد حاصل کرکے انہوں نے مشینی طریقے سے گاد نکالنے والی گاڑیاں خریدیں اور سریسیلا میونسپل کارپوریشن کے تحت صفائی کی خدمات فراہم کرنا شروع کر دیں۔ یہ پیش رفت صفائی کے کام میں معاون کارکنان کی حیثیت سے کام کرنے سے آگے بڑھ کر مشینی صفائی کے کاموں کی اجتماعی مالک اور منتظم بننے کی جانب ایک اہم تبدیلی تھی۔
مشینوں کے استعمال کے ذریعے ان خواتین نے صفائی کے زیادہ محفوظ اور مؤثر طریقے اختیار کیے اور خطرناک دستی صفائی کے طریقوں پر اپنا انحصار کم کیا۔ ان کی ذمہ داریوں میں مشینی گاڑیاں چلانا، گاد نکالنے کی خدمات میں تال میل قائم کرنا اور اپنے کاروبار کا انتظام سنبھالنا شامل ہو گیا۔ اس اقدام نے ان کی معاشی خودمختاری کو مضبوط کیا، پیشہ ورانہ اعتماد میں اضافہ کیا اور انہیں اپنے روزگار کے معاملات پر زیادہ اختیار حاصل کرنے کے قابل بنایا۔
آج انوشا، کویتا، سواتی، سری لتا اور مادھوی صفائی کی بہتر خدمات کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں اور اس شعبے میں خواتین کی قیادت میں چلنے والے کاروباری اداروں کے امکانات کو بھی اجاگر کر رہی ہیں۔
بااختیاری اور قیادت کا ایسا ہی ایک سفر دہلی کے سیماپوری علاقے میں بھی دیکھنے کو ملتا ہے، جہاں انیتا (نام تبدیل کر دیا گیا ہے) کی زندگی اس کی مثال ہے۔ انیتا کا تعلق اصل میں اترپردیش کے پریاگ راج سے ہے۔ شادی کے بعد دہلی منتقل ہونے پر انہوں نے اپنے شوہر کے ساتھ کچرا چننے اور اسے الگ الگ کرنے کا کام شروع کیا، تاکہ خاندان کی کفالت میں مدد کر سکیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ انہیں کچرے کے انتظام سے متعلق کاموں کا تجربہ حاصل ہوا اور انہوں نے کباڑ کی ایک چھوٹی سی دکان بھی شروع کر دی، جس سے ان کے خاندان کے مالی استحکام میں مدد ملی۔
سماجی قیادت کی جانب ان کا سفر اس وقت شروع ہوا جب ایک وسائل فراہم کرنے والی تنظیم نے انہیں متحرک کیا اور وہ ایک خود امدادی گروپ (ایس ایچ جی) سے وابستہ ہو گئیں۔ اجتماعی ترقی کے لیے سرگرم شرکت اور عزم کے باعث وہ بتدریج سماجی رہنما کے طور پر ابھریں اور خود امدادی گروپ کی صدر منتخب ہوئیں۔ ان کی قائدانہ صلاحیتوں اور تجربے کو دیکھتے ہوئے بعد ازاں ایک مقامی غیر سرکاری تنظیم نے انہیں خود امدادی گروپ کی سینئر رابطہ کار اور سماجی رابطہ کار کی حیثیت سے ذمہ داری سونپی۔ اس طرح انہیں دوسری خواتین اور کچرا چننے والے افراد کو معلومات، وسائل اور ادارہ جاتی امداد تک رسائی حاصل کرنے میں مدد فراہم کرنے کا موقع ملا۔

قومی مشینی صفائی نظام (نمستے) اسکیم سے انیتا کی وابستگی نے انہیں کام کے زیادہ محفوظ حالات اور سماجی و اقتصادی تحفظ کی جانب آگے بڑھنے میں مزید مدد فراہم کی۔ اس اسکیم کے تحت انہیں پیشہ ورانہ تحفظ کی تربیت، ذاتی حفاظتی سازوسامان (پی پی ای) اور آیوشمان کارڈ فراہم کیا گیا، جس سے انہیں کام کے محفوظ طریقے اپنانے اور صحت سے متعلق سہولتوں سے فائدہ اٹھانے میں مدد ملی۔ غیر سرکاری تنظیم کے ساتھ وابستگی کی بدولت انہیں کچرا چننے کے کام کو جاری رکھتے ہوئے ماہانہ 10,000 روپے کی اضافی آمدنی بھی حاصل ہونے لگی، جس سے ان کے خاندان کا مالی استحکام مزید مضبوط ہوا۔
اپنے ذاتی تجربات کی بنیاد پر انیتا اب کچرا چننے والے افراد کو متحرک کرنے، سماجی گروپوں کو مضبوط بنانے اور نمستے اسکیم کے بارے میں بیداری پھیلانے میں سرگرم کردار ادا کر رہی ہیں۔ وہ اپنے ساتھی کارکنوں کو رجسٹریشن کے طریقۂ کار، پیشہ ورانہ تحفظ کے اقدامات اور حکومت کی جانب سے دستیاب سہولتوں کے بارے میں آگاہ کرتی ہیں اور انہیں باقاعدہ امدادی نظام سے جوڑنے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔ کچرا چننے والی ایک کارکن سے خود امدادی گروپ کی صدر اور سماجی رابطہ کار بننے تک ان کا سفر اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ مواقع تک رسائی، اجتماعی شرکت اور ادارہ جاتی سطح پر اعتراف کس طرح خواتین کی قائدانہ صلاحیتوں کو مضبوط بنا سکتا ہے اور انہیں اپنی برادریوں کی ترقی میں کردار ادا کرنے کے قابل بنا سکتا ہے۔
ان چھ خواتین کا سفر صفائی کارکنوں اور کچرا چننے والے افراد کے تحفظ، وقار اور سماجی و اقتصادی خودمختاری کو مضبوط بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے وسیع تر اثرات کو ظاہر کرتا ہے۔ جہاں تلنگانہ کی پانچ خواتین نے مشینی صفائی کی خدمات کے ذریعے اجتماعی کاروبار کی جانب پیش قدمی کی ہے، وہیں انیتا ایک سماجی رہنما کے طور پر ابھری ہیں، جو اپنے ساتھی کارکنوں کو معلومات، سرکاری سہولتوں اور روزگار کے مواقع تک رسائی حاصل کرنے میں مدد فراہم کر رہی ہیں۔
نمستے اسکیم پیشہ ورانہ تحفظ، مشینی طریقوں کے فروغ، صلاحیتوں کی تعمیر، سماجی تحفظ کی سہولتوں سے ربط اور روزگار میں معاونت پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ایک زیادہ محفوظ اور جامع صفائی نظام کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ ان اقدامات سے نہ صرف کام کے حالات کو بہتر بنانے میں مدد مل رہی ہے، بلکہ کارکنوں کے لیے اپنی مہارتوں میں اضافہ کرنے، مالی خودمختاری کو مضبوط بنانے اور معاشی و سماجی ترقی میں زیادہ سرگرمی سے حصہ لینے کے مواقع بھی پیدا ہو رہے ہیں۔
ان خواتین کی کامیابیاں اس بات کو اجاگر کرتی ہیں کہ خواتین کو بااختیار بنانے کا عمل محض انفرادی طور پر آمدنی حاصل کرنے تک محدود نہیں، بلکہ اس میں کاروباری اداروں کی ملکیت، اجتماعی فیصلہ سازی، قیادت اور دوسروں کے لیے مواقع پیدا کرنے کی صلاحیت بھی شامل ہے۔ اپنے تجربات اور مہارتوں کو کاروباری سرگرمیوں اور سماجی سطح پر لوگوں کو متحرک کرنے کے لیے بروئے کار لا کر یہ خواتین صفائی اور کچرے کے انتظام کے شعبے کو زیادہ جامع اور باوقار بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔
صفائی کے کام میں معاون کارکنان سے کاروباری اداروں کی مالکان بننے تک، اور کچرا چننے سے سماجی قیادت تک، ان خواتین کا سفر مالی امداد، مشینی طریقوں، پیشہ ورانہ تحفظ کے اقدامات اور ادارہ جاتی تعاون کی تبدیلی لانے والی صلاحیت کا عکاس ہے۔
نمستے اور اس سے وابستہ روزگار کی معاونت کے اقدامات کے ذریعے حکومتِ ہند صفائی کارکنوں اور کچرا چننے والے افراد کے تحفظ، وقار اور سماجی و اقتصادی خودمختاری کے اپنے عزم کو مسلسل آگے بڑھا رہی ہے، تاکہ خواتین کو زیادہ محفوظ، خود انحصار اور جامع ہندوستان کی تعمیر میں فعال کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔
******
ش ح۔ ف ا ۔ م ر
U-NO. 7513