وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

بری فوج کے سربراہ نے میکانائزڈ فورسز سمپوزیم 2026 میں کیولری میموریل خطاب کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 11 NOV 2026 6:27PM by PIB Delhi

بری فوج کے سربراہ جنرل دھیرج سیٹھ نے 11 نومبر 2026 کو نئی دہلی کے مانک شا سینٹر میں منعقدہ میکانائزڈ فورسز سمپوزیم 2026 میں ’’برصغیرِ ہند میں مستقبل کی جنگی حکمتِ عملی کا وژن‘‘ کے موضوع پر خطاب کیا۔ دو روزہ اس سمپوزیم کا اہتمام کیولری آفیسرز ایسوسی ایشن نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میکانائزڈ فورسز کے اشتراک سے کیا ہے۔ اس میں اعلیٰ عہدوں پر فائز حاضر سروس فوجی افسران، سابق فوجی افسران، دفاعی سائنس داں، صنعتی نمائندے اور تزویراتی امور کے ماہرین شرکت کر رہے ہیں، تاکہ جنگ کی بدلتی ہوئی نوعیت پر غور و خوض کیا جا سکے۔

اپنے خطاب میں بری فوج کے سربراہ نے ابھرتے ہوئے آپریشنل چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہندوستانی بری فوج میں جاری تبدیلیوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تبدیلی کا عمل محض جدید سازوسامان اور تنظیمی ڈھانچے کی ازسرنو تشکیل تک محدود نہیں ہے، بلکہ اس کے لیے جدت طرازی، ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی اور تیز رفتار فیصلہ سازی کے کلچر کو فروغ دینا بھی ضروری ہے، جس میں ’یودھا‘ (سپاہی) کو مرکزی حیثیت حاصل ہو۔

مستقبل کی جنگی حکمتِ عملی کے لیے مشترکہ کارروائی اور باہمی انضمام کو ایک اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے بری فوج کے سربراہ نے مسلح افواج کی مختلف شاخوں اور تمام عملی شعبوں کے درمیان بے رکاوٹ تال میل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مقامی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور صنعت و تعلیمی اداروں کے ساتھ مضبوط شراکت داری کے ذریعے خود انحصاری کے تئیں ہندوستانی بری فوج کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

میکانائزڈ فورسز کے ارتقا کا ذکر کرتے ہوئے بری فوج کے سربراہ نے ان کے سفر کو فوج کے جذبۂ موافقت اور حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی صلاحیت کا ثبوت قرار دیا۔ انہوں نے مستقبل کی جنگوں میں ان کے مسلسل کلیدی کردار پر اعتماد کا اظہار کیا۔

بری فوج کے سربراہ کا خطاب افتتاحی اجلاس کا مرکزی حصہ تھا۔ اجلاس کا آغاز کیولری آفیسرز ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل اشوک مہتا (ریٹائرڈ) کے استقبالیہ خطاب سے ہوا۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل اے بی شیوَانے (ریٹائرڈ) کی تصنیف ’’آرمر 2040: اسٹیل، سلیکان اور مستقبل کا میدانِ جنگ‘‘ کی رونمائی بھی کی گئی۔ میکانائزڈ فورسز کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل پریت پال سنگھ نے ’’ہندوستانی تناظر میں عصری میکانائزڈ جنگ‘‘ کے موضوع پر کلیدی خطاب کرتے ہوئے اس تبدیلی کو نمایاں کیا جس کے تحت جنگی صلاحیتوں کا انحصار محض انفرادی جنگی پلیٹ فارموں سے ہٹ کر ایک مربوط، نیٹ ورک سے منسلک اور خودکار جنگی نظام کی جانب منتقل ہو رہا ہے۔

ان موضوعات کو آگے بڑھاتے ہوئے سمپوزیم میں مصنوعی ذہانت اور آٹو نومس کل چین ، انسان اور بغیر انسان کے چلنے والے نظاموں کی مشترکہ کارروائی، مربوط ڈرون جنگ، اگلی نسل کے جنگی نظام اور متعدد عملی شعبوں میں میکانائزڈ فوجی کارروائیوں پر بھی غور و خوض کیا جائے گا۔ دو روزہ یہ تقریب 12 نومبر 2026 کو ’’ہندوستانی میکانائزڈ فورسز 2035: مستقبل کے عملی ماحول کے لیے تبدیلی‘‘ کے موضوع پر اختتامی غیر رسمی تبادلۂ خیال کی نشست کے ساتھ اختتام پذیر ہوگی۔

 

******

 

ش ح۔ ف ا ۔ م ر

U-NO. 7511

 


(ریلیز آئی ڈی: 2335188) وزیٹر کاؤنٹر : 3
یہ ریلیز پڑھیں: English