صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

کولمبو میں بِمسٹیک وزرائے صحت کی پہلی میٹنگ میں مشترکہ وزارتی اعلامیے کی متفقہ منظوری کے ساتھ ہندوستان نے علاقائی صحت شراکت داری کو مستحکم کیا


مرکزی وزیر صحت جناب جے پی نڈا نے تاریخی میٹنگ میں ہندوستان کی سرگرمیوں کی قیادت کی، بِمسٹیک ممالک نے صحتِ عامہ سے متعلق نظرثانی شدہ لائحۂ عمل (2030-2026) منظور کیا

ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان صحت کے شعبے میں شراکت داری مزید مستحکم،  ہندوستان کی تقریباً 52.8 لاکھ امریکی ڈالر کی مالی امداد کے تحت 100 اضافی ایمبولینسوں کی فراہمی کے لیے مفاہمت نامے کا تبادلہ

جناب نڈا نے سری لنکا میں بنیادی صحت خدمات کو مستحکم بنانے کے لیے 50 طبی کیوسک/ہیلتھ اے ٹی ایم کی فراہمی میں ہندوستانی تعاون کا اعلان کیا

ہندوستان گجرات کے جام نگر میں واقع آئی ٹی آر اے میں روایتی طریقۂ علاج کے شعبے میں بِمسٹیک کا مہارت کا مرکز قائم کرے گا

مرکزی وزیر صحت نے صحت کے شعبے میں تعاون کو مستحکم بنانے کے لیے سری لنکا اور نیپال کے وزرائے صحت کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں کیں

جناب نڈا نے ہندوستان کے صحت کے شعبے میں آنے والی تبدیلیوں کو اجاگر کیا اور بِمسٹیک ممالک کے ساتھ بنیادی صحت خدمات، ڈیجیٹل صحت اور صحتِ عامہ کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق مہارتیں شیئر کرنے کی پیشکش کی

مرکزی وزیر صحت نے کولمبو میں ہندوستانی تارکینِ وطن سے ملاقات کی، ہندوستان کی بڑھتی ہوئی عالمی قیادت اور ہندوستان-سری لنکا کی مضبوط شراکت داری کو اجاگر کیا

’’بہتر صحت کے نتائج کے حصول کی کوشش میں کوئی بھی ملک پیچھے نہیں رہنا چاہیے‘‘: جناب جے پی نڈا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 11 NOV 2026 5:05PM by PIB Delhi

علاقائی صحت تعاون کو مستحکم بنانے کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر، آج سری لنکا کے کولمبو میں منعقدہ پہلی بِمسٹیک وزرائے صحت میٹنگ میں مشترکہ وزارتی اعلامیے کو متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔ اس اعلامیے کے ذریعے رکن ممالک نے خلیجِ بنگال کے خطے میں قابلِ رسائی، سستی اور معیاری صحت خدمات کو فروغ دینے، علاقائی صحت سلامتی کو مستحکم بنانے اور صحتِ عامہ کے مضبوط نظام قائم کرنے کے اپنے اجتماعی عزم کا اعادہ کیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261111170756_dd6ace.jpg

صحت و خاندانی بہبود اور کیمیکلز و کھادکے مرکزی وزیر جناب جگت پرکاش نڈا نے اس تاریخی میٹنگ میں ہندوستان کی نمائندگی کی۔ انہوں نے معلومات اور تجربات کے تبادلے، ڈیجیٹل اختراعات، صلاحیت سازی اور صحتِ عامہ کے مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے باہمی اقدامات کے ذریعے علاقائی صحت تعاون کو آگے بڑھانے میں ہندوستان کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کیا۔

اس میٹنگ میں صحتِ عامہ سے متعلق بِمسٹیک کے نظرثانی شدہ لائحۂ عمل (2030-2026) کو بھی منظور کیا گیا، جو بیماریوں کی نگرانی، وباؤں سے نمٹنے کی تیاری، ڈیجیٹل صحت، روایتی طریقۂ علاج، ’ون ہیلتھ‘ اور صحت خدمات سے وابستہ افرادی قوت کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کے لیے ایک منظم لائحۂ عمل فراہم کرتا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image002_20261111170803_5e927f.jpg

میٹنگ میں ہندوستان کی شرکت کے دوران سری لنکا کے ساتھ کئی اہم دوطرفہ اقدامات بھی کیے گئے۔ ان میں 100 اضافی مکمل طور پر لیس ایمبولینسوں کی فراہمی کے لیے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) کا تبادلہ اور بنیادی صحت خدمات کو مستحکم بنانے کے لیے 50 طبی کیوسک/ہیلتھ اے ٹی ایم کی فراہمی میں تعاون کا اعلان شامل ہے۔ جناب نڈا نے نیپال کے وزیر صحت کے ساتھ دوطرفہ بات چیت بھی کی اور کولمبو میں ہندوستانی تارکینِ وطن سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے خطے میں ہندوستان کی دیرینہ شراکت داریوں کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

بِمسٹیک کے وزرائے صحت نے متفقہ طور پر مشترکہ وزارتی اعلامیہ منظور کیا

افتتاحی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے جناب نڈا نے اس موقع کو علاقائی تعاون کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کی بنیاد اپریل 2025 میں بنکاک میں منعقدہ چھٹی بِمسٹیک سربراہ کانفرنس میں رکھ دی گئی تھی، جہاں رکن ممالک کے وزرائے صحت کے درمیان تعاون کے لیے ایک مخصوص طریقۂ کار قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بِمسٹیک ممالک کی مشترکہ ذمہ داری بھی ہے اور انہیں صحت کے نظام کو مستحکم بنانے، معیاری صحت خدمات تک رسائی بہتر بنانے اور صحت کے ابھرتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تیاری کو مضبوط کرنے کا ایک اہم موقع بھی حاصل ہے۔

متفقہ طور پر منظور کیے گئے مشترکہ وزارتی اعلامیے میں رکن ممالک نے سب کے لیے صحت کی سہولت اور پائیدار ترقی کے ہدف 3 کے تئیں اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی علاقائی سطح پر مربوط اقدامات کے لیے اہم ترجیحی شعبوں کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔

اس اعلامیے میں بیماریوں کی نگرانی، ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاری، ابتدائی انتباہی نظام، جراثیم کش ادویات کے خلاف مزاحمت کے تدارک، ڈیجیٹل صحت خدمات، روایتی طریقۂ علاج، آب و ہوا سے متعلق صحت کے مسائل سے نمٹنے اور صلاحیت سازی کو مستحکم بنانے کے لیے مستقبل پر مرکوز ایک لائحۂ عمل پیش کیا گیا ہے۔

اس میں ٹیلی میڈیسن، باہم مربوط الیکٹرانک طبی ریکارڈ اور امراض کی تشخیص و پیش گوئی کے نمونے تیار کرنے میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے بِمسٹیک ڈیجیٹل ہیلتھ فریم ورک تشکیل دینے کے امکانات تلاش کرنے کا تصور بھی پیش کیا گیا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image003_20261111170811_086ec1.jpg

میٹنگ میں علاقائی اقدامات کا خیرمقدم کیا گیا، جن میں سری لنکا میں صحتِ عامہ کے لیے بِمسٹیک کا مجوزہ علاقائی سینٹر آف ایکسی لینس، تھائی لینڈ میں بِمسٹیک کے استوائی امراض سے متعلق سینٹر آف ایکسی لینس کا قیام اور روایتی طریقۂ علاج کے شعبے میں سینٹر آف ایکسی لینس قائم کرنے کا ہندوستان کا اقدام شامل ہیں۔

مشترکہ وزارتی اعلامیے میں بنگلہ دیش کی جانب سے علاقائی حیوانی منبع سے پھیلنے والی بیماریوں کی نگرانی کے مرکز اور ابتدائی انتباہی نظام کے قیام کی تجویز کا بھی خیرمقدم کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی سرحد پار سے لاحق صحت کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مربوط تیاری کو مستحکم بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

ہندوستان کی جانب سے بِمسٹیک ممالک کے ساتھ صحت کے شعبے میں اپنی مہارت شیئر کرنے کی پیشکش

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں سب کے لیے صحت کی سہولت کے حصول کی جانب ہندوستان کی پیش رفت کو اجاگر کرتے ہوئے، جناب نڈا نے صحت کے شعبے سے متعلق ملک کے جامع طریقۂ کار کی وضاحت کی، جس میں بنیادی صحت خدمات کی توسیع، مالی تحفظ، صحتِ عامہ کے جدید بنیادی ڈھانچے اور ڈیجیٹل اختراعات کو یکجا کیا گیا ہے۔

انہوں نے میٹنگ کےشرکاء کو بتایا کہ ہندوستان نے 1.85 لاکھ سے زیادہ آیوشمان آروگیہ مندر قائم کیے ہیں، جن کے ذریعے جامع بنیادی صحت خدمات کو عوام کی دہلیز تک پہنچایا گیا ہے اور احتیاطی، فروغِ صحت اور ضروری طبی خدمات تک رسائی بہتر ہوئی ہے۔

وزیر موصوف نے آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا (اے بی پی ایم-جے اے وائی) کو بھی اجاگر کیا، جو دنیا کی سب سے بڑی سرکاری مالی اعانت سے چلنے والی صحت ضمانت اسکیموں میں سے ایک ہے۔ اس اسکیم کے تحت ہر اہل خاندان کو سالانہ پانچ لاکھ روپے تک کے بلا نقد اسپتال میں داخلے کی سہولت فراہم کی جاتی ہے اور اس کے دائرے میں 60 کروڑ سے زیادہ افراد شامل ہیں۔

پردھان منتری آیوشمان بھارت صحت بنیادی ڈھانچہ مشن (پی ایم-اے بی ایچ آئی ایم) کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے صحتِ عامہ کے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم بنانے، بیماریوں کی نگرانی، تشخیصی صلاحیتوں میں اضافے اور مستقبل میں صحت سے متعلق ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاری کے لیے ہندوستان کی سرمایہ کاری کو اجاگر کیا۔

جناب نڈا نے صحت خدمات تک رسائی کو وسعت دینے میں ٹیکنالوجی کے انقلابی کردار کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان کی قومی ٹیلی میڈیسن سروس، ای سنجیونی کے ذریعے اب تک 50 کروڑ سے زیادہ ٹیلی مشاورتیں فراہم کی جا چکی ہیں۔

انہوں نے آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن (اے بی ڈی ایم) کے تحت ایک دوسرے سے مربوط ڈیجیٹل صحت نظام کی تشکیل میں ہندوستان کے تجربات بیان کیے، جس کا مقصد صحت خدمات تک رسائی کو بہتر بنانا، ان کی فراہمی میں مؤثریت بڑھانا اور علاج کے تسلسل کو یقینی بنانا ہے۔

علاقائی تعاون کے تئیں ہندوستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے، جناب نڈا نے بِمسٹیک کے رکن ممالک کے ساتھ بالخصوص بنیادی صحت خدمات، ڈیجیٹل صحت نظام اور صحتِ عامہ کے بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں ہندوستان کے تجربات، تکنیکی مہارت اور بہترین طور طریقے شیئر کرنے کی پیشکش کی۔

ہندوستان جام نگر میں روایتی طریقۂ علاج کے شعبے میں بِمسٹیک کا سینٹر آف ایکسی لینس قائم کرے گا

روایتی طریقۂ علاج کے شعبے میں علاقائی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے ایک اہم اقدام کے طور پر، جناب نڈا نے گجرات کے جام نگر میں واقع انسٹی ٹیوٹ آف ٹیچنگ اینڈ ریسرچ اِن آیوروید (آئی ٹی آر اے) میں روایتی طریقۂ علاج کے شعبے میں بِمسٹیک کا سینٹر آف ایکسی لینس قائم کرنے کے ہندوستان کے عزم کا اعلان کیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image004_20261111170821_f82773.jpg

اس مرکز کو مشترکہ تحقیق، تعلیمی تبادلوں، ادارہ جاتی شراکت داری، صلاحیت سازی اور روایتی طریقۂ علاج سے متعلق معلومات و بہترین طور طریقوں کے تبادلے کے لیے ایک علاقائی پلیٹ فارم کے طور پر قائم کرنے کا تصور پیش کیا گیا ہے۔

یہ مرکز شواہد پر مبنی طریقۂ کار، معیار اور تحفظ کے ضابطوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ روایتی علم کے ذمہ دارانہ تحفظ کو بھی یقینی بنانے میں مدد دے گا۔

مشترکہ وزارتی اعلامیے میں ہندوستان کے اس اقدام کا خیرمقدم کیا گیا اور روایتی طریقۂ علاج  کے شعبے میں علاقائی تعاون کو مستحکم بنانے کی اس کی صلاحیت کو تسلیم کیا گیا۔

روایتی طریقۂ علاج سے متعلق بِمسٹیک ٹاسک فورس کی اگلی میٹنگ کی میزبانی کرنے کی ہندوستان کی تجویز کا بھی خیرمقدم کیا گیا۔

اجتماعی طور پر تیاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے، جناب نڈا نے ’ون ہیلتھ‘ کے نقطۂ نظر کے تحت علاقائی تعاون کو مزید فروغ دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے اجاگر کیا کہ یہ نقطۂ نظر وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے تصور ’’ایک کرۂ ارض، ایک کنبہ، ایک مستقبل‘‘ سے ہم آہنگ ہے، جس کی بنیاد ہندوستان کے قدیم فلسفے ’وسودھیو کٹمبکم‘ پر ہے۔ یہ فلسفہ عالمی صحت، پائیداری اور باہمی تعاون پر مبنی حکمرانی کے حوالے سے ہندوستان کے دیرینہ مربوط نقطۂ نظر کی عکاسی کرتا ہے۔

وزیر موصوف نے اس بات پر زور دیا کہ ’ون ہیلتھ‘ ایک مشترکہ ذمہ داری ہے اور بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے اور صحتِ عامہ کے تحفظ کے لیے ان کی بروقت نشاندہی، معلومات کا فوری تبادلہ اور مربوط اقدامات ناگزیر ہیں۔

ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان صحت کے شعبے میں شراکت داری مزید مستحکم، 100 اضافی ایمبولینسوں کی فراہمی کے لیے مفاہمت نامے کا تبادلہ

بِمسٹیک میٹنگ کے موقع پر جناب جے پی نڈا نے سری لنکا کے صحت و ابلاغِ عامہ کے وزیر، ڈاکٹر نلندا جیاتِسا کے ساتھ اعلیٰ سطحی دوطرفہ ملاقات کی۔ اس ملاقات میں صحت کے شعبے میں جاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے امکانات پر غور کیا گیا۔

اس ملاقات کے ایک اہم نتیجے کے طور پر، دونوں وزراء نے سری لنکا کی 1990 ‘سوا سیریا’ ہنگامی ایمبولینس سروس کے لیے مزید 100 مکمل سہولیات سے آراستہ ایمبولینسوں کی فراہمی سے متعلق مفاہمت کی یادداشت کے تبادلے کا مشاہدہ کیا۔

اس اقدام کے لیے ہندوستان کی جانب سے 1,725.73 ملین سری لنکن روپے (تقریباً 5.28 ملین امریکی ڈالر) کی امدادی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ اس سے ہنگامی طبی امداد کی صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرنے، عملی کارکردگی بہتر بنانے اور سری لنکا بھر میں ہنگامی طبی خدمات تک بروقت رسائی کو آسان بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

ہندوستان، سوا سیریا سروس کے قیام اور توسیع میں طویل عرصے سے ترقیاتی شراکت دار رہا ہے۔ اس سلسلے میں ہندوستان نے اس سے قبل 2016 میں 7.5 ملین امریکی ڈالر اور 2018 میں 15.02 ملین امریکی ڈالر کی امدادی مالی معاونت فراہم کی تھی۔

ان اقدامات کے تحت 297 ایمبولینسیں فراہم کی گئیں، جنہوں نے کووڈ-19 وبا اور قدرتی آفات کے دوران بھی ہنگامی طبی امداد فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

مزید 100 ایمبولینسوں کی فراہمی سے اس کامیاب شراکت داری کو مزید تقویت ملے گی اور سری لنکا کے ہنگامی طبی خدمات کے نظام کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔

ہندوستان کی جانب سے سری لنکا میں 50 طبی کیوسک / ہیلتھ اے ٹی ایم کیلئے معاونت کا اعلان

دوطرفہ صحت کے شعبے میں تعاون کو مزید مستحکم کرتے ہوئے، جناب نڈّا نے سری لنکا میں بنیادی صحت خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے 50 طبی کیوسک / ہیلتھ اے ٹی ایم کی خریداری میں ہندوستان کی جانب سے معاونت فراہم کرنے کا اعلان کیا۔

اس اقدام کے تحت زیادہ سے زیادہ 225 ملین سری لنکن روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ یہ امداد 450 ملین امریکی ڈالر کے اس جامع بحالی پیکیج کا حصہ ہے، جس کا اعلان حکومتِ ہند نے نومبر-دسمبر 2025 کے دوران سری لنکا کو متاثر کرنے والے سمندری طوفان ‘دِتواہ’ کے بعد کیا تھا۔

یہ طبی کیوسک سری لنکا کے آروگیہ بنیادی صحت مراکز میں نصب کیے جائیں گے، جہاں ٹیلی میڈیسن کی سہولت کے ساتھ فوری تشخیصی خدمات فراہم کی جائیں گی۔

اس اقدام سے ضروری تشخیصی خدمات تک رسائی بہتر ہونے، بروقت طبی مشورے حاصل کرنے میں سہولت ملنے اور ٹیکنالوجی پر مبنی بنیادی صحت خدمات کے نظام کو مستحکم کرنے کی توقع ہے۔ خاص طور پر ان برادریوں کو اس سے فائدہ پہنچے گا جنہیں قابلِ رسائی اور مؤثر صحت خدمات کی ضرورت ہے۔

یہ اقدامات سری لنکا کے صحت نظام کی معاونت اور ایسی ترقیاتی شراکت داری کو آگے بڑھانے کے لیے ہندوستان کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتے ہیں، جس کا مقصد عوام کو ٹھوس فوائد پہنچانا ہے۔

جناب نڈّا کی نیپال کی وزیرِ صحت سے ملاقات؛ دوطرفہ اور علاقائی صحت تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلۂ خیال

جناب نڈّا نے پہلی بیمسٹیک وزرائے صحت کی میٹنگ کے موقع پر نیپال کی وزیرِ صحت و غذائی تحفظ، محترمہ نیشا مہتا کے ساتھ دوطرفہ ملاقات بھی کی۔

دونوں وزراء نے دوطرفہ اور علاقائی صحت تعاون کو مزید گہرا کرنے، مہارت اور بہترین طریقۂ کار کے تبادلے اور سستی، قابلِ رسائی اور معیاری صحت خدمات تک عوام کی رسائی بہتر بنانے کے سلسلے میں مفید تبادلۂ خیال کیا۔

اس ملاقات میں ہندوستان اور نیپال کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور عوامی روابط کی اہمیت کا اعادہ کیا گیا، جو صحت اور ترقی کے شعبوں میں تعاون کے لیے مسلسل ایک مضبوط بنیاد فراہم کر رہے ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image006_20261111170838_5e8e9c.jpg

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی ‘پڑوس مقدم’ پالیسی کے رہنما اصولوں کے تحت، ہندوستان نے نیپال کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا، تاکہ صحت کے شعبے میں شراکت داری کو مستحکم کیا جا سکے، صحت کے بہتر نتائج کو فروغ دیا جا سکے اور خطے کی مشترکہ خوشحالی کو آگے بڑھایا جا سکے۔

مرکزی وزیرِ صحت نے کولمبو میں ہندوستانی برادری کے افراد سے ملاقات کی

اپنے دورے کے دوران، جناب نڈّا نے کولمبو میں ہندوستانی برادری کے افراد سے بھی ملاقات کی اور ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان دیرینہ دوستی اور عوامی روابط کو مضبوط بنانے میں ان کے بیش بہا تعاون کو سراہا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image007_20261111170846_bd2e31.jpg

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، مرکزی وزیرِ صحت نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں گزشتہ 12 برس کے دوران ہندوستان کی نمایاں پیش رفت کو اجاگر کیا، بالخصوص صحت، ڈیجیٹل اختراع، ادویہ سازی، طبی تحقیق اور تکنیکی ترقی کے شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کو نمایاں کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان کی بڑھتی ہوئی صلاحیتیں صحت، تعلیم، ڈیجیٹل تبدیلی اور اقتصادی ترقی کے شعبوں میں سری لنکا کے ساتھ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے وسیع مواقع فراہم کرتی ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image008_20261111170853_585769.jpg

جناب نڈّا نے اس بات کو اجاگر کیا کہ ہندوستان کی ‘پڑوس مقدم’ اور ‘مہاساگر’پالیسیاں سری لنکا کے ساتھ اس کی دیرینہ شراکت داری کو مزید مستحکم کر رہی ہیں، جو علاقائی استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔

انہوں نے باہمی مفاہمت کو فروغ دینے، ثقافتی روابط کو مستحکم بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان رابطے کے پل کا کردار ادا کرنے میں ہندوستانی برادری کے اہم کردار کو سراہا۔

علاقائی صحت تعاون میں ایک نئے باب کا آغاز

پہلی بیمسٹیک وزرائے صحت میٹنگ میں بنگلہ دیش، بھوٹان، ہندوستان، میانمار، نیپال، سری لنکا اور تھائی لینڈ کے وزرائے صحت اور اعلیٰ نمائندوں نے شرکت کی۔

اس میٹنگ کی صدارت سری لنکا کے وزیرِ صحت و ذرائع ابلاغ، ڈاکٹر نلندا جیاتسا نے کی۔

متفقہ طور پر منظور کیے گئے مشترکہ وزارتی اعلامیے میں ہر دو سال بعد بیمسٹیک وزرائے صحت کی میٹنگ اور اعلیٰ عہدیداروں کی میٹنگ منعقد کرنے کے فیصلے کی توثیق کی گئی تاکہ مسلسل رابطہ برقرار رہے اور علاقائی ترجیحات پر اتفاقِ رائے کے مطابق پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔ 2028 میں دوسری بیمسٹیک وزرائے صحت میٹنگ کی میزبانی کی تھائی لینڈ کی پیشکش کا بھی خیرمقدم کیا گیا۔

اپنے خطاب کے اختتام پر، جناب نڈّا نے اس تاریخی میٹنگ کی میزبانی کے لیے حکومتِ سری لنکا کا شکریہ ادا کیا اور ایک صحت مند، محفوظ اور زیادہ مستحکم بیمسٹیک خطہ تشکیل دینے کے ہندوستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ’’صحت کے بہتر نتائج کے حصول کی کوشش میں کسی بھی ملک کو پیچھے نہیں رہنا چاہیے۔‘‘

مشترکہ وزارتی اعلامیے کی متفقہ منظوری، علاقائی صحتِ عامہ کے مشترکہ لائحۂ عمل کو آگے بڑھانے، روایتی طب کے مرکزِ امتیاز کی میزبانی کے لیے ہندوستان کے عزم اور سری لنکا و نیپال کے ساتھ صحت کے شعبے میں اہم دوطرفہ اقدامات سے علاقائی صحت سلامتی کو مستحکم بنانے اور ہندوستان کی صحت کے شعبے میں شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کی سمت ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

مجموعی طور پر، یہ سرگرمیاں جامع ترقی، مشترکہ خوشحالی اور ’’ایک کرۂ ارض، ایک کنبہ، ایک مستقبل‘‘ کے تصور کے تحت علاقائی تعاون کو عوام کے لیے بامعنی نتائج میں تبدیل کرنے کے ہندوستان کے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

**********

 

) ش ح  – ک ح+ک ا -   ش ہ ب +ن ع)

U.No. 7506

 


(ریلیز آئی ڈی: 2335160) وزیٹر کاؤنٹر : 5
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी