پوسٹ کرنے کی تاریخ:
11 NOV 2026 4:33PM by PIB Delhi
ہندوستان کی قومی شاہراہوں کی اتھارٹی (این ایچ اے آئی) نے ٹول فیس وصولی کرنے والی ایجنسی کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے میسرز ردھی سدھی ایسوسی ایٹس کو ایک ماہ کے لیے این ایچ اے آئی کے جاری یا آئندہ کسی بھی ٹینڈر میں حصہ لینے سے روک دیا ہے اور اس ایجنسی پر 15 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ یہ کارروائی 5 نومبر 2026 کو قومی شاہراہ-248 بی بی پر واقع بجواسن فیس پلازا میں ایجنسی کے اہلکاروں کی جانب سے سڑک استعمال کرنے والوں کے ساتھ بدسلوکی کے واقعے کے بعد کی گئی ہے۔
واقعے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے، این ایچ اے آئی نے ایجنسی اور اس کے مالکان/ڈائریکٹروں کو آئندہ ایک سال تک این ایچ اے آئی کے ٹینڈروں میں حصہ لینے سے روکنے کی تجویز کے ساتھ وجہ بتاؤ نوٹس بھی جاری کیا ہے۔ ایجنسی کو یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ وہ 14 نومبر 2026 کو فیس پلازا کا انتظام نئی ایجنسی کے حوالے کر دے۔
معاہدے کی شرائط کے مطابق، ٹول فیس وصولی کرنے والی ایجنسی کی ذمہ داری ہے کہ وہ فی پلازا پر تعینات اپنے اہلکاروں کے مناسب طرزِ عمل، نظم و ضبط اور خوش اخلاقی کو یقینی بنائے۔ یہ واقعہ ایجنسی کی جانب سے نظم و ضبط برقرار رکھنے، مناسب نگرانی کرنے اور معاہدے کی ذمہ داریوں کی پابندی یقینی بنانے میں سنگین ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔
این ایچ اے آئی قومی شاہراہوں کے تمام صارفین کے لیے محفوظ اور پُرسکون سفر کو یقینی بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے اور ٹول پلازوں پر کسی بھی قسم کی بدسلوکی یا نظم و ضبط کی خلاف ورزی کے معاملے میں قطعی عدم برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
**********
) ش ح –ک ح- ش ہ ب )
U.No. 7504