پوسٹ کرنے کی تاریخ:
11 NOV 2026 3:21PM by PIB Delhi
برکس پائیدار طرزِ زندگی ہفتہ (بی ایس ایل ڈبلیو) کے انعقاد کے سلسلے میں، جو یکم سے 7 نومبر 2026 تک منایا گیا، توانائی کی وزارت کے بیورو آف انرجی ایفیشنسی (بی ای ای) نے 2 نومبر 2026 کو ‘‘توانائی کے تحفظ’’ کے موضوع پر ایک ویبینار منعقد کیا۔ اس ویبینار کا مقصد پائیدار طرزِ زندگی کو فروغ دینے، توانائی کی کھپت میں کمی لانے، توانائی کے تحفظ کو بہتر بنانے اور پائیدار ترقی کے تئیں ہندوستان کے عزم کو آگے بڑھانے میں توانائی کی کفایت شعاری کے کلیدی کردار کو اجاگر کرنا تھا۔
ویبینار کا آغاز بیورو آف انرجی ایفیشنسی کے ڈائریکٹر جنرل جناب کرشنا چندر پانگراہِی کے افتتاحی خطاب سے ہوا۔ انہوں نے پائیدار ترقی کو ممکن بنانے میں توانائی کی کفایت شعاری کی اہمیت کو اجاگر کیا اور مختلف شعبوں میں توانائی کے مؤثر استعمال کے طریقوں کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

تکنیکی اجلاس کا انعقاد معروف اداروں اور تنظیموں، مثلاً دی انرجی اینڈ ریسورسز انسٹی ٹیوٹ (ٹی ای آر آئی)، الائنس فار انرجی ایفیشنٹ اکانومی (اے ای ای ای)، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی)، سی ایل اے ایس پی اور سسٹین ایبل انرجی فار آل (ایس ای فورآل) کے ممتاز ماہرین اور نمائندوں نے کیا۔ ان اجلاسوں میں توانائی کی کفایت شعاری سے متعلق متعدد موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ان میں توانائی کی کفایت شعاری کے شعبے میں ہندوستان کی پیش رفت اور اقدامات، صنعتوں میں توانائی کی بچت بڑھانے کے طریقے اور توانائی کی کھپت میں کمی لانے میں تکنیکی اقدامات کا کردار شامل تھا۔ ان اجلاسوں میں برقی آلات کے لیے ہندوستان کے ’معیارات اور لیبل لگانے کے پروگرام‘ کے بارے میں بھی معلومات فراہم کی گئیں اور توانائی کی بچت کرنے والی مصنوعات کو فروغ دینے اور صارفین کو درست معلومات کی بنیاد پر باخبر انتخاب کرنے کے قابل بنانے میں اس پروگرام کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔
مزید برآں، تبادلۂ خیال کے دوران بازار کے رجحانات اور بجلی کی کھپت پر طرزِ عمل میں تبدیلیوں کے اثرات پر توجہ مرکوز کی گئی اور پائیدار کھپت کے طریقوں اور توانائی کے ذمہ دارانہ استعمال کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ اس کے علاوہ، توانائی کی کفایت شعاری کو بجلی کے لچکدار گرڈ وسائل میں تبدیل کرنے میں طلب کے انتظام (ڈی ایس ایم) کے کردار پر بھی غور و خوض کیا گیا۔ خاص طور پر بجلی کی کھپت کو بہتر بنانے، گرڈ میں لچک بڑھانے اور بجلی کے نظام میں قابلِ تجدید توانائی کے انضمام میں معاونت کے تناظر میں اس کی اہمیت پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس ویبینار میں وزارتِ توانائی، مرکزی سرکاری شعبے کے اداروں (سی پی ایس یوز)، مینوفیکچررز کی انجمنوں، صنعتی شعبے کے نمائندوں، متعلقہ شعبوں کے ماہرین اور دیگر متعلقہ فریقوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے فریقوں کی شرکت سے توانائی کی کفایت شعاری کے مختلف پہلوؤں اور پائیدار طریقوں کو اپنانے کے حوالے سے معلومات، تجربات اور خیالات کے تبادلے میں مدد ملی۔
برکس پائیدار طرزِ زندگی ہفتہ منانے کے سلسلے میں بیورو آف انرجی ایفیشنسی (بی ای ای) نے توانائی کے تحفظ اور بجلی کے ذمہ دارانہ استعمال کی حوصلہ افزائی کے لیے بیداری کے متعدد اقدامات بھی کیے۔ ان میں 2 نومبر 2026 کو نئی دہلی میں بی ای ای کے دفتر میں ادارے کے ڈائریکٹر جنرل جناب کرشنا چندر پانگراہِی کے ساتھ بی ای ای کے افسران اور ملازمین کی جانب سے توانائی کے تحفظ کا عہد لینا شامل تھا۔ اس کے علاوہ، ملازمین کو توانائی کی بچت کے طریقے اپنانے کی اہمیت سے آگاہ کرنے کے لیے بی ای ای کے دفتر میں توانائی کے تحفظ سے متعلق پیغامات پر مشتمل بینر اور اسٹینڈیز بھی آویزاں کیے گئے۔
مزید برآں، 2 نومبر 2026 کو صبح 10 بجے سے 11 بجے تک ایک گھنٹے کیلئے بجلی بند رکھی گئی۔اس دوران ملازمین کی حوصلہ افزائی کی گئی کہ وہ استعمال میں نہ ہونے پر روشنیاں اور بجلی کے دیگر غیر ضروری آلات بند رکھیں۔
اس کے علاوہ، بی ای ای نے ہیش ٹیگ برکس فار لائف کے تحت ‘‘توانائی بچائیں’’ کے موضوع پر سات روزہ سوشل میڈیا مہم چلائی۔ اس مہم کا مقصد توانائی کی بچت کے مؤثر طریقوں سے متعلق پیغام عام کرنا اور شہریوں کو پائیدار طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب دینا تھا۔ اس مہم میں توانائی کے تحفظ اور پائیدار کھپت کو فروغ دینے کے لیے انفرادی اقدامات اور اجتماعی شرکت کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
ان اقدامات کے ذریعے بیورو آف انرجی ایفیشنسی (بی ای ای) نے توانائی کے بارے میں ذمہ دارانہ طرزِ عمل، پائیدار کھپت اور ہندوستان کے پائیدار طرزِ زندگی سے متعلق اقدامات میں توانائی کی کفایت شعاری کو ایک لازمی جزو کے طور پر شامل کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ اس سے توانائی کی زیادہ کفایت شعاری اور پائیداری پر مبنی مستقبل کی تشکیل میں مدد ملے گی۔
بیورو آف انرجی ایفیشنسی (بی ای ای) کے بارے میں
حکومتِ ہند نے توانائی کے تحفظ کے قانون، 2001 کی دفعات کے تحت یکم مارچ 2002 کو بیورو آف انرجی ایفیشنسی (بی ای ای) قائم کیا تھا۔ اس بیورو کا مشن خود ضابطہ کاری اور بازار کے اصولوں پر زور دیتے ہوئے پالیسیاں اور حکمتِ عملیاں وضع کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
اس کا ایک اہم مقصد ہندوستانی معیشت میں توانائی کے استعمال کی شدت کو کم کرنا ہے۔ بی ای ای نامزد صارفین، نامزد ایجنسیوں اور دیگر تنظیموں کے ساتھ تال میل قائم کرتا ہے۔ یہ قانون کے تحت تفویض کردہ فرائض کی انجام دہی کے لئے موجودہ وسائل اور بنیادی ڈھانچے کی نشاندہی، ان کی قدر و اہمیت کو تسلیم اور ان سے استفادہ کرتا ہے۔ اس قانون میں ضابطہ جاتی اور فروغی نوعیت کے فرائض کی انجام دہی کی گنجائش بھی فراہم کی گئی ہے۔
***
ش ح۔ ک ا۔ ن ع
U.NO.7498