سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ یورپ کے ساتھ ہندوستان کے سائنسی روابط کو مستحکم کرنے کے لیے تین روزہ دورے پر اٹلی روانہ، ہندوستانی وفد کی قیادت کریں گے


ہندوستان-اٹلی سائنس مذاکرات میں تحقیق و اختراع کے لیے نئے امکانات کی راہیں متعین کی جائیں گی

ڈاکٹر جتیندر سنگھ خلائی سائنس، ہوابازی اور تحقیق کے شعبوں میں تعاون کے حوالے سے اطالوی وزرا کے ساتھ بات چیت کریں گے

ہم آہنگی پیدا کرنے والی سائنسی تحقیق سے لے کر حیاتیاتی ٹیکنالوجی تک: ڈاکٹر جتیندر سنگھ ٹریئسٹے میں ممتاز تحقیقی اداروں کا دورہ کریں گے

ڈاکٹر جتیندر سنگھ روم میں ہندوستانی برادری سے ملاقات کریں گے اور 14 نومبر کو ’عالمی یومِ ذیابیطس‘ کی تقریب میں شرکت کریں گے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 11 NOV 2026 2:38PM by PIB Delhi

سائنس و ٹیکنالوجی اور ارضیاتی علوم کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) نیز وزیر اعظم کے دفتر، عملہ، عوامی شکایات اور پنشن، جوہری توانائی اور خلائی امور کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ آج اٹلی کے تین روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوئے۔ اس دورے کا مقصد یورپ کے ساتھ ہندوستان کے سائنسی روابط کو مستحکم کرنا اور سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع کے شعبوں میں بین الاقوامی شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔

وزیر موصوف ہندوستانی وفد کی قیادت کریں گے اوراٹلی کے وزرا، بشمول خلائی امور، ہوابازی اور تحقیقی تعاون کے وزرا کے ساتھ بات چیت کریں گے۔

اس دورے کے دوران اعلیٰ سطحی دوطرفہ ملاقاتیں، روم میں دوسری ہندوستان-اٹلی سائنس و اختراع مذاکرات 2026 اور ٹریئسٹے میں ممتاز سائنسی اداروں کے ساتھ تبادلۂ خیال شامل ہوگا۔ یہ سرگرمیاں تحقیق، اسٹریٹجک ٹیکنالوجیز اور اختراع کے شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کریں گی۔

مؤرخہ 12 نومبر کو روم میں منعقد ہونے والے دوسرے ہندوستان-اٹلی سائنس و اختراع مذاکرات 2026 میں دونوں ممالک کے ممتاز سائنسی اداروں، محققین، اختراع کے شعبے سے وابستہ متعلقہ فریقوں اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے مراکز کے نمائندے شرکت کریں گے۔ ان مذاکرات میں تحقیق کے میدان میں نمایاں کارکردگی اور اسٹریٹجک ٹیکنالوجیز، تحقیقی نتائج کو اختراعات میں تبدیل کرنے، ادارہ جاتی شراکت داری کو مستحکم بنانے اور مستقبل میں تعاون کے لیے مشترکہ لائحۂ عمل تیار کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ اٹلی کی وزیر برائے یونیورسٹی اور تحقیق، انا ماریا برنینی اور خلائی و ہوابازی کی پالیسی کی ذمہ دار وزیر، ایڈولفو اُرسو، کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں سے سائنس و ٹیکنالوجی، تحقیق اور باہمی دلچسپی کے اسٹریٹجک شعبوں میں ہندوستان-اٹلی تعاون کو آگے بڑھانے کا موقع ملے گا۔

مؤرخہ13 نومبر کو ٹریئسٹے میں وزیر موصوف کے پروگرام میں الیترا سنکروٹرون مرکز، عبدالسلام بین الاقوامی مرکز برائے نظریاتی طبیعیات (آئی سی ٹی پی) اور بین الاقوامی مرکز برائے جینیاتی انجینئرنگ و حیاتیاتی ٹیکنالوجی (آئی سی جی ای بی) کے دورے شامل ہوں گے۔ ان دوروں سے سائنسی تعاون، تحقیقی بنیادی ڈھانچے میں شراکت داری اور محققین کے تبادلے کے امکانات تلاش کرنے کے مواقع فراہم ہوں گے۔

اس دورے کے دوران روم میں ہندوستانی برادری کے ساتھ تبادلۂ خیال اور 14 نومبر کو ہندوستانی سفارت خانے میں عالمی یومِ ذیابیطس کے موقع پر منعقدہ پروگرام میں شرکت بھی شامل ہے۔

اٹلی کا یہ دورہ بین الاقوامی سائنسی شراکت داری کو وسعت دینے، تحقیق پر مبنی اختراعات کو فروغ دینے اور عالمی تحقیقی اداروں نیز ٹیکنالوجی کے نظام سے روابط کو مستحکم بنانے کے ہندوستان کے عزم کا عکاس ہے۔

اٹلی کے ساتھ ہندوستان کے روایتی تعلقات ہیں اور مختلف سطحوں پر تعاون جاری ہے۔ توقع ہے کہ ڈاکٹر جتیندر سنگھ کا یہ دورہ نئے اور جدید ترین شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دے گا۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ ہندوستانی تارکینِ وطن سے بھی ملاقات کریں گے۔

وزیر موصوف کے مختلف پروگراموں میں 14 نومبر کو ’عالمی یومِ ذیابیطس‘ کی تقریب بھی شامل ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261111144151_0bc3bf.jpg

**********

 

) ش ح –ک ح-  ش ہ ب )

U.No. 7486

 


(ریلیز آئی ڈی: 2335039) وزیٹر کاؤنٹر : 3
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी