صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

 این سی اے ایچ پی نے ہندوستان میں معاون اورطبی نگہداشت کے پیشوں کو مستحکم بنانے کے لیے نئے رجسٹریشن نظام کی تجویز پیش کی


مسودہ ضوابط میں عارضی رجسٹریشن، مہارتوں میں اضافے اور مقررہ اہلیتی معیار کے ذریعے مستقل رجسٹریشن میں منتقلی کی گنجائش

پیشہ ورانہ ترقی اور ملازمت میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اہلیتی امتحانات اور برج کورسز کی تجویز

شفافیت، کارکردگی اور جواب دہی کو بہتر بنانے کے لیے مربوط ڈیجیٹل رجسٹریشن نظام

این سی اے ایچ پی نے متعلقہ فریقوں سے 4 دسمبر 2026 تک مسودہ ضوابط پر اپنی آرا و تجاویز پیش کرنے کی اپیل کی ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 11 NOV 2026 9:56AM by PIB Delhi

ہندوستان میں معاون اورطبی نگہداشت کے شعبے سے وابستہ افرادی قوت کو مستحکم بنانے کی سمت ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے، حکومتِ ہند کی وزارتِ صحت و خاندانی بہبود کے تحت قومی کمیشن برائے معاون اور صحت نگہداشت کے پیشہ ور افراد (این سی اے ایچ پی)نے اہل معاون اور صحت نگہداشت کے پیشہ ور افراد کی عارضی رجسٹریشن کے لیے ایک جامع ضابطہ جاتی نظام تجویز کیا ہے۔ اس میں مہارتوں کو بہتر بنانے، اہلیت کا جائزہ لینے اور مستقل رجسٹریشن کے حصول کے لیے واضح طریقۂ کار وضع کیا گیا ہے۔

مجوزہ نظام کا مقصد پیشہ ورانہ رجسٹریشن کے عمل میں یکسانیت، شفافیت اور جواب دہی کو فروغ دینا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اہل پیشہ ور افراد کے لیے مقررہ معیارات کے مطابق اپنی تعلیمی قابلیت اور پیشہ ورانہ مہارتوں کو بہتر بنانے کے منظم مواقع بھی فراہم کرنا ہے۔

اسی مقصد کےحصول کے لئے این سی اے ایچ پی نے قومی کمیشن برائے معاون اور صحت نگہداشت کے پیشہ ور افراد ایکٹ،2021 کے تحت مرتب کردہ معاون اورطبی نگہداشت کے پیشہ ور افراد کی عارضی رجسٹریشن سے متعلق مسودہ ضوابط، 2026 پر عوام اور متعلقہ فریقوں سے آرا و تجاویز طلب کی ہیں۔

پیشہ ورانہ رجسٹریشن اور ملازمت میں ترقی کے لیے منظم طریقۂ کار

مجوزہ ضوابط کی ایک اہم خصوصیت این سی اے ایچ پی ایکٹ،2021 کی دفعات کے مطابق اہل معاون اورطبی نگہداشت کے پیشہ ور افراد کی عارضی رجسٹریشن کے لیے ایک شفاف اور معیاری نظام کا قیام ہے۔

اس نظام میں مقررہ اہلیتی معیار، اسناد کی تصدیق اور رجسٹریشن کے واضح طریقۂ کار شامل ہیں، تاکہ پیشہ ورانہ شناخت کو قانونی تقاضوں اور اہلیت کے معیارات سے ہم آہنگ بنایا جا سکے۔

اہم بات یہ ہے کہ مجوزہ ضوابط میں عارضی طور پر رجسٹرڈ اہل پیشہ ور افراد کو مستقل رجسٹریشن کے تقاضے پورے کرنے کے لیے مہارتوں میں اضافے کی غرض سے مقررہ برج کورسز، نگرانی میں طبی تربیت اور جہاں بھی ضروری ہو، کم از کم اہلیتی امتحانات میں شرکت کے مواقع بھی فراہم کیے گئے ہیں۔

اہلیت پر مبنی اس طریقۂ کار کا مقصد مسلسل پیشہ ورانہ ترقی کو فروغ دینا، ملازمت میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا اور معاون و طبی نگہداشت کی خدمات کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔

پیشہ ورانہ معیار اورطبی نگہداشت کے نظام کے معیار کو مستحکم بنانا

مجوزہ نظام میں مہارتوں کی ترقی، پیشہ ورانہ اہلیت اور ضابطہ جاتی جواب دہی پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔

مستقل رجسٹریشن کے لیے پیش رفت کو مقررہ تعلیمی اور اہلیتی تقاضوں سے منسلک کرتے ہوئے، ان ضوابط کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ معاون اور صحت نگہداشت کے پیشہ ور افراد کے پاس معیاری صحت نگہداشت کی خدمات فراہم کرنے کے لیے ضروری علم، مہارتیں اور طبی صلاحیتیں موجود ہوں۔

توقع ہے کہ اس پہل سے زیادہ ہنر مند، منظم اور پیشہ ورانہ طور پر جواب دہ افرادی قوت کی تشکیل میں مدد ملے گی، ساتھ ہی مریضوں کی حفاظت اور صحت نگہداشت کی خدمات کے معیار کو بھی مزید مستحکم بنایا جا سکے گا۔

زیادہ شفافیت اور بہتر کارکردگی کے لیے ڈیجیٹل رجسٹریشن

مسودہ ضوابط میں درخواستیں جمع کرانے، اسناد کی تصدیق، اہلیت کا جائزہ لینے اور عارضی رجسٹریشن کے سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے عمل کو آسان اور مؤثر بنانے کے لیے ایک مربوط آن لائن رجسٹریشن نظام کا تصور پیش کیا گیا ہے۔

عارضی رجسٹریشن حاصل کرنے والے اہل پیشہ ور افراد کو عارضی رجسٹریشن کا منفرد شناختی نمبر (پی آر یو آئی ڈی) جاری کیا جائے گا، جس سے ان کی منظم شناخت اور ضابطہ جاتی نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔

اس ڈیجیٹل نظام کا مقصد رجسٹریشن کے طریقۂ کار کو آسان بنانا، اس تک رسائی کو بہتر بنانا اور تمام ریاستوں و مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں زیادہ شفافیت، کارکردگی اور یکسانیت کو فروغ دینا ہے۔

مجوزہ ضوابط کی اہم خصوصیات

مسودہ ضوابط میں درج ذیل امور شامل ہیں:

  • عارضی رجسٹریشن کے لیے اہلیت کے معیارات اور طریقۂ کار کو یکساں بنانا۔
  • آن لائن درخواست، اسناد کی تصدیق اور منفرد شناختی نمبر کے ساتھ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا نظام۔
  • عارضی رجسٹریشن کی مدتِ اعتبار، توسیع، خاتمے اور اس سے متعلق اپیلوں کے لیے واضح دفعات۔
  • مہارتوں میں اضافے کے لیے مقررہ برج کورسز، اہلیت کا جائزہ لینے کے طریقۂ کار اور جہاں ضروری ہو، اہلیتی امتحانات کا انعقاد۔
  • پیشہ ورانہ مہارتوں کی ترقی کے لیے نگرانی میں طبی تربیت اور ادارہ جاتی تقاضے۔
  • مقررہ شرائط پوری کرنے سے مشروط، متعلقہ مرکزی یا ریاستی رجسٹر میں مستقل رجسٹریشن کے لیے منتقلی۔

ان تمام دفعات کا مجموعی مقصد ایک مضبوط، شفاف اور پیشہ ورانہ اہلیت پر مبنی رجسٹریشن نظام قائم کرنا ہے، جوطبی نگہداشت کے معیار کو برقرار رکھتے ہوئے پیشہ ورانہ ترقی کو فروغ دے۔

این سی اے ایچ پی نے متعلقہ فریقوں سے 4 دسمبر 2026 تک آرا و تجاویز طلب کیں

شفاف اور شراکتی ضابطہ سازی کے اپنے عزم کے تحت، این سی اے ایچ پی نے معاون اورطبی نگہداشت کے پیشہ ور افراد، پیشہ ورانہ تنظیموں، تعلیمی اداروں، ریاستی معاون و صحت نگہداشت کونسلوں، صحت نگہداشت کے اداروں، ماہرین اور عام لوگوں سے مسودہ ضوابط پر تبصرے، تجاویز اور اعتراضات طلب کیے ہیں۔

مسودہ ضوابط این سی اے ایچ پی کی سرکاری ویب سائٹhttps://ncahp.abdm.gov.in/ پر دستیاب ہیں۔

متعلقہ شراکت دار اپنی آرا و تجاویز 4 دسمبر 2026 تک اس ای میل پتےncahp.regulations@ncahp.mohfw.gov.in پر بھیج سکتے ہیں۔

موصول ہونے والی آرا و تجاویز پر ضوابط کو حتمی شکل دینے سے پہلے غور کیا جائے گا۔

یہ پہل ایک زیادہ شفاف، جامع اور پیشہ ورانہ اہلیت پر مبنی ضابطہ جاتی نظام قائم کرنے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ اس سے پیشہ ورانہ ترقی کو فروغ ملنے کے ساتھ ساتھ ہندوستان کی معاون اور طبی نگہداشت کے شعبے سے وابستہ افرادی قوت کو مستحکم بنانے میں مدد ملے گی، تاکہ وہ ملک کی بدلتی ہوئی صحت نگہداشت کی ضروریات کو پورا کر سکے۔

 

***

ش ح۔ م ح۔ف ر

 7478:U-No

 


(ریلیز آئی ڈی: 2334897) وزیٹر کاؤنٹر : 7
یہ ریلیز پڑھیں: English , Gujarati