سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

پیشہ ورانہ خطرات سے محفوظ روزگار کی جانب پیش قدمی


نمستے اسکیم کے ذریعے وقار اور عزت نفس کے ایک نئے باب کا آغاز

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 10 NOV 2026 6:45PM by PIB Delhi

60 سالہ جناب سبرامنیم (تبدیل شدہ نام) کی زندگی کی کہانی اس بات کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے کہ صفائی کارکنوں کے لیے پیشہ ورانہ تحفظ، صحت کی حفاظت اور روزگار کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

نمستے اسکیم کے تحت حفاظتی سازوسامان تک رسائی اور بیداری سے متعلق تربیت نے انہیں زیادہ اعتماد، بہتر صحت اور وقار کے ساتھ اپنا پیشہ جاری رکھنے میں مدد فراہم کی ہے۔ ان کا تجربہ اس بات کو نمایاں کرتا ہے کہ نمستے اسکیم کے تحت ہدفی اقدامات صفائی کارکنوں کے لیے کام کرنے کے زیادہ محفوظ حالات، روزگار کے بہتر مواقع اور زیادہ باوقار مستقبل کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔

پڈوچیری میونسپلٹی سے وابستہ اور درج فہرست ذات (ایس سی) برادری سے تعلق رکھنے والے صفائی کارکن جناب سبرامنیم نے 15 سال سے زائد عرصے تک سیور اور سیپٹک ٹینکوں کی صفائی کا مشکل کام انجام دیا ہے۔ اپنی پوری ملازمت کے دوران انہیں اکثر خطرناک حالات میں کام کرنا پڑا اور عموماً انہیں مناسب حفاظتی سازوسامان یا پیشہ ورانہ تحفظ کے ضروری اقدامات بھی دستیاب نہیں تھے۔ مضر فضلے سے طویل عرصے تک واسطہ رہنے کے نتیجے میں انہیں بار بار جلد کے انفیکشن اور سانس لینے میں تکلیف کا سامنا کرنا پڑا، جس سے باقاعدگی کے ساتھ کام کرنے اور اپنی صحت برقرار رکھنے کی ان کی صلاحیت متاثر ہوئی۔

چار افراد پر مشتمل خاندان کے واحد کفیل ہونے کے ناطے، صحت سے متعلق ان مسائل نے ان کے گھرانے پر خاصا مالی دباؤ ڈال دیا۔ بار بار علاج معالجے پر ہونے والے اخراجات نے خاندان کے محدود وسائل پر مزید بوجھ ڈالا، جبکہ تقریباً 12,000 روپے کی معمولی ماہانہ آمدنی میں گھریلو ضروریات پوری کرنا مشکل ہو گیا۔ ان تمام مشکلات کے باوجود وہ اپنے پیشے سے وابستہ رہے اور اپنی حفاظت اور صحت کو یقینی بناتے ہوئے عزت و وقار کے ساتھ روزی کمانے کا سلسلہ جاری رکھنے کے خواہش مند تھے۔

2025 میں سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت کے ذریعے نافذ کی جانے والی نیشنل ایکشن فار میکانائزڈ سینیٹیشن ایکو سسٹم (نمستے) اسکیم کے تحت ایک اہم تبدیلی رونما ہوئی۔ اس اسکیم کے تحت انہیں ذاتی حفاظتی سازوسامان (پی پی ای) کی ایک مکمل کٹ فراہم کی گئی، جس میں حفاظتی اوورآل، مضبوط دستانے، ربڑ کے بوٹ، چہرے کا ماسک اور حفاظتی ہیلمٹ شامل تھے۔ اس کے علاوہ انہیں صفائی کے محفوظ طریقوں اور پیشہ ورانہ صحت کو لاحق خطرات سے بچاؤ کے بارے میں بیداری کی تربیت بھی دی گئی۔

حفاظتی سازوسامان کی فراہمی اور حفاظتی تدابیر سے متعلق آگاہی نے ان کے کام کے حالات میں بامعنی بہتری لائی۔ پیشہ ورانہ خطرات سے بہتر تحفظ ملنے کے باعث ان کی صحت میں نمایاں بہتری آئی، کام سے غیر حاضری کے واقعات میں کمی ہوئی اور علاج معالجے کے اخراجات بھی گھٹ گئے۔ بہتر صحت اور کام میں باقاعدگی کے نتیجے میں ان کی ماہانہ آمدنی بھی تقریباً 12,000 روپے سے بڑھ کر 16,000 سے 18,000 روپے تک پہنچ گئی، جس سے ان کی مالی حالت مزید مستحکم ہوئی۔

******

ش ح۔ ف ش ع

                                                                                                                                       U: 7472


(ریلیز آئی ڈی: 2334827) وزیٹر کاؤنٹر : 3
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी