ارضیاتی سائنس کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ای ایس ایس سی کے جنرل باڈی میٹنگ کی صدارت کی، ہندوستان کی سائنسی کامیابیوں کو اجاگر کرنے کے لیے عوام مرکوز سائنسی ابلاغ پر زور دیا


مرکزی وزیر نے ڈیپ اوشن مشن، موسم کی پیش گوئی، سمندری خدمات اور قطبی تحقیق کے شعبوں میں ارضیاتی سائنس کے اداروں کی اہم کامیابیوں کا جائزہ لیا

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ متسیا-6000 اور ہند-فرانس تعاون کے ذریعے ہندوستان کی گہرے سمندر میں تحقیق و تلاش کی سر گرمیا ں  آگے بڑھ رہی ہیں

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ سمندری معلوماتی خدمات، قطبی مہمات اور گلیشیئرز پر تحقیق سے ہندوستان کی سائنسی صلاحیتوں اور عوامی افادیت میں اضافہ ہو رہا ہے

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے سائنسی نتائج کو تیز رفتار بنانے کے لیے قطبی اور ٹھوس ارضیاتی علوم کے شعبوں میں مشن موڈ پر مبنی حکمت عملی اپنانے کی تجویز پیش کی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 10 NOV 2026 5:27PM by PIB Delhi

سائنس اور ٹیکنالوجی اور ارضیاتی علوم کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) اور وزیر اعظم کے دفتر ، عملہ ، عوامی شکایات اور پنشن ، جوہری توانائی اور خلا کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج ارتھ سسٹم سائنسز کونسل (ای ایس ایس سی) کے دوسرے جنرل باڈی میٹنگ کی صدارت کی۔ اس موقع پر انہوں نے عوام مرکوز سائنسی ابلاغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی سائنسی کامیابیوں کو عام لوگوں کے لیے قابلِ فہم، مؤثر اور دلچسپ انداز میں پیش کرنے کی ضرورت ہے۔

عوام مرکوز سائنسی ابلاغ کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ سائنسی میدان میں ہونے والی اہم پیش رفت، تکنیکی اختراعات اور تحقیقی نتائج کو سادہ زبان میں عوام تک پہنچایا جانا چاہیے، تاکہ عام شہری ان کی اہمیت اور قومی افادیت کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔

میٹنگ میں ارتھ سسٹم سائنسز کونسل (ای ایس ایس سی) کے پانچ ذیلی اداروں، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوشن ٹیکنالوجی (این آئی او ٹی)، انڈین نیشنل سینٹر فار اوشن انفارمیشن سروسز (اِنکوئس)، نیشنل سینٹر فار ارتھ سائنس اسٹڈیز (این سی ای ایس ایس)، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹراپیکل میٹرولوجی (آئی آئی ٹی ایم) اور نیشنل سینٹر فار پولر اینڈ اوشن ریسرچ (این سی پی او آر) کی مالی سال 2025-26 کی سالانہ رپورٹوں اور آڈٹ شدہ حسابات کا جائزہ لیا گیا۔ اس اجلاس میں وزارت برائے ارضیاتی علوم کے سکریٹری ڈاکٹر ٹی۔ سرینواسا کمار، سائنسی و صنعتی تحقیق کی کونسل (سی ایس آئی آر) کی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر این۔ کلیسیلوی، وزارت برائے ارضیاتی علوم کے جوائنٹ سکریٹری ڈاکٹر جی۔ آر۔ ایس۔ راؤ، ایڈیشنل سکریٹری و مالیاتی مشیر چیتن پرکاش جین کے علاوہ وزارت اور اس کے اداروں کے سینئر سائنس دانوں اور عہدیداروں نے شرکت کی۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اس بات پر زور دیا کہ تحقیقی اور تکنیکی کامیابیوں کو معاشرے کے لیے مزید قابل فہم اور قابل رسائی بنانے کے لیے سائنسی معلومات کے ساتھ ابلاغ کے پیشہ ورانہ تجربے کو بھی بروئے کار لانا ضروری ہے۔ انہوں نے اداروں کی ابلاغی ٹیموں کے درمیان بہتر تال میل، ذرائع ابلاغ کے پیشہ ور افراد کے ساتھ باقاعدہ رابطے اور سائنسی کامیابیوں، تکنیکی استعمالات اور عوامی خدمات کو زیادہ مؤثر انداز میں پیش کرنے کے لیے تخلیقی طریقے اپنانے کی حوصلہ افزائی کی۔

ڈیپ اوشن مشن کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ کو ہندوستان کے انسانی گہرے سمندر میں تحقیق و کھوج کے پروگرام میں ہونے والی اہم پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ اس میں متسیا-6000 کی تیاری بھی شامل ہے، جو ہندوستان کی آبدوز ہے اور 6,000 میٹر کی گہرائی تک غوطہ لگانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ہندوستانی آبی محققین نے ہندوستان اور فرانس کی مشترکہ مہم کے دوران آبدوز ’’نوٹیل‘‘ کے ذریعے 4,025 میٹر اور 5,002 میٹر کی گہرائی تک کامیابی کے ساتھ غوطے لگائے، جو گہرے سمندر میں تحقیق و کھوج کی ہندوستانی صلاحیتوں میں ایک اہم پیش رفت ہے۔

این آئی او ٹی نے مقامی سطح پر تیار کردہ سمندری ٹیکنالوجیز کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا، جس میں لکشدیپ کے لیے پانی کو صاف کرنے کے جدید حل، سمندر میں مچھلیوں کی پرورش کے لیے پنجرہ جاتی ٹیکنالوجی، سمندری سائنسی آلات، گہرے سمندر میں معدنیات کی تلاش اور سمندری حرارتی توانائی کو برقی توانائی میں تبدیل کرنے کی ٹیکنالوجی شامل ہیں۔ یہ اقدامات سمندری تحقیق و تلاش، بحری سائنسی تحقیق اور سمندری وسائل کے پائیدار استعمال کے شعبوں میں ہندوستان کی صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرتے ہیں۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے مشن موسم اور پرتھوی)پی آر آئی ٹی ایچ وی آئی ) پروگرام کے تحت ہونے والی سائنسی پیش رفت کا جائزہ لیا، جس میں بھارت فورکاسٹنگ سسٹم، موسم کی پیش گوئی کے جدید عددی نظام اور فضائی مشاہداتی نیٹ ورکس میں ہونے والی پیش رفت شامل ہے۔

آئی آئی ٹی ایم کی تحقیق بہتر ماڈلنگ نظام، مشاہداتی بنیادی ڈھانچے کی توسیع اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) و مشین لرننگ (ایم ایل) کے جدید استعمالات کے ذریعے موسم اور آب و ہوا کی پیش گوئی کو مزید مؤثر بنا رہی ہے۔ ان کوششوں کا مقصد پیش گوئی کی صلاحیتوں کو بہتر بنانا اور موسم و آب و ہوا سے متعلق چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ہندوستان کی سائنسی تیاری کو مضبوط کرنا ہے۔

وزیر موصوف نے ماہی گیروں، ساحلی علاقوں میں رہنے والی آبادی اور بحری شعبے سے وابستہ متعلقہ فریقوں کے لیے اِنکوئس(آئی این سی او آئی ایس) کی بڑھتی ہوئی سمندری معلوماتی اور مشاورتی خدمات کا جائزہ لیا۔ ان خدمات میں متعدد زبانوں میں سمندری مشورے، ماہی گیری سے متعلق معلومات، سمندری لہروں کے باعث ساحلی علاقوں میں پانی کے داخل ہونے کی پیش گوئی اور سمندری مشاہدات پر مبنی معلوماتی مصنوعات شامل ہیں۔ یہ خدمات عوامی سہولتوں کی فراہمی اور ساحلی علاقوں کی تیاری و تحفظ کے لیے سمندری سائنس کے استعمال کو مزید مستحکم کر رہی ہیں۔

این سی ای ایس ایس نے ارضیاتی علوم کے شعبے میں اپنی سائنسی خدمات پیش کیں، جن میں لینڈ سلائیڈنگ، ارضیاتی پرتوں کی حرکات، سمندری ساختوں، فضائی معلق ذرات اور مغربی گھاٹ کے علاقے میں بارش سے متعلق تحقیق شامل ہے۔ اس کے ساتھ ہی سائنسی تجربہ گاہوں اور تحقیقی سہولتوں کی ترقی کے سلسلے میں کی جانے والی کوششوں کو بھی اجاگر کیا گیا۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے قطبی اور سمندری تحقیق کے شعبوں میں این سی پی او آر کی کامیابیوں کا جائزہ لیا، جن میں 95 ارکان پر مشتمل 45ویں ہندوستانی انٹارکٹک مہم، 16ویں ہندوستانی آرکٹک مہم، ہمالیہ میں گلیشیئرز کی نگرانی اور جنوبی سمندر میں سائنسی تحقیقات شامل ہیں۔

قطبی خطوں کے ماحول، گلیشیئرز کی حرکیات، سمندر اور فضا کے باہمی تعامل اور کاربن کے چکر سے متعلق تحقیق موسمیاتی تبدیلی اور عالمی ماحولیاتی عمل کو بہتر طور پر سمجھنے میں مسلسل معاون ثابت ہو رہی ہے۔ اس سے بین الاقوامی قطبی تحقیق میں ہندوستان کا تعاون بھی مزید مستحکم ہو رہا ہے۔

اپنے اختتامی کلمات میں ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اراکین کی تجاویز اور تعاون کا خیرمقدم کیا اور وزارت کی جانب سے ان پر ضروری کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے اراکین کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ باضابطہ اجلاسوں کے علاوہ بھی اپنے خیالات اور تجاویز ان کے ساتھ، سکریٹری اور متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ مسلسل شیئر کرتے رہیں۔ انہوں نے ان اداروں کو ایک وسیع سائنسی خاندان قرار دیا، جو ہندوستان کی ارضیاتی علوم سے متعلق صلاحیتوں کو آگے بڑھانے کے لیے اجتماعی طور پر کام کر رہا ہے۔

***

ش ح۔ ش آ۔ ج

uno-7462


(ریلیز آئی ڈی: 2334773) وزیٹر کاؤنٹر : 7
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil