بندرگاہوں، جہازرانی اور آبی گزرگاہوں کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

یمنا تفریحی کروز سروس کے آغاز کے ساتھ دہلی میں آبی سیاحت کا آغاز


مرکزی وزیر سربانند سونووال نے دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی موجودگی میں منصوبے کا افتتاح کیا

سونیا وہار سے جگت پور تک کے راستے پر 30 نشستوں والی الیکٹرک  کشتی کا آغاز؛ اس پہل کا مقصد دہلی میں پائیدار سیاحت کو فروغ دینا ہے

روشنی اور صوتی اثرات کے شاندار مظاہرے کے ذریعے یمنا کی دیو مالائی  روایات اور تاریخی ورثے کو اجاگر کیا جائے گا

یمنا کروز سروس دہلی میں آبی سیاحت کی ایک نئی لہر کا اشارہ ہے: سربانند سونووال

دہلی کے دریائی کنارے کو ایک پُرکشش عوامی مقام کے طور پر ترقی دینے کے لیے پُرعزم ہیں: ریکھا گپتا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 10 NOV 2026 5:47PM by PIB Delhi

دہلی نے آج دریائے یمنا پر اپنی پہلی تفریحی کروز سروس کے افتتاح کے ساتھ آبی سیاحت کے امکانات کو وسعت دینے کی سمت میں ایک اہم قدم اٹھایا۔ اس سروس کا افتتاح بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے مرکزی وزیر سربانند سونووال نے دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی موجودگی میں یہاں سونیا وہار میں کیا۔

سونیا وہار سے جگت پور تک کے راستے پر تیار کیے گئے اس منصوبے کا مقصد یمنا کے سیاحتی اور تفریحی امکانات کو بروئے کار لانا اور مقامی باشندوں اور سیاحوں کو قومی دارالحکومت کی سیر کا ایک نیا انداز فراہم کرنا ہے۔ اس کا آغاز ملک کی ندیوں کی  سیاحت، مسافروں کی آمد و رفت اور اقتصادی سرگرمیوں کے اہم مراکز کے طور پر ترقی دینے کی مرکزی حکومت کی کوششوں میں ایک اور سنگ میل بھی ہے۔

اس افتتاحی تقریب میں بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے وزیر مملکت شانتا نو ٹھاکر؛ سڑک نقل و حمل اور شاہراہوں کے وزیر مملکت ہرش ملہوترا؛ تعمیراتِ عامہ اور آب پاشی و سیلاب پر قابو پانے کے وزیر پرویش صاحب سنگھ؛ سیاحت کے وزیر کپل مشرا؛ جنگلات، ماحولیات اور صنعتوں کے وزیر منجندر سنگھ سرسا اور رکن پارلیمنٹ منوج تیواری نے شرکت کی۔ ان کے علاوہ مرکزی حکومت اور دہلی حکومت کے کئی سینئر افسران بھی موجود تھے، جن میں وزارتِ بندرگاہ، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے سکریٹری وجے کمار، دہلی حکومت کے چیف سکریٹری راجیو ورما اور بھارتی اندرونِ ملک آبی گزرگاہوں کی اتھارٹی (آئی ڈبلیو اے آئی) کے چیئرمین سشیل کمار لوہانی شامل تھے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سربانند سونووال نے کہا کہ یہ منصوبہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک کی وسیع اندرونِ ملک آبی گزرگاہوں کی صلاحیت کو بروئے کار لانے  کے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

سربانند سونووال نے کہا، ’’وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بھارت کی ندیاں اور اندرونِ ملک آبی گزرگاہیں اقتصادی ترقی، سیاحت اور پائیدار رابطے کے اہم ذرائع کے طور پر ابھر رہی ہیں۔ یمنا پر دہلی کی پہلی تفریحی کروز سروس کا آغاز لوگوں کو ایک بار پھر اپنی دریاؤں سے جوڑنے اور ان کے وسیع امکانات سے فائدہ اٹھانے کی سمت میں ایک اور قدم ہے۔ یہ سروس شہر میں دریائی سیاحت کی ایک نئی لہر کا اشارہ ہے۔ ہم صاف ستھری اور زیادہ مؤثر نقل و حرکت کے اپنے عزم کو آگے بڑھاتے ہوئے آبی گزرگاہوں کو سیاحت، تجارت اور روزگار کے مواقع کے ذرائع میں تبدیل کر رہے ہیں۔ یہ وکست بھارت کی تعمیر کے ہمارے وژن کا ایک اہم حصہ ہے۔‘‘

اس منصوبے کے تحت 30 نشستوں والی ایک الیکٹرک کروز کشتی چلائی جائے گی، جس کے ذریعے سیاح دریائے یمنا کے تقریباً 6 کلومیٹر طویل راستے پر آمد و رفت کے دوران قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔ الیکٹرک کشتیوں کا استعمال صاف ستھری اور پائیدار نقل و حمل کے لیے اندرونِ ملک آبی گزرگاہوں کی صلاحیت کو اجاگر کرتا ہے۔

وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ اس پہل سے دہلی کے سیاحتی منظرنامے کو ایک نئی جہت ملے گی اور یمنا کے ساتھ عوامی وابستگی مزید مضبوط ہوگی۔

ریکھا گپتا نے کہا، ’’یمنا دہلی کی تاریخ، ثقافت اور شناخت کا ایک لازمی حصہ ہے۔ یہ تفریحی کروز سروس مقامی باشندوں اور سیاحوں کو دریا سے لطف اندوز ہونے کا ایک نیا موقع فراہم کرے گی، اس کے ساتھ ہی سیاحت اور مقامی اقتصادی سرگرمیوں کے نئے امکانات بھی پیدا ہوں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی متحرک قیادت میں ہم دہلی کے دریائی کنارے کو ایک پُرکشش عوامی مقام کے طور پر ترقی دینے کے لیے پُرعزم ہیں، جہاں بہتر سہولیات، پائیدار بنیادی ڈھانچے اور شہر کے تاریخی ورثے کی عکاسی کرنے والے تجربات دستیاب ہوں گے۔‘‘

وسیع تر ماحول دوست سیاحتی مقام کے طور پر تیار کیے جانے والے یمنا منصوبے میں تفریحی سرگرمیوں اور سیاحوں کی سہولت کے لیے متعدد انتظامات شامل ہیں۔ اس کا ایک اہم کشش موسیقی پر مبنی فوارہ ہے، جس میں روشنی اور آواز کا مربوط مظاہرہ پیش کیا جائے گا۔ اس کے ذریعے یمنا کی تاریخ اور روحانی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا، جس میں سوریا دیو، یم اور بھگوان شری کرشن کی  لیلا، بالخصوص کالیہ دمن کی مشہور داستان کو پیش کیا جائے گا۔

اس مقام پر کھانے پینے کے لیے فوڈ کورٹ، خریداری کا علاقہ، بچوں کے کھیلنے کا مقام اور مہم جوئی پر مبنی کھیلوں کی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں، جن میں اسکیٹنگ اور پہاڑ پر چڑھنے کی سرگرمیاں شامل ہیں۔ سیاحوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے جدید تیرتے ہوئے جیٹیز، مخصوص ٹکٹ کاؤنٹر، آن لائن بکنگ کی سہولت، بیت الخلا، انتظار گاہیں اور روشنیوں سے آراستہ آمد و رفت کے راستے بھی تیار کیے گئے ہیں۔

قومی آبی گزرگاہوں کے قانون، 2016 کے تحت یمنا کو قومی آبی گزرگاہ-110 قرار دیا گیا ہے۔ کروز سروس کا آغاز قومی دارالحکومت میں تفریحی آبی سفر اور دریائی سیاحت کے لیے اس آبی گزرگاہ کو ترقی دینے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔

یہ پہل بھارت کی اندرونِ ملک آبی گزرگاہوں میں وسیع تر قومی تبدیلی کے عمل کا حصہ ہے۔ قومی آبی گزرگاہوں کے ذریعے مال برداری 14-2013 میں 1.8 کروڑ میٹرک ٹن سے بڑھ کر26-2025  میں 21.8 کروڑ میٹرک ٹن ہو گئی ہے، جو ملک کے رسدی نظام میں آبی گزرگاہوں کے بڑھتے ہوئے کردار کی عکاسی کرتی ہے۔ آبی گزرگاہوں کے ذریعے مال برداری پر فی ٹن کلومیٹر تقریباً 1.06 روپے لاگت آتی ہے، جبکہ ریل کے ذریعے یہ لاگت 1.41 روپے اور سڑک کے ذریعے 2.28 روپے ہے۔ اس طرح اندرونِ ملک آبی راستے سامان کی نقل و حمل کا ایک کم خرچ متبادل فراہم کرتے ہیں۔

آبی  کروز سیاحت اس توسیع کا ایک اور ابھرتا ہوا پہلو ہے۔ رات بھر کے سفر کی سہولت فراہم کرنے والے دریائی کروز جہازوں کی تعداد 14-2023  میں 5 سے بڑھ کر 26-2025 میں 26 ہو گئی ہے۔ ایم وی گنگا ولاس کا تاریخی سفر ایک نمایاں سنگ میل ہے، جسے لمکا بک آف ریکارڈز میں دنیا کے سب سے طویل دریائی کروز سفر کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔ بھارت اور بنگلہ دیش میں 3,200 کلومیٹر سے زیادہ کا فاصلہ طے کرنے والے اس سفر کے دوران 50 سیاحتی مقامات کو آپس میں جوڑا گیا اور دو ممالک، پانچ ریاستوں اور 27 دریائی نظاموں سے گزر ہوا۔

تفریحی یمنا ریور کروز سروس کو وزارتِ بندرگاہ، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے تحت بھارتی اندرونِ ملک آبی گزرگاہوں کی اتھارٹی نے دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی، دہلی ٹورزم اینڈ ٹرانسپورٹیشن ڈیولپمنٹ کارپوریشن، دہلی جل بورڈ اور دہلی حکومت کے محکمہ آب پاشی و انسدادِ سیلاب کے اشتراک سے تیار کیا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261110174925_4c9464.jpg https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image002_20261110174931_33691d.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image003_20261110174939_b53e07.jpg https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image004_20261110174946_54c486.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image005_20261110174958_164330.jpg https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image006_20261110175010_d5ffb9.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image007_20261110175020_89c622.jpg https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image008_20261110175028_2721f8.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image009_20261110175036_3cda1e.jpg https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image010_20261110175042_0b41a7.jpg

***

) ش ح –ض ر-ق ر)

U.No. 7464


(ریلیز آئی ڈی: 2334761) وزیٹر کاؤنٹر : 10
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Gujarati