پوسٹ کرنے کی تاریخ:
10 NOV 2026 5:21PM by PIB Delhi
جناب سائن رائے (نام تبدیل کیا گیا ہے) کا سفر اس بات کی مثال ہے کہ بروقت تعلیمی معاونت کس طرح طلبہ کو مالی اور جغرافیائی رکاوٹوں پر قابو پانے، تحقیق کے لیے ضروری وسائل تک رسائی حاصل کرنے اور اپنے تعلیمی عزائم کی تکمیل میں مدد کر سکتی ہے۔ یہ سفر اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور خواہش مند محققین کو تعلیمی برادری میں بامعنی کردار ادا کرنے کے قابل بنانے میں این ایف ایس سی اسکیم کے اہم کردار کو بھی اجاگر کرتا ہے۔
مغربی بنگال کے دارجلنگ سے تعلق رکھنے والے 32 سالہ جناب سائن رائے درج فہرست ذات سے تعلق رکھنے والے ایک محقق ہیں، جو عزم و حوصلے اور علمی تحقیق کے تئیں گہری وابستگی کے ساتھ پی ایچ ڈی کر رہے ہیں۔ تاہم، معیاری ڈاکٹریٹ تحقیق کرنے کے ان کے عزائم کے ساتھ مالی مشکلات بھی وابستہ تھیں۔ ایک کل وقتی محقق ہونے کے ناطے، آمدنی کے محدود ذرائع کے باعث تعلیمی اخراجات اور روزمرہ زندگی کے اخراجات پورے کرنا ان کے اور ان کے خاندان کے لیے ایک بڑا بوجھ تھا۔
ان کا تعلق ایسے خاندان سے ہے جہاں ان کے والدین ان کے بہن بھائی کی تعلیم کے اخراجات بھی برداشت کر رہے تھے۔ ایسے میں انہیں مکان کے کرائے، بجلی کے بل، رہائش، کتابوں، اسٹیشنری، فیلڈ ورک اور سفر سے متعلق اخراجات پورے کرنے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ محدود وسائل کے باعث وہ ذاتی لیپ ٹاپ بھی نہیں خرید سکتے تھے اور انہیں اکثر مستعار لئے ہوئے آلات یا یونیورسٹی کی سہولتوں پر انحصار کرنا پڑتا تھا۔
دارجلنگ کی پہاڑیوں میں انٹرنیٹ کی غیر مستقل سہولت نے آن لائن تعلیمی وسائل تک ان کی رسائی کو مزید متاثر کیا۔ مالی مشکلات کے باعث کانفرنسوں، ورکشاپس اور سیمیناروں میں شرکت کرنا بھی ان کے لیے دشوار تھا۔
درج فہرست ذات کے طلبہ کے لیے قومی فیلوشپ (این ایف ایس سی) اسکیم نے ان کے تعلیمی سفر میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ نومبر 2022 سے انہیں فیلوشپ، مکان کے کرائے کے الاؤنس (ایچ آر اے) اور ہنگامی اخراجات کی مد میں مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
اب تک انہیں مجموعی طور پر 18,41,870 روپے کی مالی امداد موصول ہو چکی ہے، جس سے انہیں تعلیمی اور روزمرہ زندگی کے ضروری اخراجات پورے کرنے اور زیادہ اعتماد و استحکام کے ساتھ ڈاکٹریٹ کی تعلیم جاری رکھنے میں مدد ملی ہے۔

اس معاونت کی بدولت وہ لیپ ٹاپ خریدنے، انٹرنیٹ کا قابلِ اعتماد کنکشن حاصل کرنے اور کتابوں، اسٹیشنری سمیت تحقیق کے دیگر ضروری مواد کا انتظام کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ اس سے انہیں کانفرنسوں اور سیمیناروں کی رجسٹریشن فیس، سفری اخراجات اور فیلڈ ورک پر آنے والے اخراجات پورے کرنے میں بھی مدد ملی ہے۔ خاص طور پر، اس مالی معاونت کے باعث وہ اپنی تحقیق کے ایک اہم حصے، یعنی وسیع پیمانے پر فیلڈ ورک ، کو انجام دینے کے ساتھ ساتھ علمی سرگرمیوں میں بھی زیادہ فعال طور پر حصہ لے سکے ہیں۔
آج جناب سائن رائے مالی غیر یقینی صورتِ حال میں کمی کے باعث اپنی پی ایچ ڈی کی تحقیق پر زیادہ توجہ مرکوز کر پا رہے ہیں۔ اس فیلوشپ نے ایک محقق کی حیثیت سے ان کی علمی کارکردگی اور خود اعتمادی کو مضبوط کیا ہے، جبکہ تعلیمی اور رہائشی اخراجات کے لیے خاندان پر ان کا انحصار بھی کم ہوا ہے۔
.....................
) ش ح –ض ر-ق ر)
U.No. 7460