محنت اور روزگار کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

 پی ڈی یو این اے ایس ایس نے انڈین جرنل آف سوشل سیکورٹی اور دو اہم مطبوعات کے اجراء کے ساتھ ای پی ایف او کا 74واں یومِ تاسیس منایا


 ان تینوں مطبوعات میں تحقیق، علمی و فکری سرگرمیوں اور حکمرانی میں احساسِ ہمدردی کو اجاگر کیا گیا ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 06 NOV 2026 5:20PM by PIB Delhi

ملازمین کے پروویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن (ای پی ایف او) کے 74ویں یومِ تاسیس کے موقع پر، یکم نومبر 2026 کو نئی دہلی کے ڈاکٹر امبیڈکر انٹرنیشنل سینٹر میں منعقدہ تقریب کے دوران، محنت و روزگار اور امورِ نوجوانان و کھیل کود کے مرکزی وزیرڈاکٹر منسکھ منڈاویا نے پنڈت دین دیال اپادھیائے نیشنل اکیڈمی آف سوشل سیکورٹی (پی ڈی یو این اے ایس ایس) کی جانب سے شائع کردہ تین مطبوعات کا اجرا کیا۔ اس موقع پر وزارتِ محنت و روزگار کے سکریٹری ڈاکٹر چندر بھوشن کمار اورسینٹرل پروویڈنٹ فنڈ کمشنر (سی پی ایف سی) جناب رمیش کرشن مورتی بھی موجود تھے۔ ان مطبوعات میں دی انڈین جرنل آف سوشل سیکورٹی، جلد اول، 2026؛ ری امیجننگ گورننس: ڈسکورس فار ایکسی لینس (آر جی ڈی ای) اور شاسن ودھی میں کرُونا (حکمرانی میں ہمدردی) شامل ہیں۔ یہ تینوں مطبوعات اکیڈمی کے کام کے تین اہم پہلوؤں کی عکاسی کرتی ہیں، جن میں تحقیق، علمی و فکری سرگرمیاں اور حکمرانی میں ہمدردی شامل ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/file/2026/nov/image001_20261109172144_f3075f.gif

دی انڈین جرنل آف سوشل سکیورٹی: زمینی تجربات اور تحقیق کے درمیان رابطے کا ذریعہ

انڈین جرنل آف سوشل سکیورٹی کی پہلی جلد ای پی ایف او میں تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ یہ فیلڈ ریسرچ ایکسی لینس پروگرام (پی ایف آر ای) کا نتیجہ ہے، جس کا تصور پیش کرنے اور اسے باضابطہ شکل دینے کا کام پی ڈی یو این اے ایس ایس کے ڈائریکٹر جناب کمار روہت نے انجام دیا۔ اس پروگرام کا مقصد ای پی ایف او کے افسران کو اپنے زمینی تجربات اور پیشہ ورانہ بصیرت کو بامعنی تحقیق کی شکل دینے کے قابل بنانا ہے۔

فیلڈ کے تجربات کو ادارہ جاتی معلومات کا ایک اہم ذریعہ تسلیم کرتے ہوئے، پی ایف آر ای افسران کو منظم تحقیق اور علمی سرگرمیوں کے ذریعے سماجی تحفظ کے انتظام و انصرام میں درپیش عملی چیلنجوں کا جائزہ لینے کی ترغیب دیتا ہے۔ اس کی پہلی جلد میں لیبرمارکیٹ سے متعلق سروے، سماجی تحفظ کے مختلف نظاموں کا تقابلی مطالعہ، ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچہ، ای پی ایف او کی خدمات تک رسائی، پروویڈنٹ فنڈ کی رقم نکالنے، ٹھیکے پر کام کرنے والے مزدوروں، شکایات کے ازالے، پنشن کی شراکت، سرمایہ کاری کی حکمت عملیوں، نقل مکانی کرنے والے مزدوروں اور دھوکہ دہی کی نشاندہی جیسے موضوعات پر تحقیقی مقالے شامل ہیں۔

علمی مطبوعات کی اشاعت سے آگے بڑھ کر، پی ایف آر ای کا مقصد شواہد پر مبنی ایسی معلومات تیار کرنا ہے جو پالیسی سازی میں رہنمائی فراہم کریں، انتظامی طریقۂ کار کو بہتر بنائیں اور خدمات کی فراہمی کو مزید مستحکم کریں۔ اس کا ایک مقصد وسیع تر علمی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور پی ڈی یو این اے ایس ایس کو سماجی تحفظ کے شعبے میں ایک اہم علمی مرکز کے طور پر قائم کرنا بھی ہے۔ یہ جریدہ سماجی تحفظ اور محنت کشوں کی فلاح و بہبود سے متعلق عصری مسائل پر تحقیق اور پیشہ ورانہ تبادلۂ خیال کے لیے ایک مستقل پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔

اس جلد کی اشاعت میں ادارتی اور اشاعتی سطح پر مشترکہ کوششیں کی گئیں۔ پی ڈی یو این اے ایس ایس کے، آر پی ایف سی۔ اوّل،جناب پرشانت شرما نے دیگر متعلقہ افراد کے ساتھ مل کر اس کے ادارتی اور اشاعتی کام کی قیادت کی۔ یہ جریدہ ای پی ایف او میں تحقیق کے ایک مسلسل فروغ پانے والے رجحان کی ابتدا ہے، جو زمینی تجربات کو پالیسی سازی سے جوڑتے ہوئے اراکین اور پنشن یافتگان کے لیے بہتر نتائج کی راہ ہموار کرے گا۔

حکمرانی کے نئے تصورات: اعلیٰ معیار کے لیے فکری مکالمے کا سفر

دوسری مطبوعہ تصنیف ری امیجننگ گورننس: ڈسکورس فار ایکسی لینس (آر جی ڈی ای) ایک کافی ٹیبل کتاب ہے، جس میں پی ڈی یو این اے ایس ایس کے اہم خطبوں اور مکالموں پر مشتمل سلسلے کی روداد پیش کی گئی ہے۔ اس سلسلے کا آغاز دسمبر 2023 میں کیا گیا تھا۔ اس پہل کے تحت مختلف شعبوں کی ممتاز شخصیات کو سرکاری ملازمین کے ساتھ حکمرانی، قیادت، اخلاقیات، عوامی پالیسی اور ادارہ جاتی معیار جیسے موضوعات پر تبادلۂ خیال کے لیے ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جاتا ہے۔

اس کتاب میں تقریباً تین برس کے دوران منعقد ہونے والے 26 سیشنز کو دستاویزی شکل دی گئی ہے، جن میں عوامی زندگی، تعلیم و تحقیق، ادب، معاشیات، سماجی ترقی اور سائنس کے شعبوں کی نامور شخصیات نے شرکت کی۔ ان مقررین میں امن کے نوبل انعام یافتہ کیلاش ستیارتھی، ماہرِ معاشیات سنجیو سانیال، سماجی کارکن راجندر سنگھ، ڈاکٹر دیوی شیٹی اور ڈاکٹر ششی تھرور شامل ہیں۔ اس سلسلے کے آخری اجلاس میں کیرالہ اور بہار کے سابق گورنر جناب عارف محمد خان نے شرکت کی تھی، جسے بھی کتاب میں شامل کیا گیا ہے۔

تصاویر اور اہم خیالات کے ذریعے یہ مطبوعہ تصنیف پی ڈی یو این اے ایس ایس کی ان کوششوں کو اجاگر کرتی ہے، جن کا مقصد روایتی تربیتی طریقوں سے آگے بڑھتے ہوئے ای پی ایف او میں مکالمے، غور و فکر پر مبنی قیادت، اخلاقی اصولوں کے تحت عوامی خدمات اور مسلسل سیکھنے کے رجحان کو فروغ دینا ہے۔

شاسن ودھی میں کرُونا: حکمرانی میں ہمدردی کا عملی مظاہرہ

تیسری مطبوعہ تصنیف شاسن ودھی میں کرُونا (حکمرانی میں ہمدردی) میں ای پی ایف او کے 62 علاقائی دفاتر سے جمع کیے گئے حقیقی واقعات پر مبنی 83 کیس اسٹڈیز شامل ہیں۔ ان واقعات میں ایسے مواقع کو نمایاں کیا گیا ہے جب افسران اور ملازمین نے مشکل حالات سے دوچار اراکین اور پنشن یافتگان کی مدد کے لیے اپنی معمول کی سرکاری ذمہ داریوں سے بڑھ کر کام کیا۔

ان واقعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہمدردانہ مداخلت اور ذاتی پہل کے ذریعے طویل عرصے سے زیر التوا معاملات کو حل کرنے اور سماجی تحفظ کے فوائد بحال کرنے میں کس طرح مدد ملی۔ ان میں معمر پنشن یافتگان، کمزور اور ضرورت مند مستفیدین، مالی مشکلات سے دوچار خاندانوں اور اپنے جائز حقوق و مراعات تک رسائی میں دشواریوں کا سامنا کرنے والے اراکین کے تجربات شامل ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/file/2026/nov/image002_20261109172153_026e27.gif

اس جلد کو پی ڈی یو این اے ایس ایس کے، آر پی ایف سی۔ اوّل جناب رام آنند کی خصوصی کاوشوں سے مرتب کیا گیا، جنہوں نے ای پی ایف او کے علاقائی دفاتر سے واقعات پر مبنی مطالعات جمع کرنے کے عمل کو مربوط کیا۔ اس مطبوعہ تصنیف میں انتظامی طریقۂ کار کے پس پردہ انسانی کہانیوں کو سامنے لایا گیا ہے اور یہ دکھایا گیا ہے کہ بروقت مداخلت اور حساس رویہ کس طرح بامعنی تبدیلی لا سکتا ہے۔

یہ مطبوعہ تصنیف اس بات کو اجاگر کرتی ہے کہ ہمدردی محض انفرادی خوبی نہیں ہے بلکہ اسے ادارہ جاتی طور طریقوں اور خدمات کی فراہمی کے نظام کا حصہ بھی بنایا جا سکتا ہے۔ ہر دعوے، پنشن اور شکایت کے پیچھے ایک انسان ہوتا ہے، جس کی عزتِ نفس اور فلاح و بہبود کو عوامی خدمت میں ہمیشہ مرکزی اہمیت حاصل رہنی چاہیے۔

یہ تینوں مطبوعات مل کر پی ڈی یو این اے ایس ایس کے ادارہ جاتی وژن کی عکاسی کرتی ہیں: ایسی تحقیق جو معلومات و علم میں اضافہ کرے، ایسا مکالمہ جو سوچ کے نئے زاویے پیدا کرے اور ایسی ہمدردی جو حکمرانی کو انسانی پہلو عطا کرے۔ ای پی ایف او کے 74ویں یومِ تاسیس کے موقع پر ان مطبوعات کا اجرا ادارہ جاتی معیار، شواہد پر مبنی انتظامیہ، مسلسل سیکھنے کے عمل اور ان لوگوں کے تئیں حساسیت کے لیے تنظیم کے عزم کی توثیق کرتا ہے جن کی خدمت کی ذمہ داری اسے سونپی گئی ہے۔

*****

ش ح۔ع ح۔ ف ر

U-7433


(ریلیز آئی ڈی: 2334529) وزیٹر کاؤنٹر : 14
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी