مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ٹرا ئی نے‘‘ ٹیلی مواصلاتی انٹرکنکشن (پورٹ چارجز) ضوابط، 2026’’ میں تیسری ترمیم جاری کی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 09 NOV 2026 4:24PM by PIB Delhi

بھارتی ٹیلی مواصلاتی ریگولیٹری اتھارٹی (ٹرا ئی) نے آج ‘‘ٹیلی مواصلاتی انٹرکنکشن (پورٹ چارجز) (تیسری ترمیم) ضوابط، 2026’’  جاری کیے۔ ان ترامیم کے ذریعے آئی پی پر مبنی انٹرکنکشن کے لیے پورٹ چارجز کا ایک نظام متعارف کرایا گیا ہے، جو ای 1/ٹی ڈی ایم پر مبنی انٹرکنکشن کے پورٹس پر پہلے سے نافذ ضوابط میں مزید اضافہ کرتا ہے۔ یہ ضوابط یکم جنوری 2027 سے نافذ العمل ہوں گے۔

ٹیلی مواصلات کے شعبے میں انٹرکنکشن سے مراد ایسے تکنیکی، عملیاتی اور تجارتی انتظامات ہیں جن کے ذریعے دو یا دو سے زیادہ ٹیلی مواصلاتی نیٹ ورکس کو آپس میں منسلک کیا جاتا ہے۔ اس سے ان نیٹ ورکس کے درمیان ٹیلی مواصلاتی ٹریفک کی ترسیل ممکن ہوتی ہے اور مختلف خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے صارفین ایک دوسرے سے بلا رکاوٹ رابطہ کر سکتے ہیں۔ ٹرائی ایکٹ 1997 کی دفعہ 11(1)(ب)کے تحت ٹرائی کو دیگر امور کے ساتھ ساتھ خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے درمیان انٹرکنکشن کی شرائط و ضوابط مقرر کرنے اور مختلف خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے نیٹ ورکس کے درمیان تکنیکی مطابقت اور مؤثر انٹرکنکشن کو یقینی بنانے کا اختیار حاصل ہے۔

ٹیلی مواصلاتی انٹرکنکشن (پورٹ چارجز) ضوابط، 2001 میں ان چارجز کا تعین کیا گیا ہے جو انٹرکنکشن حاصل کرنے والی کمپنی کو، اپنے نیٹ ورک کے انٹرکنکشن پوائنٹ پر انٹرکنکشن لنکس ختم کرنے کے عوض، انٹرکنکشن فراہم کرنے والی کمپنی کو ادا کرنے ہوتے ہیں۔ موجودہ ضوابط پرانے ای 1/ٹی ڈی ایم پر مبنی پورٹ ٹیکنالوجی کے مطابق وضع کیے گئے تھے اور ان میں مقرر کردہ چارجز پر آخری بار 2012 میں نظرثانی کی گئی تھی۔

موجودہ ضابطہ جاتی نظام کو، جو انٹرکنکشن سے متعلق امور کو منضبط کرتا ہے، متعلقہ، شفاف اور خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے درمیان مؤثر انٹرکنکشن کے لیے سازگار بنائے رکھنے کے مقصد سے ٹرائی نے 03.04.2025 کو  ‘‘انٹرکنکشن سے متعلق ٹرائی کے موجودہ ضوابط کا جائزہ’’ کے عنوان سے ایک پیشگی مشاورتی دستاویز جاری کرکے ضابطہ جاتی نظام کا جائزہ لینے کا عمل شروع کیا۔ اس پیشگی مشاورتی دستاویز کے ذریعے دیگر امور کے ساتھ ساتھ ٹیلی مواصلاتی انٹرکنکشن (پورٹ چارجز) ضوابط، 2001 پر نظرثانی کے لیے متعلقہ فریقوں سے آرا طلب کی گئیں۔

بعد ازاں، پیشگی مشاورت کے عمل کے دوران موصول ہونے والی متعلقہ فریقوں کی آرا کو مدنظر رکھتے ہوئے اور پس منظر کی معلومات فراہم کرنے کے مقصد سے 10.11.2025 کو  ‘‘انٹرکنکشن سے متعلق ٹرائی کے موجودہ ضوابط کا جائزہ’’ کے عنوان سے ایک مشاورتی دستاویز جاری کی گئی۔ اس مشاورتی دستاویز کے ذریعے بھی دیگر امور کے ساتھ ساتھ ٹیلی مواصلاتی انٹرکنکشن (پورٹ چارجز) ضوابط، 2001 پر نظرثانی کے لیے متعلقہ فریقوں سے آرا طلب کی گئیں۔ مہلت میں توسیع کے بعد تحریری آرا اور ان پر جوابی آرا جمع کرانے کی آخری تاریخیں بالترتیب 15.12.2025 اور 29.12.2025 مقرر کی گئیں۔

مشاورتی دستاویز میں اٹھائے گئے امور کے جواب میں 17 متعلقہ فریقوں نے اپنی آرا پیش کیں، جب کہ 9 متعلقہ فریقوں نے ان آرا پر جوابی آرا جمع کرائیں۔ مشاورتی عمل کے ایک حصے کے طور پر 28.01.2026 کو مشاورتی دستاویز پر کھلی بحث (او ایچ ڈی) کا انعقاد کیا گیا۔ مشاورتی عمل کے دوران متعلقہ فریقوں سے موصول ہونے والی آرا اور اپنے تجزیے کی بنیاد پر ٹرائی نے ٹیلی مواصلاتی انٹرکنکشن (پورٹ چارجز) (تیسری ترمیم) ضوابط، 2026 کو حتمی شکل دے دی ہے۔

ترمیمی ضوابط کے اہم نکات درج ذیل ہیں:

  1. آئی پی پورٹس کو تسلیم کرنا ’’ :پورٹ’’ کی تعریف میں ترمیم کی گئی ہے، تاکہ اس میں پرانے ای 1پورٹس (2.048 ایم بی پی ایس) کے ساتھ ساتھ آئی پی پورٹس کو بھی شامل کیا جا سکے۔ ان کی بینڈوڈتھ ایم بی پی ایس یا جی بی پی ایس میں ظاہر کی جائے گی۔
  2. آئی پی پورٹ چارجز کی سالانہ حد مقرر کرنا: آئی پی پورٹ چارجز کی سالانہ زیادہ سے زیادہ حد مقرر کی گئی ہے، جس کے مطابق فی ایک جی بی پی ایس آئی پی پورٹ 5.6 لاکھ روپے اور فی 10 جی بی پی ایس آئی پی پورٹ 42.3 لاکھ روپے چارجز لیے جا سکیں گے۔
  3. انٹرکنکشن کے انتظامات میں لچک: انٹرکنکشن فراہم کرنے والی اور حاصل کرنے والی کمپنیاں باہمی رضامندی سے مقررہ زیادہ سے زیادہ حد سے کم چارجز طے کر سکتی ہیں۔ وہ ایک جی بی پی ایس اور 10 جی بی پی ایس کے علاوہ دیگر گنجائش والے آئی پی پورٹس پر بھی باہمی اتفاق سے چارجز طے کر سکتی ہیں۔ اس کے لیے ایک جی بی پی ایس اور 10 جی بی پی ایس پورٹس کے چارجز کے تعین کے لیے مقررہ طریقۂ کار کے مطابق شفاف انداز میں چارجز طے کیے جائیں گے۔
  4. تمام خدمات کے لیے یکسانیت: آئی پی پورٹ چارجز کا اطلاق فکسڈ لائن، موبائل، قومی طویل فاصلے کی مواصلاتی خدمات اور بین الاقوامی طویل فاصلے کی مواصلاتی خدمات پر یکساں طور پر ہوگا۔ پہلے سے مقرر کردہ چارجز صرف ای 1 پورٹس پر ہی لاگو رہیں گے۔
  5. مالی جرمانوں کا مرحلہ وار نظام: ضوابط پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے ان کی مخصوص دفعات کی خلاف ورزی کی ہر صورت میں فی سروس ایریا زیادہ سے زیادہ 15 لاکھ روپے تک کے مالی جرمانے کا مرحلہ وار نظام مقرر کیا گیا ہے۔

یہ ترمیمی ضوابط تکنیکی ترقی اور ٹیلی مواصلاتی شعبے میں ہونے والی تبدیلیوں کے مطابق ضابطہ جاتی دفعات کو ہم آہنگ کرتے ہیں۔ ان سے انٹرکنکشن کے نظام کو مزید مستحکم بنانے اور ٹیلی مواصلاتی نیٹ ورکس کے درمیان بلا رکاوٹ رابطے کو سہولت فراہم کرنے کی توقع ہے۔ اس ضابطہ جاتی نظام کا مقصد مؤثر انٹرکنکشن، شفافیت، عدم امتیاز اور منصفانہ مسابقت کے اصولوں کو برقرار رکھتے ہوئے خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کو ضابطہ جاتی امور میں مزید یقین دہانی فراہم کرنا ہے۔

’’ٹیلی مواصلاتی انٹرکنکشن (پورٹ چارجز) (تیسری ترمیم) ضوابط، 2026’’ کا مکمل متن اور اس کے ساتھ وضاحتی یادداشت ٹرائی کی ویب سائٹ www.trai.gov.in پر دستیاب ہیں۔

کسی بھی وضاحت یا مزید معلومات کے لیے ٹرائی کے مشیر (نیٹ ورکس، اسپیکٹرم اور لائسنسنگ-اوّل) جناب سمیر گپتا سے ای میل پتے adv-nsl1@trai.gov.in یا ٹیلی فون نمبر +91-11-20907752 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

**********

ش ح۔۔ ا ک۔ ر ب

U-7417

                          


(ریلیز آئی ڈی: 2334386) وزیٹر کاؤنٹر : 8
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी