پوسٹ کرنے کی تاریخ:
08 NOV 2026 9:11AM by PIB Delhi
مزدور قوانین، مزدوروں کی فلاح و بہبود اور سماجی تحفظ کے موضوع پر ضلعی سطح کا تربیتی اور بیداری پروگرام ’’شرم سمواد‘‘ 5 نومبر 2026 کو مدھیہ پردیش کے دیواس میں منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام کا مشترکہ اہتمام حکومت ہند کی وزارت محنت و روزگار اور حکومت مدھیہ پردیش کے محکمہ محنت نے، مدھیہ پردیش ایسوسی ایشن آف انڈسٹریز اور میسرز سن فارماسیوٹیکل انڈسٹریز لمیٹڈ کے اشتراک سے کیا۔

اس پروگرام کا مقصد آجروں، انسانی وسائل، قانونی امور اور مالیات کے شعبوں سے وابستہ ماہرین میں مزدور قوانین اور ان کے تحت وضع کردہ قواعد کے بارے میں بیداری کو فروغ دینا تھا۔ اس کے علاوہ، اس پروگرام میں محنت اصلاحات، مزدوروں کی فلاح و بہبود اور سماجی تحفظ کے حوالے سے بیداری اور ادارہ جاتی صلاحیت کو مستحکم کرنے، مرکز اور ریاست کے درمیان تال میل کو فروغ دینے اور متعلقہ فریقوں کی شمولیت کو یقینی بنانے پر بھی توجہ مرکوز کی گئی۔ اس پروگرام کی صدارت وزارت محنت و روزگار کے ڈائریکٹر جناب ایس آر دتہ نے کی۔ اس میں وزارت محنت و روزگار، حکومت مدھیہ پردیش کے محکمہ محنت، ملازمین کے پروویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن (ای پی ایف او)، ایمپلائز اسٹیٹ انشورنس کارپوریشن (ای ایس آئی سی)، چیف لیبر کمشنر (مرکزی) [سی ایل سی (سی)] اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف لیبر ویلفیئر (ڈی جی ایل ڈبلیو) کے سینئر افسران کے علاوہ آجروں، صنعتی نمائندوں اور قانونی امور، انسانی وسائل اور مالیات کے شعبوں سے وابستہ 100 سے زائد افراد نے شرکت کی۔

پروگرام میں تکنیکی اجلاسوں کا ایک سلسلہ منعقد کیا گیا، جن کا مقصد شرکاء کو مزدور قوانین، آجروں کی ذمہ داریوں اور حکومت ہند کے اہم سماجی تحفظ کے اقدامات کے بارے میں عملی معلومات فراہم کرنا تھا۔
وزارت محنت و روزگار کے ڈائریکٹر جناب ایس آر دتہ نے کلیدی خطبہ پیش کیا، جس میں انہوں نے مزدور قوانین کی اہم خصوصیات کو اجاگر کیا۔ وزارت محنت و روزگار کے افسران نے مختلف اجلاسوں کے دوران چاروں مزدور قوانین اور ان کے تحت مطلع کردہ مرکزی قواعد کے حوالے سے آجروں کے لیے اہم ضابطہ جاتی تقاضوں پر روشنی ڈالی۔ ان اجلاسوں میں قانونی ذمہ داریوں اور قواعد کی تعمیل سے متعلق امور پر عملی رہنمائی فراہم کی گئی، جس سے شرکاء کو نئے مزدور قوانین کے عملی پہلوؤں کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملی۔

ملازمین کے پروویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن (ای پی ایف او) اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف لیبر ویلفیئر (ڈی جی ایل ڈبلیو) کے نمائندوں نے بھی بالترتیب پردھان منتری وکست بھارت روزگار یوجنا (پی ایم وی بی آر وائی) اور پردھان منتری شرم یوگی مان دھن (پی ایم-ایس وائی ایم) اسکیم کے موضوع پر اجلاسوں کی قیادت کی۔
مزدور قوانین اور قواعد پر مؤثر طریقے سے عمل درآمد کے سلسلے میں آجروں اور قواعد کی تعمیل سے متعلق امور کے ماہرین کی سہولت کے لیے وزارت محنت و روزگار کی جانب سے تیار کردہ ’’آجروں کے لیے ضابطہ جاتی تعمیل کی رہنما کتاب‘‘ اور ’’اکثر پوچھے جانے والے سوالات کا مجموعہ‘‘ بھی شرکاء میں تقسیم کیا گیا۔

ایک دلچسپ سوال و جواب کا اجلاس بھی منعقد کیا گیا، جس میں شرکاء کو اپنے سوالات پیش کرنے اور مزدور قوانین، ان پر عمل درآمد کے تقاضوں اور سماجی تحفظ کی دفعات کے بارے میں مزید وضاحت حاصل کرنے کا موقع ملا۔ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے حکام اور صنعتی نمائندوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے اس پروگرام نے بیداری میں اضافے، بہتر تفہیم اور متعلقہ فریقوں کے درمیان مضبوط روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا، جس سے نئے مزدور قوانین کو مؤثر طریقے سے اپنانے اور ان پر عمل درآمد میں مدد ملے گی۔
******
ش ح۔ ف ا ۔ م ر
U-NO. 7388