پوسٹ کرنے کی تاریخ:
06 NOV 2026 5:13PM by PIB Delhi
ملک بھر میں بلا رکاوٹ کثیر لین ٹول وصولی (ایم ایل ایف ایف) نظام کو وسیع پیمانے پر رائج کرنے کی راہ ہموار کرتے ہوئے، بھارتی قومی شاہراہ اتھارٹی (این ایچ اے آئی) نے چار یا اس سے زیادہ لین والی قومی شاہراہوں پر ٹول پلازوں کے ڈیزائن اور بنیادی ڈھانچے کو معیاری بنانے کے لیے رہنما خطوط جاری کیے ہیں۔ ان رہنما خطوط کے ذریعے اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ قومی شاہراہوں کے زیرِ تکمیل اور آئندہ تمام منصوبوں میں ایسے انتظامات موجود ہوں جو ایم ایل ایف ایف پر مبنی بلا رکاوٹ ٹول وصولی کے نظام کی معاونت کر سکیں، جس کے تحت گاڑیوں کو ٹول بوتھ پر رکنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد ٹریفک کی قطاروں اور انتظار کے وقت کو ختم کرنا، ٹول پلازوں پر ایندھن کی کھپت کم کرنا اور قومی شاہراہوں پر سفر کو مزید محفوظ اور سہل بنانا ہے۔
ان رہنما خطوط میں ٹول پلازوں کی ترتیب، لین کی تشکیل، گینٹریز، سڑک کے بنیادی ڈھانچے، روشنی کے انتظامات، اشاروں اور معاون سہولتوں کے لیے یکساں تقاضے مقرر کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ قومی شاہراہوں کے زیرِ تکمیل اور آئندہ منصوبوں کے لیے ان پر عمل درآمد کا لائحۂ عمل بھی وضع کیا گیا ہے۔
قومی شاہراہوں کی مختلف اقسام کے مطابق معیاری ڈیزائن
پالیسی سرکلر میں قومی شاہراہوں کی مختلف اقسام پر بلا رکاوٹ ٹول پلازوں کی ترتیب اور بنیادی ڈھانچے کے لیے معیاری رہنما خطوط وضع کیے گئے ہیں۔ ان رہنما خطوط میں مجموعی طور پر ٹول پلازوں کی ترتیب، ٹول وصولی کے لیے لین کی تعداد، گینٹریز کی فراہمی اور ان کی تنصیب کے مقامات، نیز سڑک کی حفاظت سے متعلق دیگر انتظامات، اشاروں اور روشنی کے یکساں معیارات مقرر کیے گئے ہیں، تاکہ ڈیزائن میں یکسانیت برقرار رہے اور ملک بھر میں بلا رکاوٹ ٹول وصولی کے نظام کو آسانی سے نافذ کیا جا سکے۔
چونکہ اس نظام کے تحت گاڑیوں کو کسی جسمانی رکاوٹ پر روکے بغیر ٹول وصول کیا جائے گا، اس لیے روایتی ٹول پلازوں کے مقابلے میں وہاں درکار لین کی تعداد کو معقول بنایا گیا ہے۔ اس سے دستیاب جگہ کا زیادہ مؤثر استعمال ممکن ہوگا اور ٹول وصولی کے علاقے سے ٹریفک کی آمد و رفت بھی بہتر ہوگی۔
قومی شاہراہوں کے منصوبوں پر نفاذ
یہ رہنما خطوط مستقبل کے تمام منصوبوں اور زیر تعمیر منصوبوں پر لاگو ہوں گے۔ تفصیلی منصوبہ جاتی رپورٹ (ڈی پی آر) کے مرحلے میں موجود منصوبوں میں نئے ڈیزائن کو ان کی دستاویزات میں شامل کیا جائے گا، جب کہ پہلے ہی ٹھیکے دیے جا چکے یا زیر تعمیر منصوبوں میں متعلقہ معاہداتی دفعات کے ذریعے یہ تبدیلیاں اختیار کی جائیں گی۔ این ایچ اے آئی کے علاقائی دفاتر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ آئندہ منصوبوں میں مقررہ تقاضوں کو شامل کریں اور جاری منصوبوں میں انہیں اپنانے کے عمل کو آسان بنائیں۔
حفاظت اور صارفین کی سہولت پر خصوصی توجہ
پالیسی سرکلر میں ٹول پلازوں پر مناسب روشنی کے انتظامات، شاہراہ استعمال کرنے والوں کو پیشگی معلومات اور رہنمائی فراہم کرنے کے لیے موزوں اشاروں اور برقی متغیر پیغاماتی نشانات (وی ایم ایس) کی تنصیب پر زور دیا گیا ہے۔ ان اقدامات کا مقصد بہتر بصارت کو یقینی بنانا، شاہراہ استعمال کرنے والوں کو ٹول وصولی کے علاقے کے بارے میں باخبر رکھنا اور گاڑیوں کی محفوظ اور بلا رکاوٹ آمد و رفت کو یقینی بنانا ہے۔ رہنما خطوط میں ٹول پلازوں کے انتظامی امور کو مؤثر طریقے سے چلانے کے لیے انتظامی عمارت کے ساتھ آپریشنز اور دیکھ بھال کے مرکز اور اس سے متعلق بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔
اس سے قبل، این ایچ اے آئی نے ایکسپریس ویز کے علاوہ دیگر تیز رفتار اور کنٹرولڈ رسائی والی قومی شاہراہوں کی منصوبہ بندی اور ڈیزائن کے لیے جامع رہنما خطوط جاری کیے تھے۔ ان رہنما خطوط کا مقصد آئندہ تیز رفتار قومی شاہراہ راہداریوں کی تفصیلی منصوبہ جاتی رپورٹیں (ڈی پی آر) تیار کرنے کے لیے معیارات میں یکسانیت لانا، تکنیکی معیارات میں زیادہ ہم آہنگی پیدا کرنا اور سڑکوں کی حفاظت کو مزید مضبوط بنانا تھا۔
ایم ایل ایف ایف ٹول پلازوں کے لیے بنیادی ڈھانچے اور ڈیزائن کا معیاری خاکہ متعارف کرانا، بلا رکاوٹ ٹول وصولی کے لیے ایک یکساں نظام وضع کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ اس سے قومی شاہراہوں کے صارفین کو بلا رکاوٹ سفر کی سہولت ملے گی اور ملک بھر میں ٹول وصولی کے نظام کی مجموعی کارکردگی بہتر ہوگی۔
***
ش ح۔ش ت ۔م الف
U. No- 7349