پوسٹ کرنے کی تاریخ:
06 NOV 2026 9:55AM by PIB Delhi
اب تک 21 ہزار سے زائد عقیدت مندوں نے گادن نمگیال لھاتسے (توانگ مٹھ) میں حاضری دے کر شاکیہ منی بدھ کے مقدس تبرکات کی زیارت، عبادت کی اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اروناچل پردیش کے توانگ اور اس کے پڑوسی علاقوں سے عقیدت مند مقدس تبرکات کی موجودگی میں دعائیں کرنے اور آشیرواد حاصل کرنے کے لیے مٹھ میں جمع ہو رہے ہیں۔ توانگ مٹھ میں مقدس تبرکات کی یہ نمائش 7 نومبر 2026 تک عوام کے لیے کھلی رہے گی۔
یہ نمائش خصوصی تاریخی اور روحانی اہمیت کی حامل ہے، کیونکہ 13 سال کے وقفے کے بعد یہ مقدس تبرکات دوبارہ اروناچل پردیش لائے گئے ہیں۔ نئی دہلی کے قومی عجائب گھر سے لائے گئے ان تبرکات کے ذریعے بدھ بھکشوؤں، بھکشونیوں، عقیدت مندوں اور عام لوگوں کو شاکیہ منی بدھ کے مقدس باقیات کی زیارت اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ بھارت کے مالا مال بدھ مت ورثے سے مزید گہرا تعلق قائم کرنے کا موقع فراہم ہو رہا ہے۔
یہ مقدس تبرکات 1898 میں اتر پردیش کے پپراہوا میں دریافت ہوئے تھے۔ ان کی دریافت بدھ مت کی آثارِ قدیمہ کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوئی۔ نئی دہلی کے قومی عجائب گھر میں محفوظ یہ تبرکات بدھ مت کے پیروکاروں کے لیے بے پناہ تاریخی، آثارِ قدیمہ اور روحانی اہمیت رکھتے ہیں۔
بدھ مت کے مالا مال ورثے کو اجاگر کرنے کے لیے توانگ خانقاہ میں دو خصوصی نمائشوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ بین الاقوامی بدھ مت کنفیڈریشن (آئی بی سی) کی جانب سے منعقدہ نمائش ’’مقدس پپراہوا کی دریافت:بدھ کے مقدس تبرکات اور ان کی دریافت کی داستان‘‘ میں ان تبرکات کی دریافت اور ان کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔ جبکہ نئی دہلی کے قومی عجائب گھر کے زیر اہتمام ’’دھرم کے سنگم: کلاسیکی ورثے، زندہ فن اور علم الانسان کے تناظر‘‘ کے عنوان سے منعقدہ نمائش میں بدھ مت کے تاریخی، فنّی اور ثقافتی پہلوؤں کو پیش کیا گیا ہے۔
توانگ مٹھ میں نمائش کے اختتام کے بعد یہ مقدس تبرکات 8 سے 13 نومبر 2026 تک ٹی جی ایل خانقاہ (لوئر گومپا)، بومڈیلا میں رکھے جائیں گے۔ اس کے بعد 14 سے 20 نومبر 2026 تک گولڈن پگوڈا، نامسائی میں ان کی نمائش کی جائے گی۔ مقدس تبرکات کی21 نومبر 2026 کو نئی دہلی کے قومی عجائب گھر میں واپسی طے ہے۔
اس نمائش کا اہتمام حکومتِ ہندکی وزارتِ ثقافت نے بین الاقوامی بدھ مت کنفیڈریشن اور حکومتِ اروناچل پردیش کے اشتراک سے کیا ہے۔ یہ پہل بھارت کے مالا مال بدھ مت ورثے کے تحفظ اور اس کے فروغ نیز بھگوان بدھ کی لازوال تعلیمات کو عام کرنے کے تئیں حکومتِ بھارت کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ ان تعلیمات کا محور امن، ہمدردی، دانائی اور عالمگیر بھائی چارہ ہے۔
***
ش ح۔ م ح۔رض
7314:U-No