نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مائی بھارت کی ’’وکست بھارت یوا سمواد: اپنے ووٹ کو جانیں‘‘ مہم اختتام پذیر،31 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں536 پروگراموں کے ذریعے ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں تک رسائی حاصل ہوئی


اس مہم کے ذریعے براہِ راست بات چیت اور مبا حثے کے توسط سے انتخابی بیداری، باخبر حقِ رائے دہی اور جمہوری عمل میں ذمہ دارانہ شرکت کو فروغ دیا گیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 06 NOV 2026 8:45AM by PIB Delhi

نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت کے زیر اہتمام میرا یوا بھارت (مائی بھارت)کے ذریعہ منعقد کی گئی ملک گیر’’وکست بھارت یوا سمواد:اپنے ووٹ کو جانیں‘‘مہم جمعرات کو اختتام پذیر ہوگئی۔ اس مہم کے تحت 31 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں536 یوا سمواد پروگرام منعقد کیے گئے، جن کے ذریعے 1,00,493 نوجوانوں تک رسائی حاصل کی گئی اور 536 یوتھ آئیکنز نے اس میں حصہ لیا۔ اس مہم کے تحت ملک بھر کے کالجوں اور تعلیمی اداروں میں انتخابی بیداری سے متعلق مباحثوں کا اہتمام کیا گیا، جس کا مقصد نوجوانوں، بالخصوص پہلی مرتبہ ووٹ ڈالنے والے رائے دہندگان کو ان کے حقِ رائے دہی اور انتخابی طریقۂ کار سے آگاہ کرنا اور جمہوریت میں ذمہ داری کے ساتھ حصہ لینے کی ترغیب دینا تھا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/file/2026/nov/image001_20261106084704_e73adb.gif

یہ مہم 26 اکتوبر 2026 سے 5 نومبر 2026 تک منعقد کی گئی۔ جس کا مقصد ملک بھر کی 500 یونیورسٹیوں، کالجوں اور تعلیمی اداروں تک رسائی حاصل کرنا تھا۔ مہم کے اختتامی روز 28 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں 123 یوا سمواد پروگرام منعقد کیے گئے۔ جن میں22,588 نوجوانوں اور 123 نوجوانوں کے لیے قابل تقلید شخصیات (یوتھ آئیکنز)نے شرکت کی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image002_20261106084713_07b6f7.jpg

اس مہم میں گورنروں، مرکزی وزراء، ریاستی وزراء، اراکین پارلیمنٹ اور دیگر عوامی نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ پنجاب کے گورنر اور چنڈی گڑھ کے منتظم جناب گلاب چند کٹاریہ اور ناگالینڈ کے گورنر جناب نند کشور یادو نے بالترتیب چنڈی گڑھ اور دیماپور میں منعقدہ پروگراموں میں شرکت کی۔ دہلی میں مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج)جناب ارجن رام میگھوال اور لیفٹیننٹ گورنر جناب ترنجیت سنگھ سندھو نے طلبہ کے ساتھ تبادلۂ خیال کیا۔ اراکین پارلیمنٹ جن میں جناب چودھری دھرمبیر سنگھ، جناب پردان بروواہ، جناب رنجیت دتہ، محترمہ روپ کماری چودھری اور جناب مہیش کشیپ شامل ہیں، نے بھی مختلف ریاستوں میں منعقدہ پروگراموں میں شرکت کی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/file/2026/nov/image003_20261106084727_4e7a4e.gif

کھیلوں سے وابستہ نامور شخصیات اور نوجوانوں کے لئے قابل تقلید شخصیات نے بھی کئی ریاستوں میں منعقدہ پروگراموں میں شرکت کی۔اپنے تجربات نوجوانوں کے ساتھ شیئر کیے اور انہیں کھیلوں میں حصہ لینے کی ترغیب دی۔ پنجاب میں بین الاقوامی رگبی کھلاڑی محترمہ امن دیپ کور نے کھیلوں کے میدان میں اپنے سفر اور نظم و ضبط اور خود اعتمادی پیدا کرنے میں کھیلوں کے کردار پر روشنی ڈالی۔ جبکہ کشتی رانی سے وابستہ اسپورٹس کی مشہور شخصیت جناب کلوِندر سنگھ نے موگا میں طلبہ کے ساتھ تبادلۂ خیال کیا۔ راجستھان میں اسپورٹس آئیکن محترمہ بھومیکا شکلا نے جے پور میں نوجوان شرکاء سے بات چیت کی، جبکہ اتر پردیش میں منعقدہ پروگراموں میں سائیکلنگ اور کھیلو انڈیا جیسے اقدامات کو اجاگر کیا گیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/file/2026/nov/image004_20261106084740_24b5b3.gif

یوا سمواد پروگراموں کے ذریعے نوجوان شرکاء کو انتخابی طریقۂ کار کے بارے میں اپنی معلومات واضح کرنے، حقِ رائے دہی اور شہری ذمہ داریوں پر تبادلۂ خیال کرنے اور عوامی نمائندوں نیز یوتھ آئیکنز سے براہِ راست بات چیت کرنے کے مواقع فراہم کیے گئے۔ ان نشستوں میں مستند ذرائع سے معلومات کی تصدیق کرنے اور تنقیدی انداز میں سوچ سمجھ کر رائے قائم کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ مہم کے تحت سوال و جواب کے مقابلے، سوال و جواب کے خصوصی اجلاس، جمہوری عہد اور مائی بھارت پورٹل پر اندراج جیسی سرگرمیاں بھی منعقد کی گئیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/file/2026/nov/image005_20261106084750_055531.gif

***

ش ح۔ م  ح۔رض

 7312:U-No


(ریلیز آئی ڈی: 2333432) وزیٹر کاؤنٹر : 6
یہ ریلیز پڑھیں: English , Gujarati