پوسٹ کرنے کی تاریخ:
05 NOV 2026 5:40PM by PIB Delhi
سائنس و ٹیکنالوجی کے محکمے (ڈی ایس ٹی) نے 2 سے 31 اکتوبر 2026 تک چلائی گئی خصوصی مہم 6 کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی ہے۔ اس مہم کے ذریعے محکمے اور اس کے خود مختار اداروں، ماتحت دفاتر، مشنوں اور ٹیکنالوجی اختراعی مراکز (ٹی آئی ایچز) میں صفائی ستھرائی کو ادارہ جاتی شکل دینے، زیرِ التوا معاملات میں کمی لانے، ریکارڈ کے انتظام کو مستحکم کرنے اور دفتری جگہ کے بہتر استعمال کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ یہ مہم انتظامی اصلاحات اور عوامی شکایات کے محکمے (ڈی اے آر پی جی) کے رہنما خطوط کے مطابق نافذ کی گئی۔
خصوصی مہم 6 کی اہم کامیابیاں
اس مہم کے دوران محکمے، اس کے خود مختار اداروں اور ماتحت تنظیموں میں مجموعی طور پر 906 مقامات پر صفائی ستھرائی کا کام مکمل کیا گیا، جو 584 مہمات کے مقررہ ہدف سے کہیں زیادہ ہے۔ ان اقدامات کے تحت دفاتر، تجربہ گاہوں، احاطوں اور عوامی مقامات کا احاطہ کیا گیا، جس سے صفائی ستھرائی کو فروغ ملا اور کام کرنے کے لیے ایک پائیدار ماحول کی تشکیل میں مدد ملی۔
اس مہم کے دوران موصول ہونے والے ارکانِ پارلیمنٹ (ایم پیز) کے تمام 12 حوالوں پر کارروائی کرتے ہوئے محکمے نے 100 فیصد ازالے کا ہدف حاصل کیا۔ اس کے علاوہ 164 عوامی شکایات کا ازالہ کیا اور عوامی شکایات سے متعلق 21 اپیلوں کو نمٹایا۔ یہ اقدامات جواب دہ اور شہریوں پر مرکوز حکمرانی کے تئیں محکمے کے عزم کا مظہر ہیں۔
اس مہم کے نتیجے میں غیر ضروری ریکارڈ، فاضل اشیا، غیر استعمال شدہ فرنیچر اور دیگر غیر ضروری سامان کو منظم طریقے سے ٹھکانے لگاکے 25.96 لاکھ روپے کی آمدنی حاصل ہوئی اور 1,72,798 مربع فٹ دفتری جگہ خالی کرائی گئی۔
ریکارڈ کے انتظام سے متعلق اقدام کے تحت محکمے نے 15,665 کاغذی فائلوں کا جائزہ لیا، جو 9,199 فائلوں کے مقررہ ہدف سے کہیں زیادہ ہے۔ اس کے ساتھ ہی نشان زد تمام 2,516 الیکٹرانک فائلوں کا 100 فیصد جائزہ بھی مکمل کیا گیا۔ اس کے نتیجے میں 13,031 کاغذی فائلوں کو تلف کیا گیا اور 1,786 الیکٹرانک فائلوں کو بند کیا گیا، اس طرح تلف یا بند کی جانے والی فائلوں کی مجموعی تعداد 14,817 ہوگئی۔ ان کوششوں سے ریکارڈ کے انتظام میں نمایاں بہتری آئی، زیرِ التوا معاملات میں کمی ہوئی اور انتظامی کارکردگی میں اضافہ ہوا۔
عوامی رابطوں اور متعلقہ فریقوں کی شمولیت کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے، محکمے نے خصوصی مہم 6 کے تحت انجام دی گئی سرگرمیوں کو اپنے سرکاری ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پلیٹ فارموں کے ذریعے وسیع پیمانے پر اجاگر کیا۔ صفائی ستھرائی کی مہمات، ریکارڈ کے انتظام سے متعلق اقدامات، الیکٹرانک کچرے کو ٹھکانے لگانے، دفتری جگہ کے بہتر استعمال اور دیگر بہترین طور طریقوں کو نمایاں کرنے والی 690 سے زائد سوشل میڈیا پوسٹیں ایکس، فیس بک، لنکڈ اِن اور یوٹیوب کے ذریعے شائع کی گئیں۔ اس سے عوام میں وسیع پیمانے پر بیداری پیدا کرنے اور محکمے کے خود مختار اداروں، ماتحت دفاتر، مشنوں اور ٹیکنالوجی اختراعی مراکز (ٹی آئی ایچز) کی جانب سے زیادہ سے زیادہ شرکت کی حوصلہ افزائی کرنے میں مدد ملی۔
خصوصی مہم 6 کی کامیاب تکمیل سائنس و ٹیکنالوجی کے محکمے کے شفاف، مؤثر اور ذمہ دارانہ حکمرانی کے تئیں مسلسل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ صفائی ستھرائی، سائنسی طریقے سے کچرے کے بندوبست، ریکارڈ کے نظم و نسق، عوامی شکایات اور حوالوں کو بروقت نمٹانے اور عوامی رابطوں کو مؤثر بنانے کے لیے مسلسل کوششوں کے ذریعے محکمے نے انتظامی کارکردگی کو مزید مستحکم کیا ہے اور ساتھ ہی کام کرنے کے لیے زیادہ صاف ستھرا، منظم اور شہریوں کی ضروریات پر مرکوز ماحول فراہم کیا ہے۔
******
) ش ح –ک ح -ت ع)
U.No. 7288