سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

دلّی ہاٹ میں شلپ سماگم میلہ 2026 نے رنگا رنگ ثقافتی مظاہروں اور روایتی دستکاری سے زائرین کو مسحور کر دیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 04 NOV 2026 6:59PM by PIB Delhi

نئی دہلی کے دلّی ہاٹ، آئی این اے میں جاری شلپ سماگم میلہ 2026 میں ہندوستان کی فنکارانہ روایات، مقامی دستکاری اور رنگا رنگ ثقافتی تنوع کی شاندار نمائش کے باعث زائرین کی بڑی تعداد مسلسل جوش و خروش کے ساتھ شرکت کر رہی ہے۔

 

وزارتِ سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والا یہ 15 روزہ میلہ شمولیت پر مبنی جشن کے ایک پُررونق مرکز کی شکل اختیار کر چکا ہے اور 15 نومبر 2026 تک زائرین کے لیے کھلا رہے گا۔

 

 

’پرکاش اور پرمپرا – جیوتی سے جیوتی جلائیں‘ کے موضوع پر مبنی یہ میلہ روایتی دستکاری اور تہواروں کے موقع پر چراغاں کی ہندوستان کی مالا مال وراثت کو اجاگر کرتا ہے۔ زائرین کو ثقافت کا ایک ہمہ جہت تجربہ فراہم کرنے کے لیے اس میلے کو سات الگ الگ موضوعاتی زون میں ترتیب دیا گیا ہے۔

 

ان زون میں کلا آنگن شامل ہے، جہاں ماہر دستکار دستکاری کے فنون کا عملی مظاہرہ کر رہے ہیں؛ پرکاش چوک میں چراغوں اور تہواروں کے موقع پر استعمال ہونے والی روشنیوں کا دلکش مجموعہ پیش کیا گیا ہے؛ پوجا پتھ میں عقیدت سے متعلق مصنوعات کی وسیع رینج دستیاب ہے؛ سجاوٹ بازار میں گھر کی آرائش کی منفرد اور روایتی اشیا پر توجہ مرکوز کی گئی ہے؛ گھرانہ میں روایتی ملبوسات اور فیشن کی مصنوعات کی شاندار نمائش کی گئی ہے؛ سواد چوک میں ملک کے مختلف خطوں کے متنوع لذیذ پکوان پیش کیے جا رہے ہیں؛ جبکہ منچ ثقافتی سرگرمیوں اور شام کی پرفارمنس کے لیے ایک پُررونق مرکز کی حیثیت رکھتا ہے۔

 

 

اس میلے میں 130 سے زائد اسٹال لگائے گئے ہیں، جہاں درج فہرست ذاتوں، دیگر پسماندہ طبقات، صفائی کرمچاریوں اور معذور افراد سے تعلق رکھنے والے دستکاروں اور مستفیدین کی تیار کردہ دستکاری کی اشیا، ہینڈلوم مصنوعات اور تخلیقی فن پارے پیش کیے جا رہے ہیں۔ ان دستکاروں کے لیے معاشی مواقع اور منڈی تک رسائی کو وسعت دینے کے مقصد سے اس تقریب میں بااختیار بنانے کے اہم اجزا کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

وزارت 2022 سے شلپ سماگم میلوں کا انعقاد کر رہی ہے۔ ایسے 15 میلوں کے ذریعے درج فہرست ذاتوں، دیگر پسماندہ طبقات اور صفائی کرمچاریوں سے تعلق رکھنے والے 1,000 سے زائد دستکار اپنی مصنوعات کی نمائش اور مارکیٹنگ کے مواقع سے مستفید ہو چکے ہیں۔

 

 

اس میں بھارت ٹیولپ بھی شامل ہے، جو ای کامرس پلیٹ فارموں کے ذریعے دستکاروں کو براہِ راست وسیع تر منڈیوں سے جوڑتا ہے اور انہیں اپنی مصنوعات کی بہتر تشہیر، صارفین تک رسائی اور پائیدار معاشی ترقی کے زیادہ مواقع فراہم کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پرپل فیسٹ بھی اس میلے کا حصہ ہے، جو معذور افراد کی تخلیقی صلاحیتوں، استعداد اور فعال شراکت داری کا جشن منانے کے ساتھ ساتھ یکساں مواقع اور سماجی شمولیت کو فروغ دیتا ہے۔

 

 

ہر شام زائرین کی توجہ کا ایک بڑا مرکز ’منچ‘ میں منعقد ہونے والی ثقافتی سرگرمیوں اور پروگراموں کا سلسلہ ہے۔ مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے فنکار اور فنکاروں کی ٹولیاں یہاں یکجا ہو کر رنگا رنگ لوک رقص، روایتی موسیقی اور علاقائی فنون کا مظاہرہ کرتی ہیں۔

 

 

 


شام کے یہ پروگرام ایک ہی پلیٹ فارم پر ہندوستان کے کثیر ثقافتی اظہار کی دلکش جھلک پیش کرتے ہیں، جس سے میلے کا ماحول جشن و مسرت سے سرشار ہو جاتا ہے اور علاقائی ثقافتوں کے باہمی تبادلے کو فروغ ملتا ہے۔

 

 

شرکت کرنے والے مستفیدین کو وزارت کے تحت کام کرنے والے سرکردہ کارپوریشنوں کی معاونت حاصل ہے، جن میں قومی درج فہرست ذاتوں کے مالیاتی و ترقیاتی کارپوریشن (این ایس ایف ڈی سی)، قومی پسماندہ طبقات کے مالیاتی و ترقیاتی کارپوریشن (این بی سی ایف ڈی سی)، قومی صفائی کرمچاری مالیاتی و ترقیاتی کارپوریشن (این ایس کے ایف ڈی سی) اور قومی دویانگ جن مالیاتی و ترقیاتی کارپوریشن (این ڈی ایف ڈی سی) شامل ہیں۔

 

 

دستکاروں کو مفت اسٹال، سفری اخراجات، یومیہ الاؤنس اور ان کے سامان کی نقل و حمل کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔

 

 

شلپ سماگم میلہ 2026 کے ذریعے وزارت روزگار کے مواقع کو مستحکم بنانے، کاروبار و صنعت کاری کی حوصلہ افزائی کرنے اور ہندوستان کے مالا مال ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھتے ہوئے جامع اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کی اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ وزارت شہریوں، خاندانوں اور فنون و دستکاری سے دلچسپی رکھنے والے افراد کو دعوت دیتی ہے کہ وہ دلی ہاٹ کا دورہ کریں، روایتی دستکاریوں کا مشاہدہ کریں، دست کاروں کی برادریوں کی حوصلہ افزائی کریں اور ملک کی متنوع ثقافتی روایات سے روشناس ہوں۔

***********

ش ح۔ ف ش ع

 U: 7239


(ریلیز آئی ڈی: 2332784) وزیٹر کاؤنٹر : 8
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी