پوسٹ کرنے کی تاریخ:
04 NOV 2026 4:24PM by PIB Delhi
30 سالہ سریش کمار(تبدیل شدہ نام)کے لیے این اے پی ڈی ڈی آر اسکیم کے تحت فراہم کی گئی معاونت صحت یابی، معاشی استحکام اور زندگی میں نئے مقصد کے احساس کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوئی ہے۔
ان کا سفر اس بات کو اجاگر کرتا ہے کہ نشہ آور مادوں پر انحصار کرنے والے افراد کو اس سے نجات دلانے اور عزت و اعتماد کے ساتھ اپنی زندگی دوبارہ سنوارنے میں بروقت اُٹھایا گیا قدم، مسلسل مشاورت، اہل خانہ کی شرکت اور منظم بازآبادکاری کس قدر اہمیت کی حامل ہے۔
تلنگانہ کے ضلع کریم نگر کے رہائشی جناب سریش کمار کو طویل عرصے تک شراب اور تمباکو کے استعمال کے باعث ذاتی، سماجی اور مالیاتی سطح پر سنگین مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ نشہ آور مادوں پر ان کا انحصار نوعمری کے آخری برسوں میں شروع ہوا، جس کی بڑی وجہ ساتھیوں کا دباؤ اور ذہنی تناؤ تھا۔ وقت گزرنے کے ساتھ ان کا انحصار بڑھتا گیا، جس سے ان کی جسمانی اور ذہنی صحت، خاندانی تعلقات اور پیشہ ورانہ زندگی بری طرح متاثر ہوئی۔
اعتماد میں کمی، کام کرنے کی ترغیب میں کمی، کام پر بے قاعدہ حاضری اور مالی عدم استحکام نے ان کی صورتِ حال کو مزید پیچیدہ بنا دیا۔ گھر والوں کے ساتھ ان کے تعلقات کشیدہ ہوگئے اور انہوں نے رفتہ رفتہ سماجی میل جول سے کنارہ کشی اختیار کرلی۔ ان مشکلات کے باوجود ان کے اہلِ خانہ نے ان کا ساتھ جاری رکھا اور انہیں اس انحصار سے نجات دلانے کے لیے پُرعزم رہے۔
ان کی زندگی میں ایک اہم موڑ 12 نومبر 2025 کو آیا، جب انہیں وزارتِ سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات کی نشہ آور مادوں کی طلب میں کمی کے لیے قومی ایکشن پلان (این اے پی ڈی ڈی آر) اسکیم کے تحت تلنگانہ کے کریم نگر میں پرکرتی انوائرمنٹ سوسائٹی کے زیرِ انتظام نشے کے عادی افراد کے لیے مربوط بازآبادکاری مرکز (آئی آر سی اے) میں مدد فراہم کی گئی۔
اس پہل کے ذریعے انہیں جامع معاونت فراہم کی گئی، جس میں انفرادی مشاورت، گروپ تھیریپی، خاندانی مشاورت، ترغیبی انٹرویو اور دوبارہ نشے کی طرف مائل ہونے سے بچاؤ کی تھیریپی شامل تھی۔ طبی نگرانی اور جذباتی تعاون نے انہیں نشہ آور اشیا پر انحصار سے وابستہ چیلنجوں کا سامنا کرنے میں مدد دی۔ پیشہ ورانہ رہنمائی اور بازآبادکاری کی خدمات نے ان کے اعتماد کی بحالی اور خاندانی و سماجی زندگی میں دوبارہ گھلنے ملنے کی کوششوں میں بھی معاونت فراہم کی۔

مسلسل مشاورت، اہلِ خانہ کی شمولیت اور منظم بازآبادکاری کے ذریعے جناب کمار نے رفتہ رفتہ اپنی زندگی پر دوبارہ قابو پالیا۔ اس قدم سے انہیں مشکلات کا سامنا کرنے کے صحت مند طریقے اپنانے، خاندانی تعلقات مستحکم بنانے اور نشے سے مستقل نجات کی سمت پیش رفت کرنے میں مدد ملی۔ پیشہ ورانہ مشاورت اور گھر والوں کی شرکت سے ملنے والی مشترکہ معاونت نے صحت مند طرزِ زندگی کی جانب ان کی پیش رفت میں اہم کردار ادا کیا۔
آج جناب کمار نشے سے دور رہتے ہوئے زیادہ صحت مند اور مستحکم زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے باقاعدہ ملازمت دوبارہ شروع کر دی ہے، خاندانی اور سماجی سرگرمیوں میں فعال طورپر حصہ لیتے ہیں اور ان کا اعتماد اور حوصلہ بھی بحال ہوگیا ہے۔ ملازمت میں استحکام آنے سے ان کی مالی حالت بھی بہتر ہوئی ہے۔ غیر مستقل آمدنی اور مالی مشکلات کے دور سے نکل کر اب وہ تقریباً 15,000 روپے ماہانہ کما رہے ہیں۔
********
(ش ح ۔م ش ۔ص ج )
U. No.7225