سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

شلپ سماگم میلہ 2026: روایتی فنون، دست کاری اور ثقافتی پیشکش کے ذریعے ہندوستان کے ثقافتی تنوع کا جشن

مختلف علاقوں کے فنکار ہر شام یکجا ہوکر ہندوستان کے شاندار ثقافتی ورثے کی جھلک پیش کررہے ہیں

ڈاکٹر ویریندر کمار نے اسٹالوں کا دورہ کیا، دست کاروں سے بات چیت کی اور ان کے روایتی فن پاروں کو سراہا

دلی ہاٹ، آئی این اے میں دست کاری، ہینڈلوم مصنوعات اور تخلیقی صلاحیتوں کے نمونے پیش کیے جارہے ہیں

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 03 NOV 2026 8:01PM by PIB Delhi

وزارت سماجی انصاف و تفویض اختیارات کے زیر اہتمام نئی دہلی کے دلی ہاٹ، آئی این اے میں منعقد ہونے والا شلپ سماگم میلہ 2026 ہندوستان کی شاندار فنکارانہ روایات، روایتی دست کاری اور ثقافتی تنوع کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم  فراہم  کررہا ہے۔

دست کاری، ہینڈلوم مصنوعات اور مقامی فنون کی نمائش کے ساتھ ساتھ 15 روزہ یہ میلہ ہندوستان کی جامع اور ہمہ گیر شرکت کے ایک پُررونق جشن کی شکل اختیار کررہا ہے۔

’ پرکاش اور پرمپرا –  جیوتی  سے  جیوتی جلائیں ‘ کے موضوع پر منعقد ہونے والا یہ میلہ ہندوستان کے روایتی دست کاری کے فنون، تہواروں کی روشنیوں اور ثقافتی ورثے کو اجاگر کررہا ہے۔

اس میلے کو سات موضوعاتی حصوں میں ترتیب دیا گیا ہے، جن میں سے ہر ایک ہندوستان کے دست کاری کے فنون، روایات، کھانوں اور ثقافتی اظہار کی منفرد جھلک پیش کرتا ہے۔ ’کلا آنگن‘ میں دست کاری کے فن کا براہ راست مظاہرہ کیا جارہا ہے؛ ’پرکاش چوک‘ میں چراغوں اور روشنیوں کی نمائش ہورہی ہے؛ ’پوجا پتھ‘ میں عبادت سے متعلق اشیا پیش کی جارہی  ہیں؛ ’سجاوٹ بازار‘ میں گھروں کی آرائش کی اشیا پر توجہ دی گئی ہے؛ ’گھرانہ‘ میں کپڑوں اور فیشن کی مصنوعات پیش کی جارہی  ہیں؛ ’سواد چوک‘ میں مختلف کھانوں کا اہتمام ہے؛ جبکہ ’منچ‘ میں ثقافتی سرگرمیوں اور فنکارانہ پیش کشوں کا انعقاد ہوتا ہے۔

وزارت 2022 سے شلپ سماگم میلوں کا انعقاد کررہی ہے۔ اب تک ایسے 15 میلوں کے ذریعے درج فہرست ذاتوں، دیگر پسماندہ طبقات اور صفائی ملازمین سے تعلق رکھنے والے 1,000 سے زیادہ دست کاروں کو اپنی مصنوعات کی نمائش اور فروخت کے مواقع فراہم کیے جاچکے ہیں۔

میلے کے افتتاح کے بعد، پیر کی شام مرکزی وزیر برائے سماجی انصاف و تفویض اختیارات ڈاکٹر ویریندر کمار نے مختلف اسٹالوں کا دورہ کیا اور اسٹال منتظمین اور وہاں موجود لوگوں سے بات چیت کی۔ انہوں نے نمائش کے لیے پیش کی گئی مصنوعات اور روایتی دست کاری کے نمونوں میں گہری دلچسپی لی۔

وزیر موصوف کی شریک دست کاروں کے ساتھ بات چیت سے ان کی تخلیقی صلاحیتوں، فنی مہارت اور کاروباری کوششوں کو سراہنے کا موقع ملا۔

ڈاکٹر کمار کے اس دورے سے مختلف  کمیونٹیزسے تعلق رکھنے والے اور مالی مشکلات کا سامنا کرنے والے دست کاروں کو ایسے پلیٹ فارم فراہم کرنے کی اہمیت بھی اجاگر ہوئی، جہاں وہ اپنی مصنوعات کی نمائش کرسکیں، صارفین سے رابطہ قائم کرسکیں اور روزگار کے مواقع کو وسعت دے سکیں۔

میلے کی ایک خاص کشش شام کے اوقات میں منعقد ہونے والی ثقافتی سرگرمیوں اور پروگراموں کا سلسلہ ہے، جس میں مختلف ریاستوں کے فنکار اور مظاہرہ کرنے والے فن کار یکجا ہوکر اپنے اپنے فنون اور ثقافتی روایات پیش کرتے ہیں۔

ثقافتی پروگراموں میں فنکاروں کی رنگا رنگ پیش کشیں دیکھ کر شائقین مسحور ہوجاتے ہیں۔

موسیقی، رقص اور فنونِ لطیفہ کی دیگر پیش کشوں کے ذریعے یہ پروگرام  لوگوں  کو ملک کے مختلف علاقوں کے متنوع ثقافتی اظہار سے ایک ہی پلیٹ فارم پر روشناس ہونے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔

شام کے یہ پروگرام ہندوستان کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے فنکاروں کو ایک مشترکہ اسٹیج فراہم کرتے ہیں، جہاں وہ اپنے فن اور ورثے کو پیش کرتے ہیں، علاقائی شناختوں کا جشن مناتے ہیں اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دیتے ہیں۔

یہ فنکارانہ پیش کش میلے کی تہوار جیسی فضا کو مزید دلکش بناتی ہیں، ساتھ ہی ہندوستان کے روایتی اور عصری ثقافتی اظہار کی وسعت اور تنوع کو بھی اجاگر کرتی ہیں۔

یہ میلہ روایتی دست کاری، ہینڈلوم مصنوعات، دست کاری کے فن کے براہ راست مظاہروں اور ثقافتی پیش کش کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کررہا ہے، اس کے ساتھ ہی کاروباری سرگرمیوں، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور سب کی شمولیت کو بھی فروغ دیتا ہے۔

اس میلے میں 130 سے زیادہ اسٹال لگائے گئے ہیں، جہاں درج فہرست ذاتوں، دیگر پسماندہ طبقات، صفائی ملازمین اور معذور افراد سے تعلق رکھنے والے دست کاروں اور مستفیدین کی دست کاری کی اشیا، ہینڈلوم مصنوعات اور تخلیقی فن پارے نمائش کے لیے پیش کیے گئے ہیں۔

میلے کا ایک اہم حصہ ’بھارت ٹولیپ‘ ہے، جس کا مقصد ای کامرس پلیٹ فارم کے ذریعے دست کاروں کو وسیع تر بازاروں سے جوڑنا ہے، تاکہ وہ اپنی مصنوعات کی رسائی بڑھا سکیں اور اپنے معاشی مواقع کو مستحکم کرسکیں۔ یہ پہل دست کاروں کو زیادہ تشہیر اور صارفین تک رسائی فراہم کرکے ہندوستان کے روایتی فنون اور دست کاری کے تحفظ میں بھی معاون ثابت ہورہی ہے۔

’پرپل فیسٹ‘ کے ذریعے یہ میلہ معذور افراد کی تخلیقی صلاحیتوں، استعداد اور خدمات کو بھی اجاگر کرتا ہے اور معاشرے میں ان کے لیے مساوی مواقع، شرکت اور شمولیت کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔

اس میلے میں شرکت کرنے والے مستفیدین کو نیشنل شیڈیولڈ کاسٹس فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایس ایف ڈی سی)، نیشنل بیک ورڈ کلاسز فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این بی سی ایف ڈی سی)، نیشنل صفائی کرمچاریز فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایس کے ایف ڈی سی) اور نیشنل دویانگ جن فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ڈی ایف ڈی سی) کی جانب سے تعاون فراہم کیا جارہا ہے۔ ان کی شرکت کو آسان بنانے کے لیے انہیں مفت اسٹال فراہم کیے جارہے ہیں، اس کے علاوہ سفری اخراجات، یومیہ الاؤنس اور سامان کی نقل و حمل جیسی سہولتیں بھی دی جارہی ہیں۔

اس پہل کے ذریعے وزارت سماجی انصاف و تفویض اختیارات روزگار کے مواقع کو مستحکم بنانے، روایتی دست کاری کو فروغ دینے، کاروباری سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرنے اور جامع معاشی ترقی کو فروغ دینے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان کے شاندار ثقافتی ورثے کو بھی اجاگر کیا جارہا ہے۔

یہ میلہ  لوگوں  کو دعوت دیتا ہے کہ وہ ہندوستان کے روایتی دست کاری کے فنون کا مشاہدہ کریں، دست کار برادریوں کی حوصلہ افزائی کریں اور ملک کے فنون، دست کاری، موسیقی اور فنکارانہ پیش کش کے ذریعے اس کے رنگا رنگ ثقافتی تنوع کا تجربہ حاصل کریں۔

شلپ سماگم میلہ 2026 نئی دہلی کے دلی ہاٹ، آئی این اے میں 15 نومبر 2026 تک لوگوں کے لیے کھلا رہے گا۔

 

******

 

ش ح۔ ف ا۔ م ر

U-NO. 7179

 


(ریلیز آئی ڈی: 2332296) وزیٹر کاؤنٹر : 11
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी