بہت چھوٹی، چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں کی وزارت
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
03 NOV 2026 5:49PM by PIB Delhi
بہت چھوٹی ،چھوٹی اور درمیانہ درجے کی صنعتوں (ایم ایس ایم ای) نے مرکزی ویجیلنس کمیشن (سی وی سی) کی جانب سے جاری کردہ رہنما خطوط کے مطابق 26 اکتوبر سے یکم نومبر 2026 تک ویجلنس بیداری ہفتہ کا اہتمام کیا۔ اس سال کا موضوع ’ خوشحالی کے لیے دیانت داری‘(سچائی اور دیانت داری سے خوشحالی) تھا۔ کمیشن کی ہدایات کے مطابق وزارت نے 17 اگست سے 16 نومبر 2026 تک تین ماہ پر مشتمل احتیاطی نگرانی کی مہم بھی چلائی، جس میں زیرالتوا شکایات اور معاملات کو تیزی سے نمٹانے، صلاحیت سازی کے پروگراموں، ڈیجیٹل اقدامات اور معاہدوں کے انتظام پر توجہ مرکوز کی گئی۔
ہفتہ بھر جاری رہنے والی اس تقریب کا آغاز 26 اکتوبر 2026 کو وزارت ایم ایس ایم ای کے سکریٹری جناب بھرت کھیرا کی جانب سے نئی دہلی کے کرتویہ بھون-3 میں وزارت کے افسران اور عملے کو دیانت داری کا حلف دلانے کے ساتھ ہوا۔ وزارت اور اس کے ماتحت اداروں کے 500 سے زائد افسران نے ہائبرڈ طریقے سے حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی اور عوامی خدمات میں دیانت داری، شفافیت اور راست بازی کے تئیں اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
اس تقریب کے ایک حصے کے طور پر 26 اکتوبر 2026 کو وزارت کے افسران کے لیے کوئز اور نعرہ نویسی کے مقابلوں کا اہتمام کیا گیا۔ ان مقابلوں میں افسران نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ ان کا مقصد سرکاری ذمہ داریوں کی انجام دہی میں دیانت داری، شفافیت، راست بازی اور اخلاقی طرزِ عمل کے بارے میں بیداری کو مزید فروغ دینا تھا۔
ہفتہ بھر جاری رہنے والی تقریبات کے اختتام پر مرکزی تقریب 30 اکتوبر 2026 کو سکریٹری کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں وزارت، اس کے ماتحت اداروں اور ملک بھر میں واقع اس کے فیلڈ دفاتر کے 300 سے زائد افسران نے ہائبرڈ طریقے سے شرکت کی۔ اس موقع پر ایم ایس ایم ای کے چیف ویجیلنس آفیسر (سی وی او) نے ایک پریزنٹیشن دی ، جس میں تین ماہ کی مہم کے دوران وزارت کی جانب سے کیے گئے احتیاطی نگرانی کے اقدامات کو اجاگر کیا گیا۔ سکریٹری (ایم ایس ایم ای) نے کوئز اور نعرہ نویسی کے مقابلوں کے فاتحین کو بھی اعزاز سے نوازا اور ’’خوشحالی کے لیے دیانت داری‘‘ کے موضوع میں پنہاں دیانت داری، شفافیت اور جواب دہی کی اقدار کو اپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
نگرانی اور اخلاقی طرزِ عمل کے پیغام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے 30 اکتوبر 2026 کو نئی دہلی کے کرتویہ بھون-3 میں نیشنل اسکول آف ڈرامہ (این ایس ڈی) کی ایک ٹیم کی جانب سے نکڑ ناٹک پیش کیا گیا۔ ’’خوشحالی کے لیے دیانت داری‘‘ کے موضوع پر مبنی اس پیشکش میں ضابطۂ اخلاق کی پابندی، علم و معلومات کو مسلسل اپ ڈیٹ کرتے رہنے اور بدعنوانی کی روک تھام اور اس کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے مخبر (وِسل بلوئر) کے نظام کے مؤثر استعمال کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ مختلف وزارتوں اور محکموں کے 300 سے زائد افسران نے یہ پیشکش دیکھی۔
ویجلس بیداری ہفتہ 2026 کے انعقاد اور جاری احتیاطی نگرانی کی مہم کے ذریعے ایم ایس ایم ای کی وزارت نے حکمرانی کے نظام میں شفافیت، جواب دہی اور دیانت داری کو مزید مستحکم بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ اس مدت کے دوران کیے گئے اقدامات اخلاقی طرزِ عمل اور احتیاطی نگرانی کے کلچر کو فروغ دینے کے وزارت کے عزم کی توثیق کرتے ہیں، جو ایک شفاف، جواب دہ اور خوشحال ملک کی تعمیر میں معاون ثابت ہوں گے۔
********
ش ح۔ م ع ن۔ ن ع
U-NO-7168