پوسٹ کرنے کی تاریخ:
03 NOV 2026 5:28PM by PIB Delhi
گادن نامگیال لہاتسے (توانگ مٹھ) میں شاکیہ منی بدھ کے مقدس باقیات کی نمائش توانگ اور اروناچل پردیش کے پڑوسی علاقوں سے آنے والے عقیدت مندوں کے لیے روحانی عقیدت اور احترام کا ایک اہم موقع بن گئی ہے۔ نمائش کے پہلے تین دنوں کے دوران مٹھ میں عقیدت مندوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی، جہاں مقدس باقیات کی ایک جھلک دیکھنے، پرارتھناکرنے اور خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے لوگوں کی طویل قطاریں لگی رہیں۔ لوگوں کی اس شرکت سے بھگوان بدھ اور ان کی لازوال تعلیمات کے تئیں ان کے گہرے اعتقاداور عقیدت کی عکاسی ہوتی ہے۔

یہ نمائش بدھ راہبوں، بزرگ شہریوں اور عام لوگوں کے لیے قابلِ رسائی بنائی گئی ہے، جس سے عقیدت مندوں کو مقدس باقیات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور ان کی روحانی اہمیت کو محسوس کرنے کا موقع ملا ہے۔ اس نمائش نے لوگوں کو بھگوان بدھ کے لازوال پیغام، یعنی رحم دلی، امن، دانائی اور عالمگیر بھائی چارے سے دوبارہ وابستہ ہونے کا ایک نادر موقع بھی فراہم کیا ہے۔

مقدس باقیات کی نمائش کے ساتھ ساتھ،عقیدت مندوں کو دو خصوصی نمائشوں کے ذریعے بدھ مت کی تہذیب کے مالا مال ورثے اور اس کے مختلف پہلوؤں کو جاننے کا موقع بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔ بین الاقوامی بدھسٹ کنفیڈریشن (آئی بی سی) کے زیرِ اہتمام ’’مقدس پپرہوا کی دریافت: بھگوان بدھ کے مقدس باقیات اور ان کی دریافت کی داستان‘‘ کے عنوان سے منعقدہ نمائش میں پپرہوا کے باقیات کی آثارِ قدیمہ سے متعلق تاریخ بیان کی گئی ہے، جس میں 1898 میں ان کی دریافت اور بدھ مت کی تاریخ میں ان کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔ ایک اور نمائش، جس کا عنوان ’’دھرم کے سنگم: کلاسیکی ورثہ، زندہ فن اور بشریاتی نقطۂ نظر‘‘ ہے، نئی دہلی کے نیشنل میوزیم کی جانب سے ترتیب دی گئی ہے۔ اس میں بدھ مت کے تاریخی، فنّی اور ثقافتی ارتقا کو پیش کیا گیا ہے۔ یہ دونوں نمائشیں مل کر عقیدت مندوں کو بدھ مت کے مالا مال اور دیرینہ ورثے کے بارے میں مزید گہری معلومات فراہم کرتی ہیں۔

شاکیہ منی بدھ کے مقدس باقیات، جو نئی دہلی کے نیشنل میوزیم سے لائے گئے تھے، کا تاریخی توانگ مٹھ میں اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ جناب پیما کھانڈو نے باضابطہ مذہبی رسومات کے ساتھ استقبال کیا۔ اس موقع پر مرکزی وزیر برائے ثقافت و سیاحت جناب گجیندر سنگھ شیخاوت کے علاوہ معزز بدھ راہبوں، مذہبی رہنماؤں اور عقیدت مندوں نے بھی شرکت کی۔ اس تقریب کے ساتھ ہی ریاست میں مقدس باقیات کی نمائش کا آغاز ہوا۔

یہ نمائش 7 نومبر 2026 تک توانگ مٹھ میں جاری رہے گی۔ اس کے بعد مقدس باقیات کو ٹی جی ایل مٹھ (لوئر گومپا)، بومڈیلا لے جایا جائے گا، جہاں 8 سے 13 نومبر 2026 تک عوام کو ان کے دیدار اور خراج عقیدت پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
اس کے بعد، یہ نمائش 14 سے 20 نومبر 2026 تک گولڈن پگوڈا، نامسائی میں منعقد ہوگی۔ مقدس باقیات کی 21 نومبر 2026 کو نئی دہلی کے نیشنل میوزیم میں واپسی طے ہے۔

........................................................................................................
) ش ح –ض ر-ق ر)
U.No-7164