پوسٹ کرنے کی تاریخ:
03 NOV 2026 8:38AM by PIB Delhi
حکومتِ ہند کی قانون و انصاف کی وزارت کے محکمۂ انصاف کی جانب سے ‘‘ای فائلنگ 3.0: طریقۂ کار سے عملی نفاذ تک’’ کے عنوان سے ایک ورکشاپ کا انعقاد 4 نومبر 2026ء (بروز بدھ) دوپہر 2 بجے سے وگیان بھون، مولانا آزاد روڈ، نئی دہلی کے ہال نمبر 5 میں کیا جا رہا ہے۔
یہ ورکشاپ ای کورٹس مشن موڈ پروجیکٹ کے تحت ایک اہم اقدام ہے۔ اس کا مقصد سرکاری افسران کو ای فائلنگ 3.0 پلیٹ فارم سے روشناس کرانا ہے۔ یہ پروگرام ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے ذریعے عوام کو انصاف کی آسان اور باسہولت فراہمی کے لیے محکمۂ انصاف کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔
اس تقریب میں وزارتِ قانون و انصاف کے وزیرِ مملکت (آزادانہ چارج) عزت مآب جناب ارجن رام میگھوال بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔ سپریم کورٹ آف انڈیا کی ای کمیٹی کے معزز اراکین کی بھی اس موقع پر شرکت متوقع ہے۔
ورکشاپ کے دوران نیشنل انفارمیٹکس سینٹر(این آئی سی) کی جانب سے درج ذیل موضوعات پر تکنیکی نشستوں کا انعقاد کیا جائے گا:
- ای کورٹس کے نظام کا تعارف: ای کورٹس پروجیکٹ کے تحت فراہم کردہ مختلف ایپلی کیشنز اور خدمات کا مجموعی جائزہ۔
- ای کورٹس سنگل سائن آن (ایس ایس او) اور ای کورٹس سروسز موبائل ایپ: ان کے طریقۂ کار اور سہولیات سے متعلق آگاہی۔
- ای فائلنگ 3.0: اس کی خصوصیات اورطریقہ کار، بالخصوص سرکاری وکلا اور سرکاری محکموں کے لیے دستیاب سہولیات کی وضاحت۔
- ورکشاپ کے شرکاء کے ساتھ کھلی نشست: جس میں شریک افسران اپنے سوالات، آرا اور تجربات کا اظہار کر سکیں گے۔
ای کورٹس پروجیکٹ کے تیسرے مرحلے (فیز III) کا بنیادی مقصد عدالتی نظام کو ابتدا سے انتہا تک ڈیجیٹل اور کاغذی کارروائی سے پاک بنانا، نیز شہریوں کی ضروریات کو مدِنظر رکھتے ہوئے عدالت کے احکامات سے متعلق الیکٹرانک خدمات فراہم کرنا ہے۔ اس منصوبے کے تحت دیگر اہم اقدامات کے علاوہ تمام عدالتوں میں ای فائلنگ کے نظام کو عمومی طور پر رائج کرنے کا بھی ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
حکومت کی وزارتیں اور محکمے، ان کے ماتحت اور ذیلی دفاتر، خودمختار اور ضابطہ جاتی ادارے نیز سرکاری شعبے کے ادارے (پی ایس یوز) مجموعی عدالتی مقدمات کے ایک بڑے حصے سے متعلق ہوتے ہیں۔ ان اداروں میں ای فائلنگ کے نظام کو وسیع پیمانے پر اپنانے سے دفتری اور عدالتی امور کی انجام دہی میں بہتری آئے گی اور عدالتوں میں روایتی طور پرکاغذی کارروائی اور بالمشافہ دستاویزات جمع کرانے پر انحصار کم ہوگا۔
اس ورکشاپ کا مقصد متعلقہ نامزد افسران کو وہ عملی معلومات اور ضروری مہارت فراہم کرنا ہے جن کی مدد سے وہ ای فائلنگ کے نظام کو مؤثر انداز میں اپنا سکیں اور اپنے متعلقہ اداروں میں اس کے نفاذ کو یقینی بنا سکیں۔
یہ تقریب حکومتِ ہند کے اس عزم کی عکاس ہے کہ ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے ذریعے ایک ڈیجیٹل، کاغذی کارروائی سے پاک اور شہریوں کی ضروریات پر مبنی انصاف کی فراہمی کے بہتر نظام کو فروغ دیا جائے اور عدالتی عمل میں جدید ٹیکنالوجی کے ادارہ جاتی استعمال کو مزید مستحکم بنایا جائے۔
****
ش ح۔ م ع۔ ف ر
U: 7130