بھاری صنعتوں کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

بھاری صنعتوں کی وزارت اور اس کے تحت کام کرنے والے سی پی ایس ای اور خود مختار اداروں نے زیر التوا معاملات کے تصفیے سے متعلق خصوصی مہم 6 (ایس سی ڈی پی ایم 6) کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 02 NOV 2026 7:56PM by PIB Delhi

بھاری صنعتوں کی وزارت (ایم ایچ آئی) نے اپنے مرکزی سرکاری شعبے کے اداروں اور خود مختار اداروں کے ساتھ مل کر زیر التوا معاملات کے تصفیے سے متعلق خصوصی مہم 6 (ایس سی ڈی پی ایم 6) کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی ہے۔ اس سال کی مہم میں صفائی ستھرائی، زیرِ التوا معاملات میں کمی اور کام کی جگہوں کے بہتر انتظام کے ساتھ ساتھ ’’الیکٹرانک کچرے (ای ویسٹ) کی مؤثر جمع آوری، علیحدگی اور تلفی‘‘ پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔

خصوصی مہم 6 (ایس سی ڈی پی ایم 6) کے نفاذ کے مرحلے کے دوران، جو 2 اکتوبر سے 31 اکتوبر 2026 تک جاری رہا، وزارتِ بھاری صنعتوں اور اس کے مرکزی سرکاری شعبے کے اداروں اور خود مختار اداروں نے متعدد سرگرمیاں انجام دیں۔ ان میں پرانی فزیکل اور الیکٹرانک فائلوں کا جامع جائزہ، ناقابلِ استعمال اشیا، اسکریپ اور الیکٹرانک کچرے کی نشاندہی اور ان کی مناسب تلفی کے لیے اقدامات شروع کرنا شامل تھا۔ ان سرگرمیوں کا مقصد دفتری جگہ کو خالی کرانا، ریکارڈ کے انتظام کو بہتر بنانا اور کام کی جگہوں کو زیادہ صاف ستھرا، منظم اور مؤثر بنانا تھا۔

الیکٹرانک کچرے کے انتظام پر خصوصی توجہ

اس سال کے موضوع کے مطابق، بھاری صنعتوں کی وزارت کے تحت آنے والے دفاتر اور صنعتی یونٹ میں الیکٹرانک کچرے (ای ویسٹ) کی مؤثر جمع آوری، علیحدگی اور تلفی پر خصوصی توجہ دی گئی۔ مرکزی سرکاری شعبے کے اداروں اور خود مختار اداروں نے اپنے اپنے اداروں میں پیدا ہونے والے الیکٹرانک کچرے کی نشاندہی کی اور الیکٹرانک کچرے (انتظام) ضوابط، 2022 کے مطابق اس کی علیحدگی اور تلفی کے لیے ضروری اقدامات کیے۔

اس اقدام سے الیکٹرانک کچرے کو مناسب طریقے سے تلف کرنے کو یقینی بنانے اور وزارت کے تحت آنے والے مرکزی سرکاری شعبے کے اداروں اور خود مختار اداروں میں کچرے کے ذمہ دارانہ انتظام کے طریقوں کو فروغ دینے میں مدد ملی۔

دفتری احاطوں اور صنعتی یونٹس میں صفائی ستھرائی اور شجرکاری مہمات بھی منعقد کی گئیں۔ ان سرگرمیوں سے صاف ستھرے، محفوظ اور منظم کام کی جگہوں کو برقرار رکھنے میں مدد ملی، ساتھ ہی صفائی ستھرائی، جواب دہی اور کچرے کے ذمہ دارانہ انتظام کے کلچر کو بھی فروغ حاصل ہوا۔

خصوصی مہم کے نفاذ کے مرحلے یعنی 2 اکتوبر سے 31 اکتوبر 2026 کے دوران حاصل کیے گئے اہم اہداف درج ذیل ہیں:

 

  • دفتری احاطوں اور صنعتی یونٹس میں صفائی کی 1,540 مہمات چلائی گئیں۔
  • اسکریپ کی تلفی کے نتیجے میں 50,19,777 مربع فٹ جگہ خالی کرائی گئی۔
  • الیکٹرانک کچرے کی 4,467 اشیا جمع کی گئیں، ان کی علیحدگی کی گئی اور انہیں تلف کیا گیا۔
  • اسکریپ اور الیکٹرانک کچرے کی تلفی کے ذریعے مجموعی طور پر 13,03,93,845 روپے کی آمدنی حاصل ہوئی۔

عوام میں بیداری پیدا کرنے اور مہم کو وسیع پیمانے پر تشہیر فراہم کرنے کے لیے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارم، یعنی ایکس (ٹوئٹر)، انسٹاگرام، فیس بک، یوٹیوب، لنکڈ اِن وغیرہ پر 2,108 پوسٹس شائع کی گئیں۔ ان پوسٹس میں خصوصی مہم 6 کے تحت وزارت اور اس کے مرکزی سرکاری شعبے کے اداروں اور خود مختار اداروں کی جانب سے انجام دی گئی اہم سرگرمیوں کو اجاگر کیا گیا۔

خصوصی مہم 6 کے تحت بھارت ہیوی الیکٹریکلز لمیٹڈ کے ایچ پی ای پی حیدرآباد یونٹ نے ریاسامدرم جھیل اور اس سے متصل سڑک پر بڑے پیمانے پر صفائی مہم چلائی، جس میں ادارے کی قیادت، ملازمین اور عوام نے سرگرمی سے حصہ لیا۔ اس مہم کے دوران تقریباً 32,290 مربع فٹ رقبے کی صفائی کی گئی۔ بی ایچ ای ایل کے پی پی پی یو یونٹ نے اپنے سول اسٹور ایریا کے 300 مربع فٹ حصے کی صفائی اور ازسرِنو ترتیب دے کر اسے بہتر بنایا۔

اینڈریو یول اینڈ کمپنی لمیٹڈ (اے وائی سی ایل) نے آسام میں واقع اپنے راج گڑھ ٹی اسٹیٹ دفتر میں صفائی مہم چلائی اور فائلوں نیز پرانی دستاویزات کو چھانٹ کر کے غیر ضروری ریکارڈ کو تلف کیا۔

سیمنٹ کارپوریشن آف انڈیا لمیٹڈ (سی سی آئی ایل) نے صفائی ستھرائی کو فروغ دینے اور آس پاس کے ماحول کو بہتر بنانے کے مقصد سے سی سی آئی ایل ٹاؤن شپ کے چلڈرن پارک میں صفائی مہم کا اہتمام کیا۔ اس اقدام سے ایک صاف ستھرا، صحت مند اور زیادہ خوشگوار کمیونٹی ماحول تشکیل دینے میں مدد ملی۔ اس کے علاوہ، کام کی جگہ پر صفائی ستھرائی، نظم و ضبط اور مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے شعبۂ انسانی وسائل کی تزئین و آرائش بھی کی گئی۔

خصوصی مہم 6 کے ذریعے بھاری صنعتوں کی وزارت نے صاف ستھرے، منظم اور مؤثر دفتری ماحول کو فروغ دینے، زیرِ التوا معاملات میں کمی لانے اور کچرے کے پائیدار انتظام کے طریقوں کو مستحکم بنانے کی کوشش کی، جس میں الیکٹرانک کچرے (ای ویسٹ) کی مؤثر جمع آوری، علیحدگی اور تلفی پر خصوصی توجہ دی گئی۔ وزارت نے اپنے مرکزی سرکاری شعبے کے اداروں اور خود مختار اداروں کے ساتھ مل کر صفائی ستھرائی برقرار رکھنے، وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانے اور بہتر حکمرانی اور دفتری کارکردگی کے کلچر کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

*********

 

ش ح۔ ف ش ع

                                                                                                                                       U: 7117 


(ریلیز آئی ڈی: 2331866) وزیٹر کاؤنٹر : 6
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil