دیہی ترقیات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

محکمۂ دیہی ترقی نے سوچھتا  کو ادارہ جاتی شکل دینے، زیرِ التوا معاملات میں کمی لانے، ریکارڈ کے انتظام کو بہتر بنانے اور دفتری جگہ کے مؤثر استعمال کے سلسلے میں نمایاں کامیابیوں کے ساتھ خصوصی مہم 6 مکمل کی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 02 NOV 2026 5:21PM by PIB Delhi

محکمۂ دیہی ترقی نے 2 سے 31 اکتوبر 2026 کے دوران خصوصی مہم 6 کامیابی کے ساتھ مکمل کی۔ اس مہم کے دوران پردھان منتری جیون جیوتی بیمہ یوجنا (پی ایم جے جے بی وائی) اور پردھان منتری سرکشا بیمہ یوجنا (پی ایم ایس بی وائی) کے تحت محکمہ کے تمام کنٹریکٹ ملازمین، بشمول صفائی کارکنوں کو بیمہ تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔ دونوں اسکیموں کے تحت بیمہ تحفظ فراہم کرنے کے لیے درکار پریمیم کی پوری رقم محکمہ نے ادا کی ہے۔

دفتر میں صفائی ستھرائی کو فروغ دینے اور اسے برقرار رکھنے نیز انتظامی کارکردگی کو بہتر بنانے کی کوششوں کے تحت، محکمہ نے ‘نرمل ڈیسک چیلنج 2026’ کا اہتمام کیا۔ یہ ایک داخلی اقدام تھا، جس کا مقصد صفائی ستھرائی، حفظانِ صحت اور کام کی جگہوں کو منظم رکھنے کے رجحان کو فروغ دینا تھا۔ اس چیلنج کے اختتام پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو صاف ستھری، منظم اور مؤثر کام کی جگہیں برقرار رکھنے کی کوششوں کے اعتراف میں اعزاز سے نوازا گیا۔

محکمہ نے اپنے بیرونی ذرائع سے فراہم کردہ افرادی قوت کی صحت وتندرستی اور فلاح و بہبود  کے تئیں اپنے عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے، 22 اکتوبر 2026 کو وزارتِ صحت اور خاندانی بہبود کے اشتراک سے ایک خصوصی طبی معائنے کے کیمپ کا انعقاد کیا۔ اس کیمپ سے صفائی کارکنوں سمیت250 سے زائد بیرونی ذرائع سے فراہم کردہ ملازمین مستفید ہوئے، جہاں انہیں صحت کی جامع جانچ کی سہولت فراہم کی گئی۔

مہم کے دوران پارلیمنٹ کی20 یقین دہانیوں، بین وزارتی کمیٹی (آئی ایم سی)کے 5 حوالہ جات (کابینہ کی تجاویز)، ریاستی حکومتوں کے 24 حوالہ جات، وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) کے 6 حوالہ جات، عوامی شکایات کے 1,012 معاملات اور عوامی شکایات سے متعلق 194 اپیلوں کو نمٹا کر 100 فیصد اہداف حاصل کیے گئے۔ مہم کے دوران محکمہ نے 25,000 کے مقررہ ہدف کے مقابلے میں صفائی ستھرائی سے متعلق 25,268 سرگرمیاں انجام دیں۔

اس مہم کے نتیجے میں ای - ویسٹ کو ٹھکانے لگانے سے حاصل ہونے والی آمدنی سمیت مجموعی طور پر 28.94 لاکھ روپے کی آمدنی ہوئی۔ اس کے علاوہ، غیر ضروری ریکارڈ، ای - ویسٹ اور غیر استعمال شدہ فرنیچر و آلات کو منظم طریقے سے ٹھکانے لگا کر دفاتر کی55,026 مربع فٹ جگہ خالی کرائی گئی۔

ریکارڈ کے انتظام سے متعلق اقدام کے تحت محکمہ نے جائزے کے لیے نشان زد کی گئی تمام 5,108 کاغذی فائلوں اور 3,878 ای فائلوں کا جائزہ لیا اور دونوں زمروں میں100 فیصد تکمیل کا ہدف حاصل کیا۔ اس کے علاوہ، 3,039 کاغذی فائلوں کو تلف کیا گیا اور 1,985 ای فائلوں کو بند کیا گیا، اس طرح تلف اور بند کی جانے والی فائلوں کی مجموعی تعداد 5,024 ہوگئی۔ ان کوششوں سے ریکارڈ کے زیرِ التوا معاملات میں کمی لانے اور ریکارڈ کے انتظام کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملی۔

محکمہ نے ماحولیاتی بیداری اور ملازمین کی فلاح و بہبود کو فروغ دینے کے لیے مختلف اقدامات بھی کیے۔ ان میں اندرونِ دفتر رکھے جانے والے پودوں کی تقسیم، تمباکو نوشی کے مضر اثرات سے متعلق بیداری سرگرمیاں، مضمون نویسی اور پوسٹر سازی کے مقابلوں کا انعقاد اور صفائی متروں کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں اعزاز سے نوازنا شامل تھا۔

خصوصی مہم 6 کی کامیاب تکمیل سوچھتا کو ادارہ جاتی شکل دینے، زیرِ التوا معاملات کو بروقت نمٹانے، ریکارڈ کے انتظام کو مستحکم بنانے، دفتری جگہ کے مؤثر استعمال اور ملازمین کی فلاح و بہبود کو فروغ دینے کے تئیں محکمہ کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ اس مہم کے تحت حاصل ہونے والی نمایاں کامیابیاں اسے کامیاب بنانے میں محکمہ کے تمام ڈویژنوں (بشمول خود مختار اداروں) اور ملازمین کی مشترکہ کوششوں اور فعال شرکت کا نتیجہ ہیں۔

***

) ش ح ۔ا ک۔ش ت)

U.No. 7108


(ریلیز آئی ڈی: 2331722) وزیٹر کاؤنٹر : 9
یہ ریلیز پڑھیں: English