پوسٹ کرنے کی تاریخ:
02 NOV 2026 5:43PM by PIB Delhi
پنشن و پنشن یافتگان کی فلاح و بہبودکے محکمہ (ڈی او پی پی ڈبلیو)، وزارتِ عملہ، عوامی شکایات اور پنشن نے ملک گیر ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ (ڈی ایل سی) مہم 5 کے ایک حصے کے طور پر 2 نومبر 2026 کو نئی دہلی کے این ڈی سی سی کنونشن سینٹر میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) کے اشتراک سے ایک میگا کیمپ کا انعقاد کیا۔ اس کیمپ میں پنشن یافتگان اور بزرگ شہریوں نے پُرجوش انداز میں شرکت کی۔ اس کا مقصد ٹیکنالوجی پر مبنی، قابلِ رسائی اور پنشن یافتگان کے لیے سہل خدمات کے ذریعے ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ جمع کرانے کے عمل کو آسان بنانا تھا۔
حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے پنشن و پنشن یافتگان کی فلاح و بہبودکے محکمہ کی سکریٹری محترمہ نویدیتا شکلا ورما نے اس بات کو اجاگر کیا کہ پنشن یافتگان کو ڈیجیٹل طور پر بااختیار بنانا، زندگی کو آسان بنانے کے حکومت کے عزم کا ایک اہم جزو ہے۔ سکریٹری نے زور دیا کہ تکنیکی ترقی، بالخصوص چہرے کی شناخت کے ذریعے تصدیق کی سہولت نے لائف سرٹیفکیٹ جمع کرانے کے طریقۂ کار میں نمایاں تبدیلی پیدا کی ہے۔ اس کی بدولت پنشن یافتگان بینکوں یا دیگر دفاتر کا دورہ کیے بغیر اپنے اسمارٹ فون کے ذریعے خود ہی ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ تیار کر سکتے ہیں۔
سکریٹری نے اس پہل میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے نمایاں تعاون کو بھی سراہا اور بتایا کہ بینک نے گزشتہ سال کی مہم کے دوران تقریباً 25 لاکھ ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ تیار کرنے میں سہولت فراہم کی تھی۔
موجودہ مہم کے تحت اسٹیٹ بینک آف انڈیا 115 شہروں میں خصوصی ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ کیمپ منعقد کر رہا ہے اور اپنی شاخوں اور مخصوص معاونتی ٹیموں کے ذریعے بھی مدد فراہم کر رہا ہے۔ بینک نے اپنے پنشن یافتگان تک ان خدمات کی رسائی بڑھانے اور ڈیجیٹل سہولیات سے استفادے کو آسان بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے ہیں۔ ان میں ایسی شاخوں میں خصوصی انتظامات بھی شامل ہیں جہاں پنشن یافتگان کی تعداد زیادہ ہے۔
حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے پنشن و پنشن یافتگان کی فلاح و بہبودکے محکمہ کے جوائنٹ سکریٹری جناب دھروب جیوتی سین گپتا نے تمام پنشن یافتگان پر زور دیا کہ وہ اس مہم کے تحت دستیاب سہولیات سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے ساتھی پنشن یافتگان کو بھی ڈیجیٹل خدمات اپنانے کی ترغیب دیں، تاکہ پنشن کی فراہمی کے نظام کو مزید قابلِ رسائی، شفاف اور شہریوں پر مرکوز بنایا جا سکے۔
***
( ش ح ۔ م م ۔ م ا )
UR.No-7110