پوسٹ کرنے کی تاریخ:
30 OCT 2026 6:14PM by PIB Delhi
اسٹیل اتھارٹی آف انڈیا لمیٹڈ ( سیل ) کی مالی سال ، 2026-27 ء کی دوسری سہ ماہی کی کارکردگی سے اس بات کی عکاسی ہوتی ہے کہ کس طرح عملی اقدامات کے نتیجے میں مالیاتی محاذ پر نمایاں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ اس دوران گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں منافع بعد از ٹیکس ( پی اے ٹی ) میں تقریباً 315 فی صد کا اضافہ درج کیا گیا۔ کمپنی نے خام لوہا پگھلانے، خام فولاد، قابل فروخت فولاد اور تیار فولاد، چاروں شعبوں میں دوسری سہ ماہی کی اب تک کی سب سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، جس میں ایندھن کی کھپت کی شرح میں بہتری نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ اس مضبوط عملی کارکردگی کو مصنوعات کی اقسام میں ایک اہم تبدیلی سے مزید تقویت حاصل ہوئی۔ اعلیٰ قدر والی مصنوعات کے حجم میں پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں 36 فی صد اضافہ ہوا، جو پریمیم مصنوعات کے شعبے میں سیل کی بڑھتی ہوئی توجہ کا مظہر ہے۔ ان مصنوعات کی مانگ مسلسل مستحکم ہے اور ان سے حاصل ہونے والا منافع بھی زیادہ ہے۔
مالی سال 2026-27 ء کی دوسری سہ ماہی کے دوران ، سیل کی ابتدائی پیداواری سرگرمیوں میں بڑھتی ہوئی مضبوطی بھی نمایاں رہی۔ سیل کی کانوں میں سہ ماہی کے دوران اب تک کی سب سے زیادہ پیداوار اور فروخت ریکارڈ کی گئی۔ اس سے نہ صرف کمپنی کی اپنی ضرورت کے لیے خام مال کی بلاتعطل دستیابی یقینی ہوئی ، بلکہ فاضل پیداوار اندروں ملک بازار میں فراہم کرکے اضافی قدر بھی حاصل کی گئی۔ کان کنی کے شعبے میں مسلسل پیش رفت نے مجموعی عملی سرگرمیوں کو مزید استحکام بخشا۔ اس سہ ماہی میں ذخیرے کے بہتر انتظام پر بھی توجہ مرکوز کی گئی، جب کہ ریل اور سڑک دونوں ذرائع سے براہ راست ترسیل کو ترجیح دینے کے نتیجے میں صارفین تک سامان کی تیز تر فراہمی ممکن ہوئی اور ترسیل میں لگنے والا وقت کم ہوا۔ گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں فروخت کے حجم میں 5 فی صد اضافہ سے اس عملی مستعدی کی عکاسی ہوتی ہے۔ مجموعی قابل فروخت فولاد میں تیار فولاد کے بڑھتے ہوئے تناسب نے سیل کی مسابقتی صلاحیت کو مزید مضبوط کیا، جب کہ مارکیٹنگ ٹیموں نے مصنوعات کی بہتر اقسام سے فائدہ اٹھاتے ہوئے صارفین کے ساتھ اپنے روابط کو مزید مستحکم بنایا۔
مالی سال 2026-27 ء کی دوسری سہ ماہی میں سیل نے تنظیمی سطح پر تحفظ و سلامتی کو بھی نئی ترجیح دی۔ پہلی مرتبہ تمام کارخانوں میں تحفظ و سلامتی کے موضوع پر بڑے گروپوں کے ساتھ خصوصی تبادلۂ خیال کے اجلاس منعقد کیے گئے، جس سے اس بات کا اظہار ہوتا ہے کہ قیادت تحفظ و سلامتی کو بنیادی عملی قدر کے طور پر فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔ دوسری سہ ماہی کی مضبوط کارکردگی سے ایک مستحکم بنیاد قائم ہونے کے بعد سیل مالی سال 2026-27 ء کے بقیہ عرصے میں نئے اعتماد، بازار میں بہتر مقام اور مسلسل عملی و مالیاتی کارکردگی برقرار رکھنے کے واضح عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔
------------------
( ش ح ۔ ض ر ۔ ع ا )
U.No. 7092