وزارت خزانہ
azadi ka amrit mahotsav

سی بی این کے مدھیہ پردیش یونٹ کی منشیات کے خلاف تین بڑی کارروائیاں؛ 2,774.650 کلوگرام پوست کا بھوسہ اور پانچ گاڑیاں ضبط، چار افراد گرفتار

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 31 OCT 2026 6:10PM by PIB Delhi

منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ اور نشہ آور اشیاء کی غیر قانونی کاشت کے خلاف جاری مہم کے تحت سینٹرل بیورو آف نارکوٹکس (سی بی این) کے مدھیہ پردیش) یونٹ نے گزشتہ چند دنوں کے دوران تین اہم کارروائیاں انجام دیں، جن کے نتیجے میں 2,774.650 کلوگرام غیر قانونی پوست کا بھوسہ (ڈوڈاچورا) اور پانچ گاڑیاں ضبط کی گئیں۔ ان معاملات کے سلسلے میں چار افراد کو گرفتار کیا گیا۔

27 اکتوبر 2026 کو مخصوص خفیہ اطلاع کی بنیاد پر سی بی این کے مدھیہ پردیش یونٹ کے افسران کی ایک ٹیم نے ممبئی-دہلی ایکسپریس وے پر سیتاماؤ کے قریب راجستھان کے رجسٹریشن نمبر والے ایک کنٹینر ٹرک کو روکا۔ شبہ تھا کہ اس گاڑی کے ذریعے پوست کا بھاری مقدار میں بھوسہ پنجاب لے جایا جا رہا ہے۔ گاڑی کی مکمل تلاشی کے دوران 2,308 کلوگرام پوست کا بھوسہ 115 سفید بوریوں میں پیک کیا ہوا برآمد کیا گیا تھا، جسے چنے کے چھلکے کی 598 سفید بوریوں کے نیچے چھپا کر رکھا گیا تھا۔ ان بوریوں کو گاڑی میں آڑ کے سامان کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔ ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ضبط شدہ ممنوعہ اشیاء اور کنٹینر ٹرک کو تحویل میں لے لیا گیا اور نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائیکوٹروپک سبسٹینسز(این ڈی پی ایس) ایکٹ، 1985 کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک شخص کو گرفتار کیا گیا۔ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image001_20261031225118_63671a.jpg

2,308 کلوگرام پوست کا بھوسہ اور کنٹینر ٹرک ضبط

28 اور 29 اکتوبر 2026 کی درمیانی شب مخصوص خفیہ اطلاع کی بنیاد پر سی بی این کے مدھیہ پردیش یونٹ کے افسران کی ایک مشترکہ ٹیم نے ضلع مندا سور کی تحصیل اور گاؤں اسحاق پور میں کارروائی کرتے ہوئے مہندرا پک اَپ ٹرک، جس پر جعلی رجسٹریشن نمبر ہونے کا شبہ تھا، اور مہندرا بولیرو کار کو روکا۔ اس کارروائی کے دوران ایک شخص کو حراست میں لے لیا گیا، جبکہ سی بی این کی دوسری ٹیم کی جانب سے مختصر تعاقب کے بعد ایک دیگر مشتبہ شخص بولیرو کار چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ دونوں گاڑیوں کی مکمل تلاشی کے دوران 416.560 کلوگرام غیر قانونی پوست کا بھوسہ(ڈوڈاچورا) 22 پلاسٹک کے تھیلوں میں پیک کیا ہوا برآمد کیا گیا۔ ان میں سے 17 تھیلے پک اَپ ٹرک سے اور پانچ تھیلے بولیرو کار سے برآمد ہوئے۔ ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد برآمد شدہ ممنوعہ اشیاء سمیت دونوں گاڑیوں کو ضبط کر لیا گیا اور نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائیکوٹروپک سبسٹینسز(این ڈی پی ایس) ایکٹ، 1985 کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک شخص کو گرفتار کیا گیا۔ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                             

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image002_20261031225125_a7c342.jpg

50.090 کلوگرام پوست کا بھوسہ اور دو گاڑیاں ضبط

28 اکتوبر 2026 کو مخصوص خفیہ اطلاع کی بنیاد پر سی بی این کے مدھیہ پردیش یونٹ کے افسران کی ایک ٹیم نے فتح گڑھ-نایکھیڑا-پپلیا منڈی روٹ پر مدھیہ پردیش کے رجسٹریشن نمبر والی ہنڈائی گرینڈ آئی 10 کار اور ٹی وی ایس موٹر سائیکل کو روکا۔ خفیہ اطلاع کے مطابق موٹر سائیکل آگے چل کر کار کی رہنمائی کر رہی تھی، جس کے بارے میں شبہ تھا کہ وہ فتح گڑھ پھانٹا سے پپلیا منڈی کی جانب تقریباً 50 سے 60 کلوگرام پوست کا بھوسہ لے جا رہی ہے۔ کار کی مکمل تلاشی کے دوران 50.090 کلوگرام پوست کا بھوسہ دو تھیلوں میں پیک کیا ہوا برآمد کیا گیا۔ ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد برآمد شدہ ممنوعہ اشیاء کے ساتھ ہنڈائی گرینڈ آئی 10 کار اور ٹی وی ایس موٹر سائیکل کو نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائیکوٹروپک سبسٹینسز(این ڈی پی ایس) ایکٹ، 1985 کی متعلقہ دفعات کے تحت ضبط کر لیا گیا۔ اس معاملے میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image003_20261031225131_4ce7e9.jpg

50.090 کلوگرام پوست کا بھوسہ اور دو گاڑیاں ضبط

منشیات کے خلاف مربوط اور ہم آہنگ یہ کارروائیاں سینٹرل بیورو آف نارکوٹکس کے مدھیہ پردیش یونٹ کی مسلسل چوکسی اور اس عزم کی عکاس ہیں کہ منشیات کی غیر قانونی کاشت، پیداوار، قبضے اور اسمگلنگ پر قابو پایا جائے۔

سی بی این منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورکس کو ختم کرنے، نشہ آور اشیاء کی غیر قانونی نقل و حرکت روکنے، این ڈی پی ایس ایکٹ، 1985 کی دفعات پر عمل درآمد یقینی بنانے اور نشہ مکت بھارت کے قومی مشن میں اپنا تعاون دینے کے لیے پوری مستعدی کے ساتھ سرگرم ہے۔

***

 (ش ح ۔ش  ت۔ع ن)

U. No. 7077


(ریلیز آئی ڈی: 2331401) وزیٹر کاؤنٹر : 7
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी