کامرس اور صنعت کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

تجارت کے سکریٹری جناب راجیش اگروال کی بروسیلز میں یوروپی کمیشن کے عہدیداروں اور صنعتی نمائندوں کے ساتھ اعلیٰ سطحی میٹنگز


ہندوستان اور یوروپی یونین کے درمیان تجارتی سہولت کاری، منڈیوں تک رسائی اور پائیدار ترقی و ماحول دوست ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں مزید گہرے تعاون پر تبادلۂ خیال

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 02 NOV 2026 9:34AM by PIB Delhi

تجارت کے سکریٹری جناب راجیش اگروال نے بروسیلز میں یوروپی کمیشن کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اہم  میٹنگیں کیں۔ ان میں تجارت اور اقتصادی سلامتی کے ڈائریکٹوریٹ جنرل (ڈی جی ٹریڈ) کی ڈائریکٹر جنرل محترمہ ڈیٹے جول جورگنسن، بین الاقوامی شراکت داری کے ڈائریکٹوریٹ جنرل (ڈی جی انٹپا) کے ڈائریکٹر جنرل جناب کوئن ڈونس اور ٹیکس اور کسٹمز یونین کے ڈائریکٹوریٹ جنرل (ڈی جی ٹیکسڈ) کے ڈائریکٹر جنرل جناب گیراسیموس تھامس شامل تھے۔ ان  میٹنگوںمیں  ہندوستان اور یوروپی یونین کے درمیان جامع اقتصادی اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

محترمہ ڈیٹے جول جورگنسن کے ساتھ  میٹنگ کے دوران دونوں فریقوں نے دوطرفہ تجارت کو آسان بنانے، منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے، رسدی سلسلوں کو مزید مستحکم کرنے اور  ہندوستان و یوروپی یونین کے کاروباری اداروں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے اقدامات پر تبادلۂ خیال کیا۔ دونوں فریقوں نے منصفانہ، متوازن اور باہمی طور پر مفید معاہدے کے تئیں اپنے عزم کا اعادہ کیا اور طریق کار اور نفاذ سے متعلق باقی ماندہ مسائل کو حل کرنے کے لیے مسلسل قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

جناب کوئن ڈونس کے ساتھ ملاقات میں دونوں فریقوں نے  ہندوستان اور یوروپی یونین کے درمیان ترقیاتی تعاون اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے سے متعلق امور پر اپنے خیالات کا تبادلہ کیا۔ اس دوران پائیدار ترقی، صاف توانائی، ماحول دوست ٹیکنالوجیز اور ان سے متعلق دیگر شعبوں پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔

جناب گیراسیموس تھامس کے ساتھ  میٹنگ میں کسٹمز کے شعبے میں تعاون، تجارتی سہولت کاری اور  ہندوستان-یوروپی یونین آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کے نفاذ کی تیاریوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔ دونوں فریقوں نے اس بات کو تسلیم کیا کہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے، لین دین کی لاگت کم کرنے اور جائز تجارت کی بلا رکاوٹ نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر، شفاف اور ڈجیٹل سہولتوں سے آراستہ کسٹمز طریق کار انتہائی اہم ہے۔

جناب اگروال نے ہیرے کے کاروبار سے وابستہ متعلقہ فریقوں سے بھی ملاقات کی، جن میں انٹورپ کے ہیرے کے کاروباری حلقے سے وابستہ نمائندے شامل تھے۔ ان بات چیت میں ہیرے کی عالمی رسدی زنجیر، تصدیق اور سراغ رسانی سے متعلق تقاضوں، ذمہ دارانہ ذرائع سے ہیرے حاصل کرنے اورہندوستان کی بڑھتی ہوئی ہیرے کی منڈی اور پیداواری شعبہ سے پیدا ہونے والے مواقع پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔  ہندوستان اور بیلجیم نے قیمتی پتھروں اور زیورات کے شعبہ کو مزید گہرے تعاون کے لیے ایک اہم میدان کے طور پر شناخت کیا ہے۔ اس سلسلہ میں انٹورپ، ممبئی اور سورت کو ہیرے کے بڑے مراکز کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔

تجارت کے سکریٹری نے یوروپی صنعتی نمائندوں کے ساتھ بزنس یوروپ کی گول میز میٹنگ میں بھی شرکت کی۔ اس میٹنگ میں تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانے، منڈیوں تک رسائی بہتر کرنے، رسدی سلسلوں کو مزید مستحکم کرنے اور  ہندوستان-یوروپی یونین آزاد تجارتی معاہدے کے تحت تعاون کو آگے بڑھانے کے مواقع پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ انہوں نے  ہندوستان کی مضبوط اقتصادی ترقی، اصلاحات کے عمل میں تیزی اور اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا اور یوروپی کاروباری اداروں کو  ہندوستان کے ساتھ اپنے روابط مزید گہرے کرنے اور اس کی وسعت پذیر رسدی زنجیروں میں حصہ لینے کی دعوت دی۔

ان ملاقاتوں اور بات چیت سے تجارت، سرمایہ کاری، ترقیاتی شراکت داری، ٹیکس اور کسٹمز سمیت مختلف شعبوں میں  ہندوستان اور یوروپی یونین کے درمیان تعاون کے بڑھتے ہوئے دائرے کی عکاسی ہوتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی دونوں فریقوں نے اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔

 

 

 

***

ش ح-ظ الف-ش ب ن

UR No. 7069


(ریلیز آئی ڈی: 2331380) وزیٹر کاؤنٹر : 9
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Gujarati