پوسٹ کرنے کی تاریخ:
01 NOV 2026 6:05PM by PIB Delhi
کوئلہ کی وزارت کے تحت ملک کی سرکردہ کوئلہ پیدا کرنے والی کمپنی کول انڈیا لمیٹڈ (سی آئی ایل) نے یکم نومبر 2026 کو اپنے 51ویں یوم تاسیس کی تقریب غیر معمولی کامیابیوں کے ساتھ منائی۔ کمپنی نے اکتوبر 2026 کے دوران کئی ریکارڈ قائم کیے۔ اس دوران کمپنی نے ماہانہ کوئلہ پیداوار اور کوئلے کی مجموعی سپلائی کی اب تک کی سب سے بلند سطح حاصل کی، جبکہ بجلی کے شعبے کو کوئلے کی ماہانہ سپلائی کا بھی نیا ریکارڈ قائم کیا۔
اکتوبر 2026 کے دوران کول انڈیا نے کسی بھی ایک ماہ میں کوئلے کی اب تک کی سب سے زیادہ مجموعی سپلائی 70.3 ملین ٹن (ایم ٹی) ریکارڈ کی، جس نے مارچ 2026 میں قائم کیے گئے 69.4 ملین ٹن کے سابقہ ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔ یہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 19 فیصد اضافہ ہے۔
بجلی کے شعبے کو کوئلے کی سپلائی میں بھی ایک نیا سنگ میل حاصل کیا گیا۔ کول انڈیا نے بجلی کے شعبے کو ایک ماہ میں اب تک کی سب سے زیادہ 57.1 ملین ٹن سپلائی ریکارڈ کی۔ اس سے قبل مئی 2024 میں 56.5 ملین ٹن سپلائی کا ریکارڈ قائم ہوا تھا۔ بجلی کے شعبے کو کوئلے کی سپلائی میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 19 فیصد اضافہ درج کیا گیا۔
کمپنی نے کوئلے کی پیداوار کے شعبے میں بھی ایک اہم سنگ میل حاصل کیا اور اکتوبر کے دوران اب تک کی سب سے زیادہ 67.2 ملین ٹن پیداوار ریکارڈ کی۔ اس نے اکتوبر 2024 میں حاصل کیے گئے 62.47 ملین ٹن کے سابقہ ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔ یہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 19 فیصد اضافہ ہے۔
ایک اور اہم کامیابی کے طور پر، ریلوے کے ذریعے کوئلے کی ترسیل میں بھی ریکارڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا۔ بجلی کے شعبے کے لیے یومیہ ریک لوڈنگ کی تعداد 310 تک پہنچ گئی، جو کسی بھی مہینے میں اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ اس نے مارچ 2025 میں قائم کیے گئے یومیہ 302.8 ریک کے سابقہ ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔
یہ غیر معمولی کامیابیاں اس اعتبار سے خاص اہمیت رکھتی ہیں کہ کول انڈیا اپنے وجود کے 51 شاندار سال مکمل کرنے کے ساتھ ہی ملک کی خدمت کے 52ویں سال میں داخل ہو رہی ہے۔ یکم نومبر 1975 کو قائم ہونے والی کول انڈیا نے گزشتہ پانچ دہائیوں کے دوران متعدد تبدیلیوں کا مشاہدہ کیا ہے اور کئی چیلنجوں پر قابو پاتے ہوئے اتحاد، عزم اور اجتماعی کوششوں کے ساتھ مسلسل پیش رفت کی ہے۔
اپنے قیام کے پہلے سال میں 79 ملین ٹن سالانہ کوئلہ پیداوار سے آغاز کرنے والی کول انڈیا نے گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران مسلسل ترقی کی ہے اور مالی سال 2025-26 میں اپنی پیداوار بڑھا کر 768 ملین ٹن تک پہنچا دی ہے۔ اس طرح گزشتہ پانچ دہائیوں میں اس کی پیداوار میں تقریباً دس گنا اضافہ ہوا ہے۔ مالی سال 2026-27 کے لیے پیداوار کا ہدف 815 ملین ٹن مقرر کیا گیا ہے۔
اکتوبر 2026 کے دوران ریکارڈ ساز کارکردگی کوئلے کی پیداوار میں اضافے، اس کی ترسیل کے نظام کو مستحکم بنانے اور ملک کی بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کوئلے کی مناسب اور قابل اعتماد سپلائی یقینی بنانے پر کول انڈیا کی مسلسل توجہ کی عکاسی کرتی ہے۔
اپنے 52ویں سال میں داخل ہوتے ہوئے کول انڈیا اپنی ترقی اور تبدیلی کی شاندار روایت کو مزید آگے بڑھانے اور ہندوستان کی توانائی کی سلامتی اور قومی ترقی میں اپنا تعاون جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔
**************
ش ح۔ ف ش ع
01-11-2026
U: 7063