پوسٹ کرنے کی تاریخ:
01 NOV 2026 5:45PM by PIB Delhi
پارلیمانی امور اور اقلیتی امور کے مرکزی وزیر جناب کرن رجیجو نے یکم نومبر 2026 کو بھوٹان کے گیلیفو مائنڈفلنیس سٹی میں 108 استوپوں کی تعمیر اور تقدیس کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں حکومت ہند کی نمائندگی کی۔ اس تقریب کی قیادت بھوٹان کے فرمانروا عزت مآب شاہ نے کی۔ 108 اسٹوپاؤں کی اس تقریب میں جناب کرن رجیجو کی شرکت ہندوستان اور بھوٹان کے عوام کے درمیان مشترکہ روحانی و ثقافتی روابط اور دونوں ممالک کے درمیان گہری دوستی کا اظہار ہے۔

108 استوپوں کا یہ منصوبہ بھوٹان کے فرمانروا عزت مآب شاہ کے تصور پر مبنی تھا اور اس پر عمل درآمد کی نگرانی بھی انہوں نے خود کی۔ ایک ہی دن میں ہزاروں رضاکاروں نے 108 استوپ تعمیر کیے، جن میں سے ہر ایک کی اونچائی 15 میٹر ہے اور یہ ایک دوسرے سے 108 میٹر کے فاصلے پر واقع ہیں۔ یہ استوپ آسام کی سرحد کے قریب گیلیفو مائنڈفلنیس سٹی کے اندر دریائے آئیے (ماؤ) کے کنارے 11.7 کلومیٹر طویل علاقے میں تعمیر کیے گئے ہیں۔ اس منصوبے کا مقصد گیلیفو مائنڈفلنیس سٹی کو بدھ مت کے ایک ممتاز مرکز کے طور پر پیش کرنا ہے، ساتھ ہی یہ بھوٹان کے عوام کی اقدار اور ثقافت کی بھی عکاسی کرتا ہے۔
بھوٹان کے فرمانروا عزت مآب شاہ، بھوٹان کے وزیر اعظم اور وزیر جناب کرن رجیجو نے استوپ نمبر 76 پر دعائیں کیں۔ یہ استوپ بھوٹان کے فرمانروا نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے نام منسوب کیا ہے، جو گیلیفو مائنڈفلنیس سٹی کے لیے ان کے عزم اور مسلسل حمایت کا اعتراف ہے۔ جناب رجیجو نے اس منصوبے کے تحت ایک استوپ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے نام منسوب کرنے کے اس اقدام پر وزیر اعظم کی جانب سے بھوٹان کے فرمانروا کا شکریہ ادا کیا۔
31 اکتوبر سے 2 نومبر 2026 تک بھوٹان کے دورے کے دوران جناب کرن رجیجو نے بھوٹان کے فرمانروا جگمے کھیسر نامگیل وانگچک سے ملاقات کی اور ان کی خدمت میں حاضری دی۔ اس کے علاوہ انہوں نے بھوٹان کے وزیر اعظم داشو شیرنگ توبگے سے بھی ملاقات کی۔ دونوں فریقوں نے دونوں ممالک کے درمیان خصوصی دوستی اور ترقیاتی تعاون، تجارت، توانائی، سرمایہ کاری، رابطہ کاری اور ثقافتی روابط سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے خوش آئند رجحان کو سراہا۔ جناب کرن رجیجو نے گیلیفو مائنڈفلنیس سٹی کے اس دور اندیش منصوبے اور بھوٹان کے ساتھ مل کر ہندوستان کے پڑوسی علاقوں کی ترقی میں اس کے کردار کے لیے ہندوستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔
**************
ش ح۔ ف ش ع
01-11-2026
U: 7057