ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
31 OCT 2026 11:23PM by PIB Delhi
قومی راجدھانی خطہ اور ملحقہ علاقوں میں فضائی معیار کے انتظام کے کمیشن (سی اے کیو ایم) کی ایک اعلیٰ سطحی ٹیم نے، جس میں کمیشن کے رکنِ تکنیکی ڈاکٹر ایس ڈی اتری اور سائنس داں ’سی‘ جناب وجے کمار شامل تھے، 31.10.2026 کو ضلع سنگرور کے ضلعی انتظامی کمپلیکس میں سنگرور، پٹیالہ اور مالیرکوٹلہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں، سینئر سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (ایس ایس پیز)، پنجاب آلودگی کنٹرول بورڈ (پی پی سی بی) اور محکمہ زراعت کے افسران نیز مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کی فلائنگ اسکواڈ ٹیموں کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ کی۔ اس میٹنگ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ان اضلاع میں دھان کی پرالی کے انتظام کی تیاریوں، اس کے مؤثر انتظام اور پرالی جلانے کے واقعات پر قابو پانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ٹیم نے مالیرکوٹلہ میں دھوری روڈ پر واقع پرالی کے بیرونی استعمال کی ایک تنصیب، یعنی ڈوپلیکس بورڈ اور کاغذ تیار کرنے والی ایک صنعتی اکائی کا بھی دورہ کیا۔ یہ اکائی اپنے 20 ٹی پی ایچ صلاحیت والے بوائلر میں ایندھن کے طور پر دھان کی پرالی استعمال کرتی ہے۔ صنعت کے نمائندوں نے بتایا کہ اس کے بوائلر کی بھٹی میں سالانہ تقریباً 17,000 میٹرک ٹن دھان کی پرالی استعمال کی جائے گی۔

ٹیم نے ضلع مالیرکوٹلہ کے گاؤں احمد آباد میں کھیتوں کے اندر پرالی کے انتظام کے لیے استعمال ہونے والی مشینری کو کام کرتے ہوئے بھی دیکھا۔ محکمہ زراعت کی جانب سے سپر سیڈر مشین کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔ اس کے علاوہ ٹیم نے کسانوں سے ملاقات کی، جنہوں نے یقین دلایا کہ وہ دھان کی پرالی نہیں جلائیں گے، بلکہ کھیتوں کے اندر ہی پرالی کے انتظام کے لیے مشینری کا استعمال کریں گے۔ ٹیم نے جاری فصل کی کٹائی کے موسم کے دوران دھان کی پرالی کے مؤثر انتظام اور اسے جلانے کے واقعات کی روک تھام کے لیے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کی جانب سے کیے جارہے انتظامات اور اقدامات کا جائزہ لیا۔
سی اے کیو ایم کی ٹیم نے ضلع سنگرور کی بھونئی گڑھ تحصیل کے مختلف دیہات، بشمول باسی آرک، کپیال اور جھنیری کا دورہ کیا۔ اس کے علاوہ ہاٹ اسپاٹ گاؤں گھرچوں میں دھان کی پرالی کے کھیتوں کے اندر اور باہر انتظام کے طریقوں کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ دورے کے دوران ٹیم نے اس ہاٹ اسپاٹ گاؤں کے کسانوں سے بھی بات چیت کی۔ ٹیم کو ضلعی انتظامیہ کی تیاریوں اور کسانوں کو دھان کی پرالی کے کھیتوں کے اندر ہی انتظام کے لیے فصل کی باقیات کے انتظام (سی آر ایم) کی مشینری دستیاب کرانے کے سلسلے میں کیے گئے انتظامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ کسانوں نے سی آر ایم مشینری کے استعمال کے دوران پیش آنے والی مشکلات سے ٹیم کو واقف کرایا۔
ٹیم نے بھونئی گڑھ کے گاؤں نڈام پور میں دھان کی پرالی سے ایندھن کے چھرے تیار کرنے والی ایک صنعتی اکائی کا دورہ بھی کیا۔ سی اے کیو ایم کے عہدیداروں نے پنجاب آلودگی کنٹرول بورڈ (پی پی سی بی) اور ضلعی انتظامیہ، سنگرور کے افسران کے ہمراہ اس بات کی براہِ راست معلومات حاصل کیں کہ دھان کی پرالی کو کس طرح حیاتیاتی مادے سے تیار کردہ ایندھن کے پیلٹ میں تبدیل کیا جاتا ہے، جنہیں بعد ازاں حرارتی بجلی گھروں میں ایندھن کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ ٹیم کو بتایا گیا کہ اس طرح کی صنعتی اکائیاں دھان کی پرالی کے متبادل استعمال کے مواقع فراہم کرکے کھیتوں سے باہر اس کے انتظام کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ اس سے کسانوں کو فصلوں کی باقیات جلانے سے گریز کرنے میں مدد ملتی ہے اور پرالی جلانے کے واقعات کی روک تھام میں بھی تعاون حاصل ہوتا ہے۔

سی اے کیو ایم کے عہدیداروں نے متعلقہ محکموں سے کہا کہ وہ پرالی جلانے کے واقعات کی مؤثر روک تھام کو یقینی بنانے کے لیے قریبی نگرانی کے ساتھ مشترکہ اور مسلسل کوششیں جاری رکھیں۔ ٹیم نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے عملی منصوبوں میں کیے گئے وعدوں کے مطابق دھان کی پرالی کے مؤثر انتظام کو یقینی بنائیں۔ اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ زمینی سطح پر کیے جانے والے اقدامات ان کے مقرر کردہ اہداف کے عین مطابق ہونے چاہئیں۔
******
ش ح۔ ف ا ۔ م ر
U-NO. 7036