نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

نشے سے پاک نوجوان مہم کے تحت مائی بھارت – قومی خدمت اسکیم نے ملک گیر سائیکل ریلیوں اور پیدل مارچ کے ذریعے 96,700 سے زائد نوجوانوں کو متحرک کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 31 OCT 2026 9:47PM by PIB Delhi

نشے سے پاک ہندوستان کا پیغام سڑکوں اور عوامی حلقوں تک پہنچانے کے مقصد سے مائی بھارت – قومی خدمت اسکیم (این ایس ایس) نے 30 اور 31 اکتوبر 2026 کو ’وکست بھارت کے لیے نشے سے پاک نوجوان – 100 ہفتوں کی عہد مہم‘ کے ساتویں ہفتے کے تحت ملک گیر سطح پر سائیکل ریلیوں، پیدل مارچ اور دوڑ کے پروگراموں کا انعقاد کیا۔ اس مہم میں ملک بھر کے 200 سے زائد اداروں کے 96,700 سے زیادہ افراد نے شرکت کی۔

دوسرے مہینے کے موضوع ’’صحت مند نوجوان، نشے سے پاک نوجوان (شکتی ایوم سیوا)‘‘ کے تحت منعقدہ اس مہم کا مقصد نوجوانوں کو جسمانی صحت، صحت مند طرزِ زندگی اور سماجی خدمت کی سرگرمیاں اپنانے کی ترغیب دینا، نیز نشہ آور اشیا کے استعمال کے مضر اثرات کے بارے میں بیداری پھیلانا تھا۔ ان سرگرمیوں میں طلبہ، قومی خدمت اسکیم کے رضاکاروں اور مقامی برادری کے افراد نے عوامی مقامات اور اہم شہری و سماجی مراکز پر بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

اس مہم کے تحت قومی خدمت اسکیم کی اکائیوں نے 10 سے 15 کلومیٹر تک سائیکل ریلیوں اور 3 سے 5 کلومیٹر تک پیدل مارچ اور دوڑ کے پروگراموں کا انعقاد کیا۔ پیدل مارچ اور دوڑ کی سرگرمیوں میں مجموعی طور پر 23,300 سے زائد افراد نے حصہ لیا، جب کہ 8,000 سے زیادہ نوجوان سائیکل ریلیوں میں شریک ہوئے۔ ان سرگرمیوں میں شمولیت کو ہمہ گیر بنانے پر بھی توجہ دی گئی، جس کے تحت اسکولوں کی اکائیوں، خواتین کے گروپوں اور بزرگ شہریوں نے بھی پیدل مارچ میں حصہ لیا۔

جسمانی صحت کے فروغ سے آگے بڑھتے ہوئے، رضاکاروں نے سڑکوں پر نکڑ ناٹک، نعرہ نویسی اور گیتوں کے پروگرام بھی منعقد کیے، تاکہ منشیات کے استعمال، ہم عمر افراد کے دباؤ اور نشے کی لت سے نجات جیسے موضوعات پر عوامی سطح پر تبادلۂ خیال کو فروغ دیا جاسکے۔ نکڑ ناٹک کے ذریعے 5,600 سے زائد شرکا اور عام شہریوں کو متوجہ کیا گیا، جب کہ نعرہ نویسی اور موسیقی کی سرگرمیوں میں 11,800 سے زیادہ افراد نے حصہ لیا۔ ان سرگرمیوں میں تخلیقی اور مقامی سطح پر آسانی سے قابلِ فہم ذرائع ابلاغ کا استعمال کرتے ہوئے نشے سے پاک طرزِ زندگی کا پیغام عام کیا گیا۔

اس مہم میں ماحولیاتی ذمہ داری کو بھی شامل کیا گیا، جس کے تحت پلوگنگ (جاگنگ اور پیدل چلنے کے ساتھ صفائی کی سرگرمیاں) کا اہتمام کیا گیا۔ ان سرگرمیوں کے دوران ریلیوں کے راستوں پر دوڑنے اور پیدل چلنے کے ساتھ صفائی بھی کی گئی۔ 11,400 سے زائد نوجوانوں نے ان سرگرمیوں میں حصہ لیا، کچرا جمع کیا اور اسے الگ الگ کرکے مقامی شہری اداروں کے حوالے کیا۔ ان سرگرمیوں کا اختتام اجتماعی طور پر ’نشے سے پاک رہنے کے عہد‘ کے ساتھ ہوا، جس میں تقریباً 26,000 شرکا اور برادری کے افراد نے نشے سے پاک معاشرے کے قیام کے عزم کا اظہار کیا۔

اس مہم کو ڈیجیٹل ذرائع سے بھی بھرپور فروغ دیا گیا۔ نوجوان سفیروں نے انسٹاگرام پر #NashaMuktYuva ہیش ٹیگ کے ساتھ ان سرگرمیوں کی مختصر ویڈیوز اور تصاویر شیئر کیں۔ ساتویں ہفتے کی ان سرگرمیوں کے ذریعے مائی بھارت اور قومی خدمت اسکیم نے نوجوانوں کی قیادت میں عوامی سطح پر اجتماعی شمولیت کو مزید مستحکم کیا اور نشے سے پاک ہندوستان اور ترقی یافتہ ہندوستان کے وژن کے حصول کے لیے جسمانی صحت، ماحولیاتی ذمہ داری اور اجتماعی جدوجہد کو فروغ دیا۔

 

******

U-NO. 7035


(ریلیز آئی ڈی: 2331100) وزیٹر کاؤنٹر : 6
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी