پوسٹ کرنے کی تاریخ:
30 OCT 2026 6:34PM by PIB Delhi
حکومت ہند کی وزارت ٹیکسٹائل کے تحت نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فیشن ٹیکنالوجی (این آئی ایف ٹی) نے خصوصی مہم 6 کے تحت اپنے کیمپس میں صفائی ستھرائی، حفظانِ صحت، کچرے کے انتظام، بنیادی ڈھانچے کی دیکھ بھال اور ماحولیاتی پائیداری سے متعلق مختلف اقدامات انجام دے کر نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ اس مہم کا باضابطہ افتتاح 2 اکتوبر 2026 کو این آئی ایف ٹی کے دہلی کیمپس میں وزارتِ ٹیکسٹائل کے سکریٹری اور دیگر سینئر افسران اور ڈائریکٹروں کی معزز موجودگی میں کیا گیا۔ اعلیٰ قیادت کی شرکت سے مہم کا آغاز ہوا اور صفائی ستھرائی، ماحولیاتی تحفظ اور ادارہ جاتی سطح پر پائیدار طریقہ ہائے کار کو فروغ دینے کے تئیں وزارت کے عزم کو تقویت ملی۔ 2 اکتوبر سے 31 اکتوبر 2026 تک جاری رہنے والی اس مہم کا مقصد طلبہ، اساتذہ اور عملے کی فعال شرکت کے ذریعے کیمپس کے ماحول کو مزید صاف ستھرا، سرسبز، محفوظ اور پائیدار بنانا تھا۔

جامع صفائی اور کیمپس میں حفظانِ صحت کی بہتر صورتحال

تعلیمی بلاک، ورکشاپ، کینٹینوں، ہاسٹلوں، راہداریوں، چھتوں، ذخیرہ کرنے کی جگہوں اور دیگر مشترکہ مقامات پر بڑے پیمانے پر صفائی ستھرائی کی سرگرمیاں انجام دی گئیں۔ مکڑی کے جالوں، جمع شدہ گردوغبار، کوڑے کرکٹ اور غیر ضروری اشیا کو ہٹانے کے ساتھ ساتھ فرنیچر، پنکھوں، کمپیوٹر کے آلات، پانی کی ٹنکیوں اور نکاسی آب کے نظام کی صفائی سے کیمپس میں صفائی اور حفظانِ صحت کی صورت حال کو بہتر بنانے میں مدد ملی۔
کچرے کا مؤثر انتظام اور ڈیجیٹل ریکارڈ کی دیکھ بھال
کچرے کو الگ الگ کرنے اور اسے ذمہ داری کے ساتھ ٹھکانے لگانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ الیکٹرانک کچرے اور ناکارہ سامان کو مقررہ طریقۂ کار کے مطابق تلف کرنے کے اقدامات کیے گئے۔ ڈیجیٹل ریکارڈ کی دیکھ بھال کو مستحکم بنانے، ریکارڈ کے انتظام کو بہتر کرنے اور دستیاب جگہ کے زیادہ سے زیادہ استعمال کو یقینی بنانے کے لیے الیکٹرانک فائلوں کو تلف کرنے اور غیر ضروری طبع شدہ ریکارڈ کو چھانٹ کر نکالنے کا عمل بھی انجام دیا گیا۔

ماحولیاتی پائیداری اور سرسبز طریقہ کار
ماحولیاتی اقدامات کے ایک حصے کے طور پر این آئی ایف ٹی نے کیمپس میں سرسبزی کو فروغ دینے کے لیے شجرکاری، باغبانی، درختوں کی تراش خراش اور شاخوں کی چھٹائی کی سرگرمیاں انجام دیں۔ نامیاتی کچرے کے مفید استعمال کو فروغ دینے اور ماحول دوست طریقہ ہائے کار کی حوصلہ افزائی کے لیے پتوں، پھلوں کے فضلے اور بچے ہوئے کھانے کی اشیا سے حیاتیاتی طور پر تحلیل ہونے والی کھاد تیار کرنے کا عملی مظاہرہ بھی منعقد کیا گیا۔
’کچرے سے دستکاری‘ – تخلیقی صلاحیتوں اور دوبارہ استعمال کا فروغ
این آئی ایف ٹی کے تخلیقی اور ڈیزائن پر مبنی نظریے کی عکاسی کرنے والے ایک اختراعی اقدام کے تحت ادارے نے ’کچرے سے دستکاری‘ کی سرگرمی انجام دی، جس میں یہ دکھایا گیا کہ کس طرح ضائع شدہ اشیا کو کارآمد اور آرائشی مصنوعات میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ ان تخلیقی اشیا کا استعمال کیمپس کے نشان زدہ مقامات کو خوب صورت بنانے کے لیے بھی کیا گیا، جس سے اشیا کے دوبارہ استعمال، ری سائیکلنگ اور کچرے میں کمی کے اصولوں کو فروغ ملا۔

بنیادی ڈھانچے کی دیکھ بھال اور کیمپس کی خوب صورتی
کیمپس کے بنیادی ڈھانچے، تحفظ اور فعالیت کو بہتر بنانے کے لیے دیکھ بھال اور مرمت کی متعدد سرگرمیاں انجام دی گئیں۔ ان میں بجلی کی تنصیبات کا معائنہ اور ان کی خامیوں کو دور کرنا، خراب سوئچوں، ساکٹوں اور لٹکتی ہوئی تاروں کی مرمت، لفٹوں، ہاسٹل کی عمارتوں، دروازوں، فرنیچر، دیگر تنصیبات اور احاطے کی حفاظتی باڑ کی دیکھ بھال شامل تھی۔ تعلیمی، انتظامی اور رہائشی بلاکس میں دیمک کے خاتمے کے لیے کیمیائی علاج اور حشرات پر قابو پانے کی سرگرمیاں بھی انجام دی گئیں۔
اس کے علاوہ، صاف ستھرا، صحت بخش اور محفوظ کیمپس ماحول یقینی بنانے کے لیے ہیٹروں، بلوورز، گیزروں، ایچ وی اے سی نظام، ایئر کنڈیشنروں، ایئر ہینڈلنگ یونٹس (اے ایچ یوز) اور ہوا کو صاف کرنے والے یونٹس کی صفائی اور دیکھ بھال کا کام بھی انجام دیا گیا۔

طلبہ کی شرکت اور بیداری سے متعلق سرگرمیاں
بیداری پیدا کرنے اور فعال شرکت کی حوصلہ افزائی کے لیے این آئی ایف ٹی نے مہم کے دوران مختلف مقابلوں اور بیداری سے متعلق سرگرمیوں کا اہتمام کیا۔ ان میں ’صفائی ستھرائی اور الیکٹرانک کچرے کے انتظام کی اہمیت‘ کے موضوع پر نعرہ نویسی کا مقابلہ، نیز صفائی ستھرائی کے موضوع پر مصوری اور شعری مقابلے شامل تھے۔ صفائی ستھرائی اور ماحولیاتی تحفظ کے بارے میں بیداری پھیلانے کے لیے نمایاں مقامات پر پوسٹر، بینر، پلے کارڈ اور اسٹینڈیز بھی آویزاں کیے گئے۔ مقابلوں میں کامیاب ہونے والے شرکاء کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں اعزازات سے نوازا گیا تاکہ وہ آئندہ بھی ایسی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہیں۔

صفائی ستھرائی اور حفظان صحت کے عملے کی خدمات کا اعتراف
صفائی ستھرائی اور دیکھ بھال کے عملے کی قابلِ قدر خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے این آئی ایف ٹی نے 27 اکتوبر 2026 کو اپنے صفائی اور حفظانِ صحت کے کارکنوں کو کیمپس میں صفائی ستھرائی برقرار رکھنے کے لیے ان کی لگن اور مستعدی سے انجام دی گئی خدمات کے اعتراف میں اعزاز سے نوازا۔ اس اقدام کے ذریعے ایک صاف ستھرا اور صحت مند ادارہ جاتی ماحول برقرار رکھنے میں ان کے اہم کردار کو تسلیم کیا گیا اور محنت کے وقار کے اصول کو مزید تقویت ملی۔

خصوصی مہم 6 کے تحت اپنی مسلسل اور خصوصی کوششوں کے ذریعے این آئی ایف ٹی نے صفائی ستھرائی، ماحولیاتی پائیداری اور وسائل کے ذمہ دارانہ انتظام کو فروغ دینے کے لیے وزارت ٹیکسٹائل کے وژن کے تئیں اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ اس مہم سے یہ بات واضح ہوئی ہے کہ اجتماعی شرکت، اختراعی طریقہ ہائے کار اور مسلسل کوششوں کے ذریعے اداروں میں صفائی ستھرائی اور ماحولیاتی تحفظ کے شعبوں میں بامعنی بہتری لائی جا سکتی ہے۔ ان اقدامات سے صفائی ستھرائی، تخلیقی صلاحیتوں اور پائیداری کے رجحان کو مزید فروغ ملے گا اور ایک صاف ستھرا، سرسبز اور زیادہ پائیدار ہندوستان کے وژن کی تکمیل میں مدد ملے گی۔
**************
ش ح۔ ف ش ع
U: 6975