پوسٹ کرنے کی تاریخ:
30 OCT 2026 5:00PM by PIB Delhi
شمال مشرقی خطے میں سرحد پار منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف ایک اور اہم کارروائی کرتے ہوئے، محکمۂ محصولات کی خفیہ معلومات سے متعلق ڈائریکٹوریٹ (ڈی آر آئی) نے میزورم اور آسام میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر یکے بعد دیگرے کی گئی دو کارروائیوں کے دوران میتھ ایمفیٹامین کی گولیوں (یابا) اور کرسٹل میتھ کی مجموعی طور پر 50 کلوگرام کی بھاری مقدار ضبط کی ہے۔ ضبط شدہ منشیات میں میتھ ایمفیٹامین کی 30 کلوگرام گولیاں اور 20 کلوگرام کرسٹل میتھ ایمفیٹامین شامل ہیں۔ منشیات اور نفسیاتی اثرات مرتب کرنے والے مادّوں سے متعلق قانون (این ڈی پی ایس) 1985 کی متعلقہ دفعات کے تحت چار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

زوکھاوتھر سے آئزول اور سلچر کی جانب منشیات کی متعدد کھیپوں کی منتقلی سے متعلق مخصوص خفیہ معلومات کی بنیاد پر، ڈی آر آئی کے افسران نے آسام رائفلز کے عملی تعاون سے 29 اکتوبر 2026 کو آئزول-چمفائی شاہراہ پر آئزول کے مضافات میں ایک مہندرا بولیرو کیمپر گاڑی کو روک لیا۔ گاڑی کی مکمل تلاشی کے دوران دفتر میں استعمال ہونے والی ایک میز، جس میں سامان رکھنے کے لیے الماری بھی بنی ہوئی تھی، کے اندر خاص طور پر تیار کردہ خفیہ خانے سے گلابی مائل نارنجی رنگ کی گولیوں کے 30 اینٹ نما پیکٹ برآمد ہوئے، جن کا مجموعی وزن 30 کلوگرام تھا۔ منشیات کی نقل و حمل چھپانے کے لیے فرنیچر کو ظاہری سامان کے طور پر استعمال کرنے کا یہ طریقہ ایک نئی حکمتِ عملی کی نشاندہی کرتا ہے۔ بظاہر اس کا مقصد گاڑی کو عام گھریلو یا دفتری سامان لے جانے والی گاڑی ظاہر کرکے شبہ سے بچنا تھا۔
30 اکتوبر 2026 کو خفیہ معلومات کی بنیاد پر ایک اور کارروائی میں ڈی آر آئی کے افسران نے آسام رائفلز کی مدد سے سلچر سے تقریباً 40 کلومیٹر دور ڈھولائی میں ایک اشوک لی لینڈ ٹرک اور ایک بولیرو کیمپر گاڑی کو روکا۔ ٹرک کی تلاشی کے دوران کرسٹل میتھ ایمفیٹامین کے 20 پیکٹ برآمد ہوئے، جن کا مجموعی وزن 20 کلوگرام تھا۔ یہ پیکٹ ڈرائیور کیبن کے اوپر چھپائے گئے تھے اور ان پر غیر ملکی نشانات والے چائے کے پیکٹوں کی پیکنگ کی گئی تھی، تاکہ بظاہر تلاشی سے بچا جا سکے۔ موقع پر کیے گئے ابتدائی معائنے سے برآمد شدہ مادّے میں ایمفیٹامین کی موجودگی کا اشارہ ملا۔
ان دونوں کارروائیوں میں منشیات اور نفسیاتی اثرات مرتب کرنے والے مادّوں سے متعلق قانون، 1985 کے تحت چار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ممنوعہ منشیات کی نقل و حمل میں استعمال ہونے والی تینوں گاڑیاں بھی ضبط کر لی گئی ہیں۔
ابتدائی تحقیقات سے اشارہ ملتا ہے کہ ضبط کی گئی منشیات میانمار سے اسمگل کرکے لائی گئی تھیں۔ یہ ضبطی شمال مشرقی خطے میں ڈی آر آئی کی جانب سے حال ہی میں میتھ ایمفیٹامین کی 232 کلوگرام اور 56 کلوگرام کی دو بڑی کھیپیں ضبط کیے جانے کے پس منظر میں عمل میں آئی ہے۔ یکے بعد دیگرے ہونے والی یہ ضبطیاں سرحد پار مصنوعی منشیات کی اسمگلنگ کے وسیع پیمانے اور اس کے مسلسل جاری رہنے کی عکاسی کرتی ہیں۔ ساتھ ہی یہ بھی ظاہر کرتی ہیں کہ ڈی آر آئی بین الاقوامی سرحد کے پار سے ملک میں ایسی منشیات کی ترسیل میں سہولت فراہم کرنے والے نیٹ ورکس کی نشاندہی کرکے انہیں ختم کرنے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔
ڈی آر آئی منظم منشیات کی اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کو توڑنے، مصنوعی منشیات کے پھیلاؤ کو روکنے اور منشیات کے غلط استعمال کے سنگین سماجی اور صحتِ عامہ سے متعلق نتائج سے ملک کو محفوظ رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔
****
ش ح۔ ا ک۔ خ م
U.NO.6964