محنت اور روزگار کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مدھیہ پردیش کے بھوپال میں محنت سے متعلق ضابطوں، مزدوروں کی فلاح و بہبود اور سماجی تحفظ پر ضلعی سطح کا صلاحیت سازی اور بیداری پروگرام ’’شرم سمواد‘‘ کا انعقاد

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 29 OCT 2026 12:37PM by PIB Delhi

محنت سے متعلق ضابطوں، مزدوروں کی فلاح و بہبود اور سماجی تحفظ کے موضوع پر ضلعی سطح کا صلاحیت سازی اور بیداری پروگرام ’’شرم سمواد‘‘ 28 اکتوبر 2026 کو مدھیہ پردیش کے بھوپال میں منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام کا مشترکہ اہتمام حکومتِ ہند کی محنت و روزگار کی وزارت اور حکومتِ مدھیہ پردیش کے محکمہ محنت نے کیا تھا۔

اس پروگرام کا مقصد آجروں اور انسانی وسائل، قانونی امور اور مالیات کے شعبوں سے وابستہ ماہرین میں محنت سے متعلق چاروں ضابطوں اور ان کے تحت وضع کردہ قواعد کے بارے میں بیداری پیدا کرنا تھا۔ اس کے علاوہ، اس پروگرام میں محنت سے متعلق اصلاحات پر عمل درآمد کے لیے ادارہ جاتی صلاحیت کو مستحکم کرنے، مزدوروں کی فلاح و بہبود اور سماجی تحفظ کے اقدامات سے متعلق آگاہی بڑھانے اور مرکز و ریاست کے درمیان تال میل اور متعلقہ  شراکت داروں  کی شمولیت کو فروغ دینے پر بھی توجہ مرکوز کی گئی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image001_20261030123857_85aad8.jpg

اس پروگرام کی مشترکہ صدارت حکومتِ مدھیہ پردیش کے محنت کے سکریٹری جناب رگھوراج راجندرن  اور حکومتِ ہند کی محنت و روزگار کی وزارت (ایم او ایل ای) کے ڈپٹی سکریٹری جناب گووند رام نے کی۔ اس پروگرام میں محنت و روزگار کی وزارت، حکومتِ مدھیہ پردیش کے محکمہ محنت، ملازمین کے پراویڈنٹ فنڈ ادارے (ای پی ایف او)، ملازمین کی ریاستی بیمہ کارپوریشن (ای ایس آئی سی)اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف لیبر ویلفیئر (ڈی جی ایل ڈبلیو) کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔ ان کے علاوہ آجر، صنعتی شعبے کے نمائندے اور انسانی وسائل، قانونی امور اور مالیات کے ماہرین بھی اس پروگرام میں شریک ہوئے۔

اس پروگرام کے تحت متعدد تکنیکی اجلاس منعقد کیے گئے، جن کا مقصد شرکا کو محنت سے متعلق ضابطوں، آجروں کے لیے قانونی تقاضوں کی پابندی اور حکومتِ ہند کے سماجی تحفظ کے اہم اقدامات کے بارے میں عملی معلومات فراہم کرنا تھا۔

حکومتِ مدھیہ پردیش کے محنت کے سکریٹری جناب رگھوراج راجندرن نے افتتاحی خطاب میں متعلقہ شراکت داروں  میں بیداری پیدا کرنے، ضابطوں کی پابندی کے لیے تیاری اور محنت سے متعلق نئے قانونی ڈھانچے پر مؤثر عمل درآمد کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے محنت سے متعلق ضابطوں پر عمل درآمد کے سلسلے میں ریاستی حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی تفصیلات بھی بیان کیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image002_20261030123912_13707e.jpg

حکومتِ ہند کی محنت و روزگار کی وزارت (ایم او ایل ای) کے ڈپٹی سکریٹری جناب گووند رام نے کی نے کلیدی خطبہ پیش کیا، جس میں انہوں نے محنت سے متعلق ضابطوں کی اہم خصوصیات اور مقاصد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پہلے تکنیکی اجلاس کی قیادت بھی کی اور محنت سے متعلق چاروں ضابطوں، ان کے مقاصد اور نئے قانونی ڈھانچے کے تحت متعارف کرائی گئی اہم اصلاحات کا جامع جائزہ پیش کیا۔ اس اجلاس سے شرکا کو یہ سمجھنے میں مدد ملی کہ محنت سے متعلق قوانین میں اصلاحات کا وسیع تر تصور کیا ہے اور آجروں کے ساتھ ساتھ مزدوروں کے لیے ان کی کیا اہمیت ہے۔

دوسرا تکنیکی اجلاس محنت سے متعلق چاروں ضابطوں اور ان کے تحت نافذ العمل مرکزی قواعد کے مطابق آجروں کے لیے ضابطوں کی پابندی سے متعلق اہم تقاضوں پر مرکوز تھا۔ تیسرے اور چوتھے اجلاس بالترتیب پردھان منتری وکست بھارت روزگار یوجنا (پی ایم وی بی آر وائی) اور پردھان منتری شرم یوگی مان دھن (پی ایم-ایس وائی ایم) اسکیم پر مرکوز تھے۔

محنت سے متعلق ضابطوں اور نافذ العمل قواعد پر مؤثر عمل درآمد میں سہولت فراہم کرنے کے لیے محنت و روزگار  کی وزارت نے شرکا میں آجروں کے لیے ضابطوں کی تعمیل سے متعلق رہنما کتاب اور اکثر پوچھے جانے والے سوالات کا مجموعہ بھی تقسیم کیا۔ پروگرام کا اختتام ایک تبادلۂ خیال پر مبنی سوال و جواب کے اجلاس کے ساتھ ہوا، جس میں شرکا کو محنت سے متعلق ضابطوں، ان پر عمل درآمد کے تقاضوں اور سماجی تحفظ کی دفعات کے بارے میں سوالات کرنے اور وضاحت حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image003_20261030123926_42512e.jpg

محنت سے متعلق ضابطوں کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کی مہم ’’شرم سمواد‘‘ کے پہلے مرحلے کے دوران، جو 28 ستمبر سے 6 اکتوبر 2026 تک منعقد ہوا، وزارت نے سات ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 16 اضلاع کا احاطہ کیا۔ مدھیہ پردیش میں پروگراموں کے اس سلسلے کا انعقاد ضلعی سطح پر آجروں، صنعتی شعبے کے نمائندوں اور ضابطوں کی تعمیل سے وابستہ ماہرین کو اس مہم سے جوڑنے کی سمت ایک مزید اہم قدم ہے۔

یہ پہل محنت سے متعلق اصلاحات کے بارے میں بیداری پیدا کرنے، ضابطوں کی پابندی کے لیے بہتر تیاری اور روزگار و سماجی تحفظ کی اسکیموں کے فوائد اہل مستفیدین تک پہنچانے کے لیے مرکز اور ریاست کے درمیان تال میل اور متعلقہ فریقوں کی مسلسل شمولیت کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 

ش ح۔‏م ش ۔ن م۔

U- 6946

                          


(ریلیز آئی ڈی: 2330358) وزیٹر کاؤنٹر : 4
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी