پوسٹ کرنے کی تاریخ:
30 OCT 2026 11:27AM by PIB Delhi
بھارتی بحریہ کے پہلے تربیتی دستے کے جہاز، جن میں آئی این ایس تیر، آئی این ایس سجاتا اور آئی سی جی ایس سارتھی شامل ہیں، 29 اکتوبر 2026 کو سری لنکا کے کولمبو سے روانہ ہوئے۔ اس کے ساتھ ہی ان کا کامیاب بندرگاہی قیام اختتام پذیر ہوا۔ اس دورے کے دوران بھارتی بحریہ اور سری لنکا کی بحریہ کے درمیان دو طرفہ روابط اور ملاقاتیں ہوئیں، جن سے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون اور بحری شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملی۔
بندرگاہ پر قیام کے دوران پہلے تربیتی دستے کے سینئر افسر نے جہازوں کے کمانڈنگ افسران کے ہمراہ سری لنکا کی بحریہ کے کمانڈر، مغربی بحری علاقے سے ملاقات کی۔ اس ملاقات سے دونوں ممالک کے درمیان قریبی دو طرفہ تعلقات اور بحری تعاون کو فروغ دینے کے لیے دونوں بحری افواج کے مشترکہ عزم کی توثیق ہوئی۔
پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے تحت پہلے تربیتی دستے کے بحری تربیت حاصل کرنے والے اہلکاروں نے ترنکومالی میں بحری و سمندری اکیڈمی(این ایم اے) کا دورہ کیا اور اپنے سری لنکن ہم منصبوں کے ساتھ تبادلۂ خیال کیا۔ اس کے جواب میں بحری و سمندری اکیڈمی کے سری لنکن بحریہ کے کیڈٹس نے پہلے تربیتی دستے کے جہازوں کا دورہ کیا اور دستے کی تربیتی سہولتوں اور سرگرمیوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ ان ملاقاتوں سے دونوں بحری افواج کے تربیت حاصل کرنے والے اہلکاروں کو اپنے تجربات کے تبادلے کا موقع ملا اور ان کے درمیان پیشہ ورانہ ہم آہنگی کو فروغ حاصل ہوا۔
مقامی برادری سے رابطے کی سرگرمیوں کے تحت بھارتی بحریہ کے اہلکاروں نے ساحل سمندر کی صفائی کی مہم میں حصہ لیا اور ماحولیاتی تحفظ و پائیداری کا پیغام دیا۔ جہازوں کو مقامی باشندوں اور بیرون ملک مقیم بھارتی برادری کے افراد سمیت دیگر زائرین کے لیے بھی کھولا گیا، جس سے انہیں جہازوں کے عملے سے بات چیت کرنے اور بھارتی بحریہ کی تربیتی و عملی سرگرمیوں کے بارے میں جاننے کا موقع ملا۔
کولمبو سے روانگی کے وقت پہلے تربیتی دستے کے جہازوں نے سری لنکا کی بحریہ کے جہاز ایس ایل این ایس نندی مترا کے ساتھ بحری مشق میں حصہ لیا۔ اس مشق کے ذریعے باہمی تال میل کے ساتھ سمندری نقل و حرکت کی مشق کی گئی اور دونوں بحری افواج کے درمیان عملی رابطے اور مشترکہ کارروائی کی صلاحیت کو مزید بہتر بنایا گیا۔
اس دورے نے بھارت اور سری لنکا کے درمیان دیرینہ بحری شراکت داری کو اجاگر کیا اور ’مہاساگر‘ (مختلف خطوں میں سلامتی اور ترقی کے لیے باہمی اور ہمہ جہت پیش رفت) کے تصور کے مطابق علاقائی بحری تعاون اور صلاحیت سازی کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کی توثیق کی۔
_20261030113003_d73b60.jpeg)
_20261030113023_7cfddb.jpeg)
_20261030113041_0fd06b.jpeg)
_20261030113100_edc2df.jpeg)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
(ش ح ۔رک)
U. No.6943