پوسٹ کرنے کی تاریخ:
27 OCT 2026 5:51PM by PIB Delhi
قومی شاہراہوں کے فیس پلازوں کے آس پاس رہنے والے شہریوں کے لیے ’آسان طرز زندگی‘ کو بہتر بنانے کی سمت ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے حکومت ہند نے قومی شاہراہ کے فیس پلازہ سے 20 کلومیٹر کے دائرے میں رہنے والے اہل غیر تجارتی گاڑیوں کے مالکان کے لیے ’رعایتی مقامی پاس‘ متعارف کرایا ہے۔ یہ ضابطہ یکم نومبر 2026 سے نافذ العمل ہوگا۔
رعایتی مقامی پاس کی سالانہ فیس میونسپل یا مقامی قصبے کی حدود سے باہر واقع فیس پلازوں کے لیے 1,500 روپے اور ان حدود کے اندر واقع ٹول پلازوں کے لیے 3,000 روپے ہوگی۔
نئی شق کے تحت، 20 کلومیٹر کے دائرے میں رہنے والے اہل غیر تجارتی گاڑیوں کے مالکان، جن کے پاس درست اور فعال فاسٹ ٹیگ (FASTag) موجود ہے، کسی مخصوص فیس پلازہ سے گزرنے کے لیے موجودہ ماہانہ پاس یا رعایتی مقامی پاس میں سے کسی ایک کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ یہ پاس صرف اسی مخصوص فیس پلازہ کے لیے قابل استعمال ہوگا اور اسے کسی دوسرے فیس پلازہ کے لیے منتقل نہیں کیا جا سکے گا۔
رعایتی مقامی پاس ان قومی شاہراہوں یا ایکسپریس وے پر دستیاب نہیں ہوگا جہاں ٹول فیس کی وصولی کلوزڈ یوزر فیس کلیکشن سسٹم کے تحت کی جاتی ہے۔ یہ پاس ان مقامات پر بھی جاری نہیں کیا جائے گا جہاں مسافروں کے استعمال کے لیے سروس روڈ یا متبادل سڑک دستیاب ہو۔
سالانہ مقامی پاس یکم نومبر 2026 سے اہل ٹول پلازوں پر دستیاب ہوگا۔ یہ پاس یکم دسمبر 2026 سے راج مارگ یاترا ایپ کے ذریعے بھی حاصل کیا جا سکے گا۔
اس ترمیم کو قومی شاہراہ ایکٹ، 1956 کے تحت حاصل اختیارات کے استعمال کے ذریعے قومی شاہراہ فیس (شرحوں کا تعین اور وصولی) (پانچویں ترمیم) قواعد، 2026 کے تحت نوٹیفائی کیا گیا ہے۔ مرکزی حکومت ان شرحوں پر سالانہ نظرثانی کر سکتی ہے اور نظرثانی شدہ شرحیں یکم اپریل سے نافذ العمل ہوں گی۔
ملک بھر میں 13 کروڑ سے زیادہ فاسٹ ٹیگ جاری کیے جا چکے ہیں۔ اس نئی شق کا مقصد ٹول پلازوں کے قریب رہنے والے اہل شہریوں کو سفر کے اخراجات کم کرنے کا متبادل فراہم کرنا اور مقامی باشندوں کے لیے آمد و رفت کو زیادہ آسان بنانا ہے۔
************
ش ح۔ ف ش ع
U: 6784