عملے، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے لوک نائک بھون کمپلیکس اور پنشن  کےمحکمہ و پنشن یافتگان کی فلاح و بہبود کے دفاتر میں ’خصوصی صفائی مہم ‘ کا جائزہ لیا، اس عمل میں شامل افراد کو اعزاز سے بھی  نوازاگیا

وزیر موصوف نےنئی مختص کردہ جگہ پر لائبریری-کم-ریڈنگ ہال کا افتتاح کیا

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ صفائی کو روزمرہ کے کام کاج کی ثقافت کا حصہ بنانا چاہیے

وزیرموصوف نے شہریوں پر مرکوز پنشن اصلاحات اور پنشن یافتگان کیلئے زندگی کو آسان بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 26 OCT 2026 5:26PM by PIB Delhi

سائنس اور ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج)، وزیر اعظم کے دفتر، عملہ، عوامی شکایات و پنشن، جوہری توانائی اور خلائی محکموں کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج نئی دہلی کے خان مارکیٹ میں واقع لوک نائک بھون میں ’محکمہ پنشن و پنشن یافتگان کی فلاح و بہبود(ڈی او پی پی ڈبلیو) کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے صفائی کیلئے خصوصی مہم 6 کے تحت انجام دی جانے والی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صفائی کو روزمرہ کے کام کاج کی ثقافت کا ایک لازمی حصہ ہونا چاہیے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے شہریوں پر مرکوز پنشن انتظامیہ اور پنشن یافتگان کی زندگی کو آسان بنانے کے تئیں حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ڈی او پی پی ڈبلیومیں افسران اور ملازمین کے درمیان مطالعے کی عادت کو فروغ دینے، علم کے تبادلے اور مسلسل سیکھنے کی حوصلہ افزائی کے لئے ایک نئی لائبریری-کم-ریڈنگ ہال کا افتتاح کیا۔ انہوں نے صفائی کے موضوع پر مبنی ایک ’سیلفی پوائنٹ‘ کا بھی افتتاح کیا تاکہ ملازمین اور وہاں آنے والے لوگوں کو صفائی مہم میں سرگرمی سے حصہ لینے کی ترغیب دی جا سکے۔

افسران اور ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے اس بات پر زور دیا کہ صفائی کوئی ایک بار کا کام نہیں، بلکہ ایک مسلسل جاری رہنے والا عمل ہے۔ اس کے لئے دفاتر کی باقاعدہ دیکھ بھال، کچرے کو بروقت ٹھکانے لگانا اور الیکٹرانک کچرے (ای ویسٹ) کا ذمہ داری کے ساتھ انتظام ضروری ہے۔ انہوں نے محکمہ پر زور دیا کہ اس مہم کے تحت حاصل ہونے والی کامیابیوں کو برقرار رکھا جائے اور پورے سال صفائی سے متعلق اقدامات کی رفتار کو جاری رکھا جائے۔

اسکریپ جمع کرنے کے مرکز کے دورے کے دوران ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اسکریپ کو جمع کرنے، اسے الگ الگ کرنے اور ٹھکانے لگانے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس میں مہم کے دوران جمع ہونے والا الیکٹرانک کچرا بھی شامل تھا۔ انہوں نے کام نہ آنے والے سامان کو ہٹانے، دفتر کی جگہ کا بہتر استعمال کرنے اور کچرے کو ذمہ داری کے ساتھ ٹھکانے لگانے کے عمل کو فروغ دینے کے لیے محکمہ کی کوششوں کو سراہا۔

لوک نائک بھون کی صفائی اور دیکھ بھال میں مصروف ملازمین کی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیر موصوف نے صفائی عملے کو ماحول دوست تھیلے اور صفائی کٹس دے کر اعزاز سے نوازا۔ انہوں نے کام کی جگہ کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے ان کی کوششوں کی تعریف کی۔

وزیر موصوف نے یہ بھی کہا کہ صفائی کا پیغام صرف سرکاری دفاتر تک محدود نہیں رہنا چاہیے، بلکہ اسے این ڈی ایم سی جیسے مقامی اداروں کے ساتھ مل کر بھیڑ بھاڑ والی عوامی جگہوں، خاص طور پر بازاروں تک بھی پہنچایا جانا چاہیے۔ انہوں نے صفائی کو ایک اجتماعی شہری ذمہ داری بنانے کے لیے عوامی شمولیت کی حوصلہ افزائی کی۔

اس پروگرام کے دوران ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے مرکزی حکومت کے پنشن یافتگان سے بات چیت کی۔ انہوں نے ’ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ‘، ’سینٹرلائزڈ پبلک گریوینس ریڈریسل اینڈ مانیٹرنگ سسٹم‘اور ’انٹیگریٹڈ پنشنرز پورٹل‘ کے بارے میں اپنے تجربات اور آرا کا تبادلہ کیا۔ اس بات چیت سے یہ بات سامنے آئی کہ پنشن یافتگان کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے ڈیجیٹل خدمات تک آسان رسائی اور شکایات کا فوری ازالہ کتنا اہم ہے۔

پنشن انتظامیہ میں شہریوں پر مرکوز اور سہولت بخش نقطۂ نظر کے تئیں حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیر موصوف نے مربوط ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے معلومات اور خدمات کو مزید قابلِ رسائی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انتظامی اصلاحات کے اثرات پنشن یافتگان کی زندگی کو آسان بنانے کی صورت میں واضح طور پر نظر آنے چاہئیں۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بزرگ شہریوں اور معاشرے کے کمزور طبقات کے تئیں حساسیت کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مواقع اور سہولیات کی کمی اکثر کمزور طبقات کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیتی ہے، اس لیے بروقت مدد، مؤثر سہولت اور فوری عوامی خدمات انتہائی اہم ہیں۔

اپنے دورے کے دوران وزیر موصوف نے ’ایک پیڑ ماں کے نام‘ مہم کے تحت لوک نائک بھون کمپلیکس میں ایک پودا لگایا۔ اس کے ذریعے انہوں نے کام کی جگہ پر صفائی کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ یہ شجرکاری پروگرام نئی دہلی میونسپل کونسل (این ڈی ایم سی) کے تعاون سے منعقد کیا گیا تھا۔

پروگرام کا اختتام محکمہ ڈی او پی پی ڈبلیو کے کانفرنس ہال میں افسران، ملازمین اور صحافیوں کے ساتھ ہونے والی بات چیت کے ساتھ ہوا۔ وزیر موصوف نے اس مہم میں ملازمین کی پُرجوش شرکت کو سراہا اور محکمہ سے اپیل کی کہ وہ پورے سال صفائی سے متعلق اقدامات جاری رکھیں۔

***

ش ح۔ ک ا۔ ت ع

U.NO.6718

 

 


(ریلیز آئی ڈی: 2328651) وزیٹر کاؤنٹر : 10
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी