پوسٹ کرنے کی تاریخ:
26 OCT 2026 4:35PM by PIB Delhi
وزارتِ کوئلہ کے ماتحت مرکزی سرکاری شعبے کے ادارے (سی پی ایس ایز) خصوصی مہم 6 کے تحت صفائی ستھرائی کو ادارہ جاتی معمول بنانے اور الیکٹرانک کچرے کے بہتر انتظام کے لیے ملک گیر سطح پر بھرپور اقدامات کر رہے ہیں اور نمایاں نتائج حاصل کر رہے ہیں۔ اس مہم کے ذریعے دفاتر میں قیمتی جگہ خالی کرانے، کچرے کے مؤثر انتظام سے خاطر خواہ آمدنی حاصل کرنے اور دفتری ریکارڈ کو منظم بنانے میں کامیابی ملی ہے، جس سے صاف ستھرا اور زیادہ نتیجہ خیز دفتری ماحول فروغ پا رہا ہے۔
اس مہم پر عمل درآمد کا سلسلہ 31 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ اس دوران سرکاری اداروں نے صفائی کے لیے ابتدائی طور پر نشان زد کیے گئے 1,565 مقامات کے ہدف کے مقابلے میں 1,696 مقامات کی کامیابی سے صفائی کی۔ اس طرح مجموعی طور پر 130.16 لاکھ مربع فٹ رقبے کو صاف کیا گیا، جو مقررہ ہدف 101.80 لاکھ مربع فٹ سے کہیں زیادہ ہے۔
دفاتر کے ماحول کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ، اس مہم کے ذریعے کچرے کے مؤثر انتظام سے معاشی اور ماحولیاتی فوائد بھی حاصل ہوئے۔ مجموعی طور پر 16,158 میٹرک ٹن بے کارسامان اور کباڑ کو کامیابی سے ٹھکانے لگایا گیا، جو مقررہ ہدف 10,909 میٹرک ٹن سے زیادہ ہے۔ ناکارہ سامان کی اس بڑے پیمانے پر فروخت اور تلفی کے نتیجے میں سرکاری خزانے کو 53,94,62,602.45 روپے، یعنی تقریباً 53.94 کروڑ روپے کی آمدنی حاصل ہوئی۔
مزید برآں ریکارڈ کو منظم انداز میں محفوظ کرنے اور اسے ڈیجیٹل شکل دینے کی کوششوں کے ذریعے انتظامی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ حکام نے 59,593 فائلوں کے مقررہ ہدف کے مقابلے میں کاغذی اور برقی ریکارڈ پر مشتمل مجموعی طور پر 78,635 فائلوں کا جائزہ لیا، جبکہ ان میں سے 70,093 فائلوں کو غیر ضروری قرار دے کر ریکارڈ سے خارج کر دیا گیا اور بند کر دیا گیا۔ یہ اقدامات حکومتی امور اور دفتری طریقۂ کار کو مزید منظم اور مؤثر بنانے کی عکاسی کرتے ہیں۔
اداروں میں صفائی ستھرائی کو مستقل معمول بنانے اور پائیدار انتظامی طریقۂ کار کو فروغ دینے کے اپنے عزم کو عملی جامہ پہناتے ہوئے، وزارتِ کوئلہ کے ماتحت مرکزی سرکاری شعبے کے ادارے (سی پی ایس ایز) صفائی ستھرائی کی اختراعی مہمات اور جگہ کے مؤثر استعمال کی حکمتِ عملیوں کے ذریعے نئے معیارات قائم کر رہے ہیں۔ اس مہم کے دوران اختیار کیے گئے نمایاں بہترین طریقوں میں درج ذیل شامل ہیں:
- ایس ای سی ایل کے صدر دفتر میں دوبارہ قابلِ استعمال بنائے گئے بے کار سامان سے الیکٹرانک کچرا جمع کرنے کے لیے ایک مخصوص ڈبہ تیار کیا گیا ہے۔ اسے الیکٹرانک کچرے کو منظم انداز میں جمع کرنے اور الگ الگ کرنے کے لیے رکھا گیا ہے۔ یہ اقدام مہم کے اس مقصد سے ہم آہنگ ہے کہ الیکٹرانک کچرے کو مؤثر طریقے سے جمع کیا جائے، اس کی چھانٹی کی جائے اور اسے مناسب طریقے سے ٹھکانے لگایا جائے۔

- سی آئی ایل کے صدر دفتر کی کینٹین کی جدید کاری: تقریباً دس سال کے عرصے پر محیط جامع تزئین و آرائش کے بعد کینٹین کو نیا نام ‘سلینٹرو’دے کر 5 اکتوبر 2026 کو افتتاح کیا گیا۔ اس منصوبے کے تحت کینٹین کے بنیادی ڈھانچے اور ماحول کو بہتر بنایا گیا، تاکہ ملازمین کو کھانے پینے کے لیے صاف ستھرا، آرام دہ اور ان کی ضروریات کے مطابق سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے۔

- ڈبلیو سی ایل کی جانب سے قبائلی طالبات کی تعلیمی معاونت: ویسٹرن کول فیلڈز لمیٹڈ (ڈبلیو سی ایل) نے ماتا شبری گرلز رہائشی تعلیمی مرکز، پراسیا، چھندواڑہ میں 160 سے زائد طالبات کو تعلیمی معاونت اور بنیادی سہولتیں فراہم کیں۔ ان طالبات کا تعلق زیادہ تر قبائلی برادریوں اور کان کنی والے علاقوں سے ہے۔ اس اقدام کا مقصد انہیں اعلیٰ تعلیم کے حصول میں مدد فراہم کرنا ہے۔

- ڈبلیو سی ایل کی جانب سے بچوں کے لیے ‘‘کچرے سے کمال’’ ورکشاپس: بچوں میں تخلیقی انداز سے ناکارہ اشیا کو دوبارہ قابلِ استعمال بنانے کی حوصلہ افزائی کے لیے دلچسپ اور عملی ورکشاپس منعقد کی گئیں۔ ان ورکشاپس کا مقصد کچرے کو کارآمد وسائل میں تبدیل کرنے کا شعور اجاگر کرنا اور کم عمری ہی سے بچوں میں ماحول کے تحفظ کی ذمہ داری کا احساس پیدا کرنا ہے۔

- کام کے مقام پر ماہواری کے دوران حفظانِ صحت کی سہولتوں کا فروغ: خواتین ملازمین اور کام کرنےوالی خواتین کو ماہواری کے دوران استعمال ہونے والے سینیٹری نیپکن بآسانی فراہم کرنے کے لیے سی آئی ایل کے صدر دفتر میں سینیٹری نیپکین فراہم کرنے والی مشینیں نصب کی گئی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد خواتین کی ضروریات کا خیال رکھتے ہوئے کام کی جگہ پر ایک جامع، سازگار اور خواتین دوست ماحول کو فروغ دینا ہے۔

********
ش ح۔ م ح۔ج ا
U-6715