ریلوے کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیرِ ریلوے اور مدھیہ پردیش کے وزیرِ اعلیٰ کل ستنا–دیویندر نگر (53 کلومیٹر) اور ریوا–چورہٹ (65 کلومیٹر) ریلوے لائنوں کا افتتاح کریں گے


دیویندر نگر–چورہٹ ٹرین سروس کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا جائے گا؛ ضلع سدھی آزادی کے بعد پہلی بار ریلوے نیٹ ورک سے منسلک ہوگا

وندھیا خطے میں ریل رابطوں کی توسیع سے صنعت، تجارت، سیاحت اور روزگار کو فروغ ملے گا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 23 OCT 2026 8:41PM by PIB Delhi

مدھیہ پردیش کے وِندھیا خطے میں ریل رابطوں کی توسیع کے سلسلے میں 24 اکتوبر 2026 کو ایک اہم سنگِ میل حاصل ہونے جا رہا ہے۔ مرکزی وزیرِ ریلوے جناب اشونی ویشنو اور مدھیہ پردیش کے وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو ستنا–دیویندر نگر (53 کلومیٹر) اور ریوا–چورہٹ (65 کلومیٹر) ریلوے  لائنوں کا افتتاح کریں گے۔ ان دونوں حصوں کی مجموعی لمبائی 118 کلومیٹر ہے۔ اس موقع پر دیویندر نگر–چورہٹ کے درمیان نئی ٹرین سروس کو بھی ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا جائے گا۔

ضلع سدھی کا آزادی کے بعد پہلی بار ریلوے نیٹ ورک سے منسلک ہونا وِندھیا خطے کے لیے ایک تاریخی کامیابی ہے۔ اس سے مسافروں کی آمد و رفت اور مال برداری کو فروغ ملے گا، ساتھ ہی صنعتی سرگرمیوں، تجارت اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ مالی سال 2026-27 میں مدھیہ پردیش میں ریلوے کی ترقی کے لیے ریکارڈ 15,188 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ ریاست میں اس وقت تقریباً 1,18,379 کروڑ روپے کے ریلوے منصوبوں پر کام جاری ہے۔

للت پور–سنگرولی نئی ریلوے لائن کا منصوبہ وِندھیا خطے کے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ اس منصوبے سے ریلوے نیٹ ورک میں توسیع ہوگی اور پناّ، ستنا، ریوا، سدھی اور سنگرولی جیسے علاقوں کے درمیان ریل رابطے مزید مضبوط ہوں گے۔ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد معدنی وسائل سے مالا مال علاقوں کو ملک بھر کے بڑے صنعتی مراکز اور نقل و حمل کے اہم مراکز سے جوڑنے میں مدد ملے گی۔

چورہٹ ریلوے اسٹیشن پر منعقد ہونے والے پروگرام میں مدھیہ پردیش کے نائب وزیرِ اعلیٰ جناب راجندر شکلا، ریوا کے رکنِ پارلیمنٹ جناب جناردن مشرا، سدھی کے رکنِ پارلیمنٹ جناب راجیش مشرا اور دیگر عوامی نمائندے اور معزز شخصیات شرکت کریں گے۔

ناگود ریلوے اسٹیشن پر منعقد ہونے والے پروگرام میں مدھیہ پردیش حکومت کی وزیرِ مملکت محترمہ پرتیما باگری، ستنا کے رکنِ پارلیمنٹ جناب گنیش سنگھ، کھجوراہو کے رکنِ پارلیمنٹ جناب وشنو دت شرما، ناگود کے رکنِ اسمبلی جناب ناگیندر سنگھ اور دیگر عوامی نمائندے اور معزز شخصیات شرکت کریں گے۔

ستنا–دیویندر نگر ریلوے سیکشن

للت پور–سنگرولی نئی ریلوے لائن کے منصوبے کے تحت تیار کیا گیا یہ ریلوے سیکشن ستنا، ناگود، دیویندر نگر اور آس پاس کے علاقوں کے درمیان ریل رابطے کو مزید مضبوط بنائے گا۔ ریل رابطوں میں بہتری سے آمد و رفت آسان ہوگی اور چونا پتھر پر مبنی صنعتوں اور سیمنٹ کارخانوں کی ترقی کو فروغ ملے گا۔ اس سے مقامی تجارت، صنعتی سرگرمیوں، تعلیم اور روزگار کے مواقع کو بھی تقویت ملے گی۔

ریوا–چورہٹ ریلوے سیکشن

قریب65 کلومیٹر طویل یہ ریلوے سیکشن ریوا اور سدھی کے علاقوں کے درمیان ریل رابطے کو مزید مضبوط بنائے گا۔ اس راستے میں پہاڑی علاقوں سے گزرتے ہوئے ریلوے پلوں اور سرنگوں سمیت کئی اہم تعمیراتی کام انجام دیے گئے ہیں۔ ان میں 3.33 کلومیٹر طویل ایک سرنگ بھی شامل ہے۔

اس ریلوے سیکشن کی تعمیر کے ساتھ ضلع سدھی پہلی بار ریلوے نیٹ ورک سے منسلک ہو گیا ہے۔ اس علاقے میں چونا پتھر اور دیگر معدنیات کی دستیابی کے پیشِ نظر، مستقبل میں اس راستے سے سیمنٹ، کلنکر اور دیگر سامان کی نقل و حمل میں بھی مدد ملنے کی توقع ہے۔

نئی ٹرین سروس سے مسافروں کو فائدہ ہوگا

دیویندر نگر–چورہٹ ٹرین سروس کے آغاز سے مقامی مسافروں، طلبہ، ملازمین اور تاجروں کو سفر کے لیے ایک اضافی سہولت میسر آئے گی۔ اس سے آس پاس کے علاقوں کے درمیان رابطے بہتر ہوں گے اور تعلیم، تجارت اور روزگار سے متعلق سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

سیاحت کو فروغ ملے گا

ستنا–دیویندر نگر اور ریوا–چورہٹ ریلوے سیکشنوں کی تعمیر سے وِندھیا خطے میں سیاحت کو نئی رفتار ملنے کی توقع ہے۔ اس علاقے میں کئی اہم سیاحتی مقامات موجود ہیں، جن میں مکندپور کا سفید شیر سفاری پارک بھی شامل ہے۔

ریل رابطوں میں بہتری سے سیاحوں کے لیے خطے کے مذہبی، تاریخی اور قدرتی مقامات تک پہنچنا زیادہ آسان ہو جائے گا۔ اس سے سیاحت، مقامی تجارت، ہوٹلوں اور نقل و حمل کی خدمات کو فروغ ملے گا، ساتھ ہی خطے میں روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

ان ریلوے سیکشنوں کی ترقی سے وِندھیا خطے میں صنعتی سرگرمیوں کو وسعت دینے، نئی صنعتیں اور سیمنٹ کارخانے قائم کرنے اور مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ بہتر ریل رابطوں سے مال برداری آسان ہوگی، تجارت کو فروغ ملے گا اور مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے میں مدد ملے گی۔ اس طرح ریلوے نیٹ ورک کی توسیع سے خطے کی معاشی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کو نئی رفتار ملے گی۔

*****

 (ش ح ۔رک)

U. No.6679

 


(ریلیز آئی ڈی: 2328349) وزیٹر کاؤنٹر : 11
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी